کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)سیزن 6 کے افتتاحی روز نیشنل اسٹیڈیم جانے والے سرشاہ سلیمان روڈ کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم جانے والی سڑک بھی بند کی گئی ہے،جبکہ سیکیورٹی انتظامات کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
حکام کے مطابق24 ایس ایس پیز اور ایس پیز سیکیورٹی کو کمانڈ کریں گے،جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف اور ٹیموں کے روٹ پر 6 ہزارسے زائد پولیس اہلکاروں کی نفری تعینات ہے۔
اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی جاری رکھنے کے لیے 1500 سے زائد ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن آج سے شروع ہو رہا ہے، میچز کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، حکیم سعید گراؤنڈ میں بنائی گئی پارکنگ کو سجا دیا گیا ہے، ٹریفک کی روانی کے لیے پلان بھی مرتب کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق پی ایس ایل کے موقع پر ٹریفک کی روانی کے لیے بند سڑک میچ کے دوران کھلے رہیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف تمام روڈ کھول دیئے گئے ہیں، تاہم سرشاہ سلیمان روڈ کا ایک حصہ جو حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم کو جاتا ہے ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
ایس ایس پی ساجد سدوزئی کے مطابق کارساز سے سینٹرل جیل جانے والی سڑک، اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک اور ملینیم مال سے نیو ٹاؤن جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔
اس کے علاوہ پی ایس ایل کے موقع پر حکیم سعید گراؤنڈ میں بنائی گئی پارکنگ کو سجادیا گیا ہے، مختلف کھلاڑیوں کی تصاویر پارکنگ میں لگائی گئی ہیں، پورے پارکنگ گراؤنڈ کو رنگ برنگے غباروں سے سجایا گیا ہے۔
Comments are closed.