ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی ممکنہ تاریخی ملاقات اور یورپ کی تشویش

چین، روس اور امریکہ کے سربراہان کے درمیان پہلی سہ فریقی ملاقات کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم اس خبر نے یورپ میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ اس ممکنہ ملاقات نے کئی حلقوں کو سنہ 1945 میں ہونے والی یالٹا کانفرنس کی یاد دلا دی ہے، جس میں دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا کی نئی ترتیب طے کرنے کے لیے تین بڑی طاقتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔
چار نومبر کو روسی صدر ولادیمیر پوتن ماسکو کے ریڈ سکوائر میں واقع مرکزی نمائشی ہال ’مانیز‘ میں ایک نمائش دیکھنے گئے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ سکول کے بچوں کا ایک گروپ بھی تھا۔
نمائش کے دوران پوتن ایک بڑے مجسمے کے سامنے رکے، جس میں فروری سنہ 1945 کی یالٹا کانفرنس کا منظر دکھایا گیا تھا۔ اس مجسمے میں اُس وقت کے برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل، امریکی صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ اور سوویت یونین کے رہنما جوزف سٹالن کو دکھایا گیا ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
پوتن نے بچوں کو بتایا کہ یہ تین بڑی طاقتوں کے رہنما تھے جو جنگ کے بعد دنیا کے نئے نظام پر بات کرنے کے لیے ایک ساتھ جمع ہوئے تھے۔
اس سے ایک روز قبل چین کی وزارت خارجہ اور کریملن نے اعلان کیا تھا کہ 18 اور 19 نومبر کو روسی صدر ولادیمیر پوتن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے لیے بات چیت جاری ہے۔
تینوں رہنماؤں کی چین کے شہر شینژن میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (ایپک) کے سربراہی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے جمعے کو تصدیق کی تھی کہ یہ ملاقات ہوگی۔
اکتوبر میں جب پہلی مرتبہ یہ خبر سامنے آئی کہ روس نے تینوں رہنماؤں کی مشترکہ ملاقات کی تجویز دی ہے تو یورپی یونین اور یوکرین میں فوری طور پر تشویش پیدا ہوئی۔ اس کی ایک بڑی وجہ سنہ 1945 کی یالٹا کانفرنس سے اس ملاقات کی مماثلت ہے۔
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
فروری سنہ 1945 میں دوسری عالمی جنگ کے آخری دنوں میں نازی جرمنی کے خلاف اتحاد بنانے والے تین ممالک کے رہنما بحیرہ اسود کے کنارے روسی زار کے سابق محل میں جمع ہوئے تھے۔
اس کانفرنس میں سوویت رہنما جوزف سٹالن نے جرمنی کی شکست کے بعد جاپان کے خلاف جنگ میں شامل ہونے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ اس کے بدلے مشرقی یورپ میں سوویت یونین کے اثر و رسوخ کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اسی دوران مشرقی ایشیا سے متعلق ایک خفیہ معاہدہ بھی طے پایا، جس کے تحت سوویت یونین کو جاپان کے جنوبی سخالین اور جزائر کوریل دے دیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ چین میں سوویت بحری اڈے پورٹ آرتھر کو بحال کیا گیا اور منچوریا میں بھی سوویت یونین کو خصوصی معاشی حقوق دیے گئے تھے۔
اس کانفرنس کے بعد مشرقی یورپ میں ’یالٹا‘ کی اصطلاح بڑی طاقتوں کے درمیان ایسے معاہدے کے لیے استعمال ہونے لگی جس میں دنیا کو اثر و رسوخ کے مختلف حصوں میں تقسیم کر دیا جائے اور چھوٹے ممالک کے مفادات کو نظرانداز کیا جائے۔
اس اصطلاح میں یہ تصور بھی شامل ہے کہ بڑی طاقتیں چھوٹے ممالک کی سرزمین اور مستقبل کے بارے میں ان کی مرضی کے بغیر فیصلے کر سکتی ہیں۔
اسی تاریخی پس منظر کی وجہ سے چین، روس اور امریکہ کے رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات کو یورپ اور یوکرین میں تشویش کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ خدشہ ہے کہ بڑی طاقتوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں چھوٹے ممالک کے مستقبل اور ان کے مفادات سے متعلق فیصلے بھی ان کی شمولیت کے بغیر کیے جا سکتے ہیں۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے چین، روس اور امریکہ کے رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہرگز نہیں چاہتے کہ یہ ملاقات ’یالٹا ٹو، تھری یا فور‘ بن جائے، جہاں صرف دنیا میں اثر و رسوخ کے حصے بانٹنے پر بات ہو۔
انھوں نے کہا کہ اگر الاسکا میں ہونے والی ملاقات کے بعد بھی معاملات اسی سمت میں آگے بڑھتے ہیں جس کا اشارہ روسی حکام ایک نئی ’یالٹا‘ کی خواہش ظاہر کر کے دے رہے ہیں تو یہ روس کی دوسری بڑی سفارتی کامیابی ہو گی۔
دوسری جانب جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے سے متعلق کسی بھی بات چیت میں یورپ کی شمولیت ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ یورپ اس عمل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور اسے یہ کردار ملنا بھی چاہیے۔
فریڈرک مرز کے مطابق امن معاہدے کے اہم معاملات، خواہ ان کا تعلق روس پر عائد پابندیوں سے ہو یا مستقبل کے سکیورٹی انتظامات سے، یورپی ممالک کی شرکت کے بغیر طے نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فریق اس حقیقت سے آگاہ ہیں۔
امریکی اخبار ’وال سٹریٹ جرنل‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن کی اس ملاقات کا مقصد یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے ایسی شرائط پر حمایت حاصل کرنا ہو سکتا ہے جو روس کے حق میں ہوں۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ پوتن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ کن معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں۔
روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے کہا ہے کہ یوکرین کا معاملہ کسی نہ کسی صورت میں اس ملاقات کے ایجنڈے میں ضرور شامل ہو گا۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ فی الحال اس بارے میں صرف ابتدائی خاکہ موجود ہے کہ اتنے اعلیٰ سطح کے رہنماؤں کی اس غیر معمولی ملاقات میں کن موضوعات پر بات ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ملاقات میں یوکرین کے معاملے پر بات ہونے کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں رہنما جوہری ہتھیاروں اور ان میں کمی کے معاملے پر بات کر سکتے ہیں۔
واشنگٹن کی امریکن یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر جوزف ٹوریگین کے مطابق چین ایسی کسی بات چیت میں شامل نہیں ہونا چاہتا جس میں یوکرین جنگ کے معاملے پر یورپ کو نظرانداز کیا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ چین جنگ میں روس کی حمایت کرنے والے ملک کے طور پر اپنی عالمی ساکھ کو متاثر ہونے سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔
ان کے مطابق حالیہ برسوں میں چین کی بااثر شخصیات یورپی یونین کو پہلے کے مقابلے میں کم اہمیت دیتی رہی ہیں، تاہم ایک بڑے تجارتی شراکت دار کی حیثیت سے چین اب بھی یورپی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
جوزف ٹوریگین کا کہنا ہے کہ بیجنگ جوہری ہتھیاروں سے متعلق مذاکرات کے بارے میں بھی زیادہ پُرامید نہیں ہے۔
انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چین سمجھتا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام محدود ہے اور اس کا ایک فائدہ یہ ہے کہ اس بارے میں زیادہ معلومات عام نہیں کی جاتیں۔
روس کے لیے اس طرح کی ملاقات کا مقصد واضح ہے۔ ماسکو چاہتا ہے کہ یوکرین جنگ کے معاملے پر ہونے والی بات چیت میں یورپ کو شامل نہ کیا جائے اور ایک بار پھر یہ ثابت کیا جائے کہ روس کو عالمی سطح پر تنہا نہیں کیا جا سکتا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے بھی اس ملاقات کی اپنی اہمیت ہے۔
واشنگٹن کی امریکن یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر جوزف ٹوریگین کے مطابق ٹرمپ اس ملاقات کے لیے پُرجوش ہیں کیونکہ یہ ایک بڑی اور غیر معمولی تقریب ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ’ٹرمپ دنیا کی بڑی طاقتوں کے رہنماؤں کو ایک میز پر جمع کرنے کا سہرا اپنے سر باندھ سکیں گے اور یہ دعویٰ کر سکیں گے کہ انھوں نے ایسا کرنے والے پہلے رہنما کی حیثیت سے عالمی امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔‘
تاہم چین کے لیے اس ملاقات کے فوائد اتنے واضح نہیں ہیں۔
جوزف ٹوریگین کے مطابق یالٹا کانفرنس چین کے لیے کوئی اچھی یاد نہیں ہے۔ اس وقت چین کو اس بات پر اعتراض تھا کہ سوویت رہنما جوزف سٹالن نے منچوریا میں اپنے ملک کے لیے خصوصی مفادات حاصل کیے تھے۔
ٹوریگین کہتے ہیں کہ ’سنہ 1949 میں چین میں کمیونسٹ حکومت کے قیام کے بعد ماؤ زے تنگ کو بھی احساس ہوا کہ یالٹا کانفرنس میں سوویت یونین نے چین کے حوالے سے جو مطالبات کیے تھے اور بعد میں بھی انھیں دہراتا رہا، وہ چین کے لیے ایک بڑا مسئلہ تھے۔‘
ان کے مطابق چین اور سوویت یونین کے درمیان بعد کے برسوں میں اختلافات کی ایک وجہ یہ معاملات بھی تھے۔
مشرقی یورپ کے معاملے پر مؤرخین اب بھی اس بحث میں ہیں کہ آیا سوویت یونین نے اس وقت کے حالات سے فائدہ اٹھایا تھا یا نہیں۔
فروری سنہ 1945 تک سوویت فوجیں رومانیہ، بلغاریہ اور پولینڈ، ہنگری اور چیکوسلواکیہ کے بڑے حصوں پر قبضہ کر چکی تھیں۔
تاہم آج صورتحال مختلف ہے۔ روسی فوجیں مشرقی یوکرین کے تمام علاقوں پر بھی کنٹرول نہیں رکھتیں، حالانکہ کریملن پہلے ہی ان علاقوں کو روس کا حصہ قرار دے چکا ہے۔ اس کے علاوہ سنہ 1945 کے برعکس ممکنہ سربراہی ملاقات میں شامل تین ممالک میں سے صرف ایک ملک براہِ راست جنگ میں شریک ہے۔
جوزف ٹوریگین کے مطابق دنیا کو واضح طور پر مختلف طاقتوں کے زیرِ اثر علاقوں میں تقسیم کرنے میں اب صرف روس دلچسپی رکھتا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کی قومی سلامتی کی حکمتِ عملی میں مغربی دنیا کو امریکہ کے اثر و رسوخ کا علاقہ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود امریکہ نے تائیوان کی حمایت ترک نہیں کی۔ دوسری جانب لاطینی امریکہ میں چین کی موجودگی بھی بیجنگ کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔
گلاسگو یونیورسٹی کے ماہر مارسن کاچمارسکی کے مطابق ’روس خود کو امریکہ اور چین کے برابر ایک بڑی عالمی طاقت سمجھتا ہے۔ چین کے سرکاری بیانات میں بھی اکثر روس کو اسی درجے کی طاقت قرار دیا جاتا ہے، تاہم پسِ پردہ چینی ماہرین اور قیادت روس کو امریکہ کے برابر نہیں سمجھتے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’چین کی قیادت اور وہاں کے بااثر افراد صرف امریکہ کو ہی اپنے برابر کی طاقت سمجھتے ہیں۔‘
کاچمارسکی کے مطابق ’تینوں رہنماؤں کی یہ ممکنہ ملاقات عالمی سطح پر چین کی اہمیت بڑھا سکتی ہے۔ اس سے چینی صدر شی جن پنگ ایک ایسے عالمی رہنما کے طور پر سامنے آئیں گے جن سے ملاقات کے لیے دنیا کی دوسری بڑی طاقتوں کے سربراہ خود چین آتے ہیں۔‘
امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد عالمی سطح پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پوزیشن بھی پہلے جیسی مضبوط نہیں رہی۔
گلاسگو یونیورسٹی کے ماہر مارسن کاچمارسکی کا کہنا ہے کہ ’اصل سوال یہ ہے کہ کیا چین بھی اس ملاقات کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانا چاہتا ہے؟‘ انھوں نے کہا کہ ’وہ اب بھی اس ملاقات کے حوالے سے پوری طرح قائل نہیں ہیں۔‘
ماضی میں بھی امریکہ کی جانب سے یالٹا کانفرنس پر تنقید کی جاتی رہی ہے۔ سنہ 2000 کی دہائی میں مشرقی یورپ کے دوروں کے دوران اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے کئی مرتبہ یالٹا معاہدوں کو تاریخ کا ایک تاریک باب قرار دیا تھا۔
’نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق بش کی تنقید کا خاص نشانہ روسی صدر ولادیمیر پوتن تھے۔ انھوں نے پوتن سے کہا تھا کہ ’روس کو اپنے پڑوسی ممالک کے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں اور اسے سوویت یونین کے اقدامات پر معافی مانگنی چاہیے۔‘
بش نے سنہ 2002 میں لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اب کوئی نئی یالٹا کانفرنس نہیں ہونی چاہیے۔‘
اگر تقریباً 25 سال بعد پوتن امریکہ اور چین کے رہنماؤں کو ایک ایسی ملاقات پر آمادہ کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں جو کسی حد تک بھی یالٹا کانفرنس سے ملتی جلتی ہو تو یہ ان کے لیے ایک چھوٹی سی سفارتی کامیابی ہو گی، چاہے اس ملاقات سے کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہ آئے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو