اتوار، 1 نومبر، 2026 · 22 جمادی الاول، 1448 ہجری

واٹس ایپ کا گروپ چیٹ کے لیے چار نئے فیچرز کا اعلان

سائنس
واٹس ایپ کا گروپ چیٹ کے لیے چار نئے فیچرز کا اعلان

انسٹنٹ میسجنگ واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے گروپ چیٹس میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جن میں مینشن اور جوابات کے لیے نیا فلٹر، پیغامات کو غیر معینہ مدت تک پن کرنے، نئے ارکان کو سابقہ پیغامات دکھانے اور گروپ اسٹیٹس شیئر کرنے کی سہولت شامل ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق چیٹ لسٹ میں نیچے کی جانب سوائپ کرنے پر ظاہر ہونے والے فلٹر مینو میں اب مینشنز اینڈ ریپلائیز کا نیا آپشن بھی شامل ہوگا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین صرف ان گروپ چیٹس کو دیکھ سکیں گے جہاں انہیں مینشن کیا گیا ہو یا ان کے پیغامات کا براہِ راست جواب دیا گیا ہو۔ اس میں گروپ کے تمام ارکان کے لیے بھیجے گئے @all پیغامات بھی شامل ہوں گے۔

نئے فیچرز میں گروپ چیٹس کے پیغامات کو غیر معینہ مدت تک پِن کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔ اس سے قبل صارفین کسی پیغام کو صرف 24 گھنٹے، 7 دن یا 30 دن کے لیے پن کر سکتے تھے۔

واٹس ایپ ایک اور سہولت بھی متعارف کرا رہا ہے جس کے تحت کسی نئے رکن کے گروپ میں شامل ہونے کے بعد اسے پہلے سے بھیجے گئے حالیہ پیغامات بھی دکھائے جا سکیں گے۔ اس کے لیے چیٹ میں متعلقہ رکن کے نام پر ٹیپ کرنا ہوگا۔ پہلے یہ سہولت صرف کسی شخص کو گروپ میں شامل کرتے وقت دستیاب تھی۔

اس کے علاوہ گروپ اسٹیٹس شیئرنگ کا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی اسٹیٹس اپ ڈیٹس صرف کسی مخصوص گروپ کے ارکان کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ گروپ کے دیگر ارکان ان اسٹیٹس کو دیکھنے، ان پر ردعمل دینے اور اپنے اسٹیٹس بھی شیئر کرنے کے اہل ہوں گے۔ یہ اسٹیٹس 24 گھنٹے بعد خود بخود غائب ہو جائیں گے۔

واٹس ایپ کے یہ نئے فیچرز گروپ چیٹس کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے ساتھ صارفین کے لیے رابطے اور معلومات کے تبادلے کو بھی آسان بنائیں گے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز