اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اے آئی اگلے 3 برس میں انسانیت کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے، معروف سائنس دان کا انتباہ

سائنس
اے آئی اگلے 3 برس میں انسانیت کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے، معروف سائنس دان کا انتباہ

مصنوعی ذہانت (اے ای) کے شعبے کے معروف سائنس دان اور نوبیل انعام یافتہ پروفیسر جیفری ہنٹن نے خبردار کیا ہے کہ سپر انٹیلی جنس مصنوعی ذہانت اگلے تین برسوں میں اتنی طاقتور ہو سکتی ہے کہ پوری انسانیت کے لیے خطرہ بن جائے۔

مصنوعی نیورل نیٹ ورکس کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے پروفیسر جیفری ہنٹن (جنہیں گاڈ فادر آف اے آئی بھی کہا جاتا ہے) آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک غیر رسمی اجلاس میں یورپی یونین کے رہنماؤں کے سامنے اپنے خدشات پیش کریں گے۔

ان کے مطابق اگر انتہائی ذہین مشینوں کی مناسب نگرانی اور کنٹرول نہ کیا گیا تو وہ مستقبل قریب میں انسانی اختیار سے باہر ہو سکتی ہیں اور انسانوں سے زیادہ ذہانت حاصل کر سکتی ہیں۔

یہ انتباہ ٹورنٹو میں اے آئی سیفٹی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہنٹن لیکچرز کے دوران سامنے آنے والے خدشات کے تناظر میں دیا جا رہا ہے، جہاں ماہرین نے اس امکان پر غور کیا کہ مصنوعی ذہانت مستقبل میں حکومتوں کو بھی عدم استحکام سے دوچار کرنے کی صلاحیت حاصل کر سکتی ہے۔

الائنمنٹ ریسرچ سینٹر کے بانی پال کرسٹیانو نے بھی خبردار کیا ہے کہ آئندہ تین برسوں میں مصنوعی ذہانت کے انسانوں پر حاوی ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے چھ سے 12 ماہ کے دوران بھی اس نوعیت کا ایک قابلِ ذکر خطرہ موجود ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے یہ خدشات مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور اس پر مؤثر انسانی نگرانی کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔ تاہم, یہ پیش گوئیاں ممکنہ خطرات سے متعلق ہیں، مستقبل کے یقینی واقعات نہیں۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز