بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پی ایس ایل 6: کوئٹہ کا کراچی کو جیت کیلئے 122 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایونٹ کے افتتاحی میچ میں کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ابتدا سے ہی کراچی کنگز نے اپنے فیصلے کو درست ثابت کرنے کی کوشش کی، جہاں 6 کے مجموعے پر ٹام بینٹن کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد 7 رنز بنانے والے سرفراز احمد بھی 17 کے مجموعے پر ایک آسان گیند پر کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

صائم ایوب کے ساتھ یونیورس باس کرس گیل نے ٹیم کو 55 کے مجموعے تک پہنچایا جہاں 8 رنز بنانے والے صائم بھی پویلین لوٹ گئے ۔

24 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلنے والے کرس گیل 68 کے مجموعے پر گرنے والی کوئٹہ کی چوتھی وکٹ بنے۔

آخر میں اعظم خان کے 17، قیس احمد کے 16 اور بین کٹنگ کے 11 رنز کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم 121 رنز تک پہنچ سکی جہاں کراچی نے اسے آل آؤٹ کردیا۔

کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 3 اور وقاص مقصود نے 2 شکار کیے جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، عامر یامین اور ڈینئل کرسچن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ 

ٹاس کے موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا تھا کہ وکٹ تو کافی بہتر ہے، تاہم ہمیں امید ہے کہ ہم ہدف کو حاصل کرلیں گے۔

گلیڈی ایٹرز کے کرس گیل سے متعلق انھوں نے کہا تھا کہ ویسٹ انڈین بلے باز ٹی ٹوئنٹی کے سپر اسٹار ہیں، ہم نے ان کے خلاف پلان تیار کرلیا ہے۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ٹام بینٹن کافی بہترین ہیں اور قیس احمد بھی۔

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ انھیں اپنے نوجوان فاسٹ بولرز پر بھروسہ ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سرفراز احمد اور کرس گیل ایکشن میں ہوں گے جبکہ ٹام بینٹن، محمد اعظم خان، صائم ایوب اور بین کٹنگ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

اسی طرح محمد نواز، محمد حسنین، قیص احمد، نسیم شاہ اور عثمان شنواری بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہیں۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں عماد وسیم، بابر اعظم، شرجیل خان، ڈینل کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر، ارشد اقبال، کولنگ انگرام، جو کلارک اور محمد نبی شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.