مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ این اے 75 کے پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ کروائی جائے، اس سے کم پر مسلم لیگ ن بات نہیں کرے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ رات کو رانا ثنااللّٰہ کو گرفتار کرنے آئے تھے، خوف و ہراس پھیلایا، احسن اقبال صبح دس بجے تک وہاں بیٹھے رہے، چوروں کو بے نقاب کیا، ایک سیٹ کی خاطر کل دو قیمتیں جانیں چلی گئیں۔
مریم نواز نے این اے 75پر الیکشن کمیشن کے بیان کو حکومت کے خلاف بڑی چارج شیٹ قراردے دیا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ایکشن لینے پر خوشگوار حیرت ہوئی ،الیکشن کمیشن بھی چیخ پڑا ہے کہ دھاندلی ہورہی ہے، عمران خان کو تاریخی شکست، بدنامی اور رسوائی پر مبارک باد دیتی ہوں، عمران خان آپ تاریخی دھاندلی کرکے بھی بُری طرح ناکام ہوئے ہیں، چاروں صوبوں کے عوام نے آپ کو مسترد کردیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ووٹ چوری اور دو افراد کی ہلاکت کی ایف آئی آر درج ہونی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ اس دھاندلی پر انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی ان کو پتلی گلی سے نہیں نکلنے دیں گی یہ اب اِن کا دوسرا روپ دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں ڈٹے رہنے پر ن لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، ڈسکہ، وزیر آباد اور نوشہرہ کے عوام ووٹ چوروں کو پہنچان چکے تھے، عوام جاگتے رہے اور چوروں کو پکڑا۔
مریم نواز نے کہا کہ دو جانیں ان کی دھونس اور جبر کی نذر ہوگئیں، مقتولین کے اہلخانہ سے اظہار افسوس کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ڈسکہ اور وزیر آباد میں ن لیگ لیڈ کررہی تھی، اس کا ہم سے زیادہ حکومتی مخالفین کو علم تھا، وزیر آباد اور ڈسکہ کے لیے مخالفین نے منظم پلان بنایا، یہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ نوشہرہ سے ن لیگ کامیاب ہوگی، نوشہرہ میں ن لیگ کے شیر نے ان کے گھر میں گھس کر انہیں ہرایا۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کو ڈسکہ اور وزیر آباد میں اپنی ہار کا پتا تھا لیکن اتنی بری طرح ہاریں گے اس کا علم نہیں تھا، ن لیگ کے ووٹرز کی بڑی تعداد دیکھ کر ان کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کھلے عام فائرنگ کی گئی، ایک ویڈیو میں فائرنگ کرنے والے کو ایم این اے کے ساتھ کھڑا دیکھا جاسکتا ہے، آپ اپوزیشن اور رانا ثناء پر الزام لگارہے ہیں، انتظامیہ بھی ان کی ہے، پولیس بھی ان کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر ن لیگ یا رانا ثنا نے فائرنگ کی ہوتی تو یہ رانا ثنا کو نہیں رائے ونڈ آکر مریم نواز کو گرفتار کرتے۔
انہوں نے کہا کہ جب ثبوت ہوتے ہیں تو دکھائے جاتے ہیں، الزامات نہیں لگائے جاتے، آپ بیوقوف ہوسکتے ہیں، عوام نہیں۔
Comments are closed.