این ویڈیا سربراہ کا غیر ازدواجی تعلقات کا اعتراف، تحقیقات شروع

این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ نے غیر ازدواجی تعلقات کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ ان کی کمپنی نے ان خبروں کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ وہ ایک غیر ملکی خفیہ ادارے کی کارروائی کا ہدف بنے تھے۔
یہ دونوں الگ الگ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب سنگاپور کی ٹیکنالوجی کمپنی میگا اسپیڈ کی ایک ایگزیکٹو ایلس ہوانگ کے ساتھ جینسن ہوانگ کے قریبی تعلقات پر تشویش بڑھ رہی ہے۔
امریکی میڈیا کے متعدد اداروں نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی حکام کو شبہ ہے کہ ایلس ہوانگ نے چین کو خفیہ معلومات فراہم کیں اور جدید مصنوعی ذہانت کے چپس چین اسمگل کرنے میں مدد کی۔
یہ تنازع دنیا کی دوسری بڑی کمپنی اور مصنوعی ذہانت کی ترقی کی علامت سمجھی جانے والی این ویڈیا پر اعتماد کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی دوڑ میں مصروف ہیں۔
این ویڈیا کے ملازمین کو بھیجے گئے ایک پیغام میں جینسن ہوانگ نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچانے کے ذمہ دار ہیں اور انہوں نے ان سے بے وفائی کی۔
63 سالہ ہوانگ نے اپنے مبینہ تعلق میں ملوث دوسری شخصیت کا نام نہیں بتایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کیے کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور اس سے پہنچنے والی تکلیف کا بھی اعتراف کرتے ہیں۔ وہ اس پر ہونے والی تنقید کو بھی قبول کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ این ویڈیا کی حفاظت اور امریکی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہیں اور کمپنی کی تحقیقات کی حمایت کرتے ہیں۔
دوسری جانب کمپنی نے اتوار کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی نگرانی کمپنی کے آزاد ڈائریکٹرز کی ایک کمیٹی اور بیرونی قانونی ماہرین کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ بورڈ امریکی قومی اور معاشی سلامتی کو اولین ترجیح دیتا ہے کیونکہ یہ این ویڈیا اور اس کے حصص یافتگان کے مفادات کے لیے انتہائی اہم ہے۔
تاہم بورڈ نے یہ بھی کہا کہ اس کے پاس فی الحال یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ قومی سلامتی یا این ویڈیا کی خفیہ معلومات سے کسی قسم کا سمجھوتہ کیا گیا ہے۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز