پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کیا افغانستان کے پہاڑوں میں 30 کھرب ڈالر کا خزانہ چھپا ہوا ہے؟

علاقائی
کیا افغانستان کے پہاڑوں میں 30 کھرب ڈالر کا خزانہ چھپا ہوا ہے؟

افغانستان میں موجود تیل، گیس، دھاتوں، خام مال اور دیگر قدرتی معدنی وسائل کی مالیت 30 کھرب ڈالر یعنی 840 کھرب پاکستانی روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔

افغانستان کو طویل عرصے سے ایک ایسے ملک کے طور پر جانا جاتا ہے جو قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن اس کی معیشت کمزور ہے۔

ان وسائل کا ایک بڑا حصہ اب بھی زمین کے نیچے موجود ہے اور انھیں نکالنے کا کام شروع نہیں ہوا ہے۔

ان قدرتی وسائل کے ذخائر کی اصل مقدار اور مالیت کے بارے میں بھی مختلف اندازے لگائے گئے ہیں۔

افغانستان کے معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل کی مالیت کو آسان الفاظ میں اس طرح سمجھا جا سکتا ہے کہ اگر ملک کے پاس 30 کھرب ڈالر کے وسائل موجود ہیں اور حکومت کا سالانہ عمومی اور ترقیاتی بجٹ تقریباً 10 ارب ڈالر ہے تو اسے تقریباً 300 سال تک کسی غیر ملکی اقتصادی امداد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس رپورٹ کا مقصد افغانستان کے معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل کی واضح تصویر پیش کرنا ہے۔

اس میں یہ سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے کہ کس صوبے میں کون سے وسائل موجود ہیں، ان کی مقدار کتنی ہے اور حکومت نے سرکاری طور پر ان کی کتنی مالیت بتائی ہے۔

بی بی سی فیکٹ چیک کی اس رپورٹ میں مختلف صوبوں میں موجود معدنی ذخائر اور کانوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اس کا مقصد یہ جاننا ہے کہ یہ ذخائر کہاں ہیں، ان کی موجودہ صورتحال کیا ہے اور دستیاب اندازوں کے مطابق ان کی مالیت کتنی ہے۔

افغانستان کے معدنی ذخائر پر پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر تحقیق سابق سوویت یونین کے دور میں کی گئی تھی۔

اس تحقیق کے دوران ملک کے مختلف علاقوں کے ارضیاتی نقشے تیار کیے گئے۔

چٹانوں اور زیر زمین تہوں کا جائزہ لیا گیا، فضائی سروے کیے گئے اور معدنی ذخائر کی تلاش کی گئی۔

ان میں سے بعض تحقیقی دستاویزات افغانستان کی وزارتِ کان کنی کی لائبریری میں محفوظ ہیں۔

سوویت یونین کے انخلا کے بعد کچھ دیگر دستاویزات روس منتقل کر دی گئی تھیں۔

اس کے بعد بھی افغانستان کے قدرتی وسائل پر تحقیق اور تلاش کا سلسلہ جاری رہا۔

مثال کے طور پر 2007 میں ایک سروے کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 2011 میں افغانستان جیولوجیکل سروے اور امریکی جیولوجیکل سروے نے بھی مطالعہ کیا۔

ان تحقیقات کی بنیاد پر افغانستان میں سونے، تانبے، لوہے، ایلومینیم، سیسے، زنک، ٹن، ٹنگسٹن اور پارے کے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر بھی موجود ہیں۔

اس رپورٹ کی تیاری کے لیے افغانستان کی وزارتِ کان کنی کے ریکارڈ میں موجود دستاویزات اور معلومات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

ارضیات اور معدنی وسائل کے شعبے میں کام کرنے والے سرکاری اداروں اور ماہرین کی رپورٹس، سرویز اور اعداد و شمار بھی دیکھے گئے ہیں۔

جہاں مختلف اداروں کے اعداد و شمار یا اندازوں میں فرق تھا، وہاں یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ہر اندازہ کس ماخذ پر مبنی ہے اور اسے کس بنیاد پر پیش کیا گیا ہے۔

یوں، مصدقہ ذخائر اور ممکنہ معدنی وسائل کے اندازوں کے درمیان فرق کو واضح رکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں افغانستان کے قدرتی وسائل کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

اس حصے میں سونے، لوہے، تانبے، ایلومینیم، سیسے اور زنک سمیت دیگر بنیادی دھاتوں کے ذخائر کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اندازے کے مطابق ان کی مالیت 10 کھرب ڈالر سے زیادہ ہے۔

سونا

افغانستان میں سونے کی زیادہ تر کانیں بدخشاں اور تخار کے بعض علاقوں میں واقع ہیں۔

اس کے علاوہ زابل اور غزنی میں 2700 کلوگرام خالص سونے کے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق افغانستان میں سونے کا مجموعی ذخیرہ تقریباً 682 ٹن ہے۔

ملک میں تانبے کی بعض ایسی کانیں بھی موجود ہیں جن میں سونا پایا جاتا ہے۔ سونے کی موجودہ عالمی قیمت کے مطابق مصدقہ ذخائر کی مالیت تقریباً 107 ارب ڈالر ہے۔

اس وقت سونے کی کان کنی بنیادی طور پر افغانستان کے صوبہ بدخشاں میں ہو رہی ہے۔

کچھ عرصہ قبل طالبان حکومت کے آبی وسائل اور توانائی کے وزیر محمد یونس اخوندزادہ نے کہا تھا کہ ان کی حکومت بدخشاں سے ہر ماہ کئی ٹن سونا نکال رہی ہے۔

صوبہ تخار میں ’چا آب‘ نامی سونے کی کان موجود ہے۔ اس میں 31 ٹن سونے کے ذخائر کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

اس کان کا ٹھیکہ پانچ سال کے لیے دو کمپنیوں، چائنا افغانستان اور زروار افغانستان، کو دیا گیا ہے۔

یہ ٹھیکہ تین کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا ہے۔ وزارتِ کان کنی نے کان سے حاصل ہونے والی رائلٹی میں حکومت کا حصہ 56 فیصد مقرر کیا ہے۔

سٹیل یا لوہا

افغانستان کے پاس اس خطے کے سب سے بڑے لوہے کے ذخائر موجود ہیں۔ اندازہ ہے کہ یہ ذخائر تقریباً تین ارب ٹن ہیں۔

تاہم یہ اعداد و شمار حتمی نہیں ہیں اور مزید تحقیق کے بعد ان میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اب تک افغانستان کے بامیان، پنجشیر، پروان، ہرات، قندھار، بدخشاں اور کابل صوبوں میں لوہے کے ذخائر کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

محققین نے ملک بھر میں لوہے کے خام ذخیرے کی 72 کانوں اور معدنی ذخائر کا ریکارڈ بھی تیار کیا ہے۔

اہم کانوں میں بامیان کی حاجی گک، پنجشیر کی تال اور نکرہ خانہ، پروان کی جبل السراج، ہرات کی پلنگ سور، قندھار کی حاجی عالم، بدخشاں کی سیاجیر اور کابل کے پغمان علاقے کی کانیں شامل ہیں۔

گذشتہ چند برسوں میں طالبان حکومت کی وزارتِ کان کنی نے ہرات صوبے کے غوریان علاقے میں لوہے کے ذخائر کے چار بلاکس کے ٹھیکے دیے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ ان ذخائر میں تقریباً 1.8 ارب ٹن لوہا موجود ہے۔

ان ٹھیکوں کی مجموعی مالیت 2.5 ارب ڈالر ہے۔

عالمی منڈی میں خام لوہے کے کی قیمت تقریباً 100 ڈالر فی ٹن ہے۔ اس حساب سے افغانستان کے لوہے کے ذخائر کی تخمینی مالیت 300 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

تانبا

اس خطے کے سب سے بڑے تانبے کے ذخائر بھی افغانستان کے پاس موجود ہیں۔

پرانے اندازوں میں ملک میں تانبے کا ذخیرہ تقریباً تین کروڑ ٹن بتایا گیا تھا۔ نئی رپورٹس میں اسے چھ کروڑ ٹن بتایا گیا ہے۔

عالمی منڈی میں ایک ٹن تانبے کی قیمت 10 ہزار سے 12 ہزار ڈالر کے درمیان ہے۔

اس حساب سے تخمینہ لگایا جائے تو افغانستان کے تانبے کے ذخائر کی مالیت 720 ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

افغانستان کے لوگر، ہرات، زابل، غزنی، سرپل اور بادغیس صوبوں میں تانبے کے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ان میں سب سے اہم تانبے کی کان لوگر کے محمد آغا ضلع میں واقع ’آئینک‘ کان ہے۔

آئینک کو افغانستان کی سب سے بڑی تانبے کی کان کہا جاتا ہے اور اس کا شمار ایشیا کے بڑے تانبے کے ذخائر میں کیا جاتا ہے۔

1970 اور 1980 کی دہائیوں میں ہونے والے سرویز میں اس کان میں تانبے کا ذخیرہ تقریباً 24 کروڑ ٹن بتایا گیا تھا۔

افغانستان کی وزارتِ کان کنی نے یہ بھی کہا تھا کہ اس کان سے ایک کروڑ ٹن سے زیادہ تانبا نکالا جا سکتا ہے جس کی مالیت تقریباً 50 ارب ڈالر تھی۔

2008 میں اس کان سے تانبا نکالنے کے لیے ایک چینی کمپنی ایم سی سی کے ساتھ 2.9 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا گیا تھا۔

طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد 245 مربع کلومیٹر پر پھیلی دوسری آئینک تانبا کان کو 30 سال کے لیے لیز پر ایک نجی کمپنی ٹیور کے حوالے کر دیا گیا۔

کمپنی نے اس منصوبے میں 41 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری اور حکومت کو 12 فیصد رائلٹی ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

ایلومینیم

افغانستان میں ایلومینیم کے سب سے اہم ذخائر صوبہ زابل میں ہیں۔ ان ذخائر کی ممکنہ مقدار تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ ٹن بتائی جاتی ہے۔

لوہے کے بعد ایلومینیم دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی دھات ہے۔ تعمیرات، نقل و حمل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اس کی بہت اہمیت ہے۔

عالمی منڈی میں ایلومینیم کی اوسط قیمت تین ہزار سے چار ہزار ڈالر فی ٹن کے درمیان ہے۔

زابل، قندھار اور بغلان میں ایلومینیم کے ذخائر کی مجموعی مالیت 30 ارب ڈالر سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔

سیسہ، زنک، ٹن، ٹنگسٹن اور پارہ

افغانستان میں سیسے، زنک، ٹن، ٹنگسٹن اور پارے کے بھی اہم ذخائر موجود ہیں۔

سیسے اور زنک کا سب سے بڑا ذخیرہ قندھار میں ہے، جس کی مقدار تقریباً 90 ہزار ٹن بتائی جاتی ہے۔

قندھار میں ٹن اور ٹنگسٹن کے ذخائر بھی پائے جاتے ہیں۔

طالبان حکومت نے بامیان اور غور میں سیسے اور زنک کی کانوں کے ٹھیکے بھی دیے ہیں۔ صوبہ غور کی کان کا ٹھیکہ 50 کروڑ سات لاکھ ڈالر کا بتایا گیا ہے۔

ان معدنی ذخائر کی درست مقدار اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ اس کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔

جنوب مغربی افغانستان میں پارے کے ذخائر تقریباً 32 ہزار ٹن ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

افغانستان طویل عرصے سے قیمتی پتھروں، خصوصاً لاجورد، زمرد، یاقوت اور گارنیٹ کا ایک اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔

ان قیمتی پتھروں کی اہم کانیں بدخشاں، پنجشیر، کنڑ، نورستان اور کابل میں واقع ہیں۔

بدخشاں کا لاجورد اور پنجشیر کا زمرد عالمی سطح پر مشہور ہیں۔

تاہم افغانستان میں قیمتی پتھروں کے ذخائر کی درست مقدار اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ عالمی منڈی میں ان پتھروں کی مالیت اربوں ڈالر تک ہونے کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔

سنگِ مرمر

افغانستان میں سنگِ مرمر کے ذخائر بھی موجود ہیں۔

ملک کی وزارتِ کان کنی کے مطابق افغانستان میں 1.3 ارب ٹن سنگِ مرمر موجود ہونے کا اندازہ ہے۔

چینی ماہرین کے مطابق افغانستان صرف چین کو سنگِ مرمر برآمد کر کے سالانہ 50 کروڑ ڈالر کما سکتا ہے۔

افغانستان میں نایاب زمینی دھاتوں یعنی ریئر ارتھ مواد کے ذخائر بھی موجود ہیں۔

افغانستان میں ایک کروڑ 40 لاکھ ٹن ریئر ارتھ منزلز (نایاب معدنی وسائل) موجود ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ صوبہ ہلمند کے خانشین علاقے میں یورینیم سمیت 35 لاکھ ٹن نایاب معدنیات کے ذخائر موجود ہیں۔

ریئر ارتھ میٹلز کی اصطلاح 17 کیمیائی عناصر کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور صنعتوں میں ان کا وسیع استعمال ہوتا ہے۔

سمارٹ فونز، کمپیوٹرز، طبی آلات اور بہت سی دیگر صنعتی مصنوعات کی تیاری کے لیے یہ عناصر ضروری ہیں۔

افغانستان میں لیتھیم، بیریٹ، ایسبیسٹس، سیلسٹائٹ اور پوٹاش کے بھی بڑے ذخائر موجود ہیں۔

ان میں لیتھیم خاص اہمیت کا حامل ہے۔ بعض اندازوں کے مطابق افغانستان کے لیتھیم ذخائر کی مالیت 10 کھرب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

افغانستان کے غزنی، فراہ اور دایکندی صوبوں میں لیتھیم کے ذخائر کی با ضابطہ نشاندہی کی جا چکی ہے۔ دیگر علاقوں میں بھی اس کی موجودگی کا امکان ہے۔

اندازہ ہے کہ افغانستان میں لیتھیم کے ذخائر کی پٹی ہرات سے نورستان تک پھیلی ہوئی ہے۔ یہاں کئی دہائیوں تک کان کنی کی جا سکتی ہے۔

یوں افغانستان ان ممالک میں شامل ہو سکتا ہے جہاں اس اہم معدنیات کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔

افغانستان میں گیس کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں۔

اندازہ ہے کہ ملک میں تقریباً 1.6 ارب بیرل تیل اور 500 ارب مکعب میٹر قدرتی گیس کے ذخائر موجود ہیں۔

افغانستان کے اہم ترین تیل اور گیس ذخائر آمو دریا اور افغان۔تاجک بیسن میں واقع ہیں۔ یہ بلخ، جوزجان، فاریاب، سرپل اور سمنگان کے بعض حصوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ مغربی اور جنوبی افغانستان میں بھی تیل اور گیس کے ذخائر موجود ہیں۔ ان میں ہرات۔تریپولی بیسن، ہلمند بیسن اور کٹواز بیسن شامل ہیں۔

یہ قدرتی وسائل افغانستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور ملک کی توانائی کے بنیادی ذرائع میں شامل ہیں۔

افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان حکومت نے جولائی 2023 میں اعلان کیا تھا کہ اس نے ملک کی یومیہ تیل پیداوار بڑھا کر 1200 ٹن کر دی ہے۔

یہ افغانستان کی تیل کی مجموعی ضرورت کا تقریباً 10 فیصد ہے۔ اندازہ ہے کہ ملک کو روزانہ آٹھ ہزار سے 10 ہزار ٹن تیل درکار ہوتا ہے۔

افغانستان کو ہر سال تقریباً دو کروڑ 70 لاکھ ٹن تیل کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کا بڑا حصہ درآمد کیا جاتا ہے۔

افغانستان کی وزارتِ کان کنی کی 2019 کی ایک سرکاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک کے تیل کے ذخائر اور کنوؤں میں تقریباً 1.6 ارب بیرل خام تیل، 1.6 ٹریلین مکعب فٹ قدرتی گیس اور 50 کروڑ بیرل مائع قدرتی گیس موجود ہے۔

اس رپورٹ میں امریکہ اور افغانستان کے ایک مشترکہ جائزے کا حوالہ بھی دیا گیا تھا۔

اس حساب سے صرف افغانستان کے خام تیل کی موجودہ مالیت تقریباً 107 ارب ڈالر بنتی ہے۔

کوئلہ

افغانستان میں کوئلے کے ذخائر تقریباً ایک ارب ٹن بتائے جاتے ہیں۔ اس کوئلے کا معیار بھی اچھا سمجھا جاتا ہے۔

افغانستان کے کوئلے کا مرکزی ذخیرہ بدخشاں سے ہرات تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ تخار، کندز، بغلان، سمنگان، بلخ، سرپل، بامیان، دایکندی، جوزجان اور بادغیس سے گزرتا ہے۔

اب تک ملک میں کوئلے کی 113 سے زیادہ کانوں اور معدنی ذخائر کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

ان میں سے 18 کانوں میں 84 کروڑ ٹن سے زیادہ کوئلہ موجود ہونے کا اندازہ ہے۔

کوئلہ افغانستان کے اہم ترین معدنی وسائل میں سے ایک ہے۔ اس کی معروف کانیں سمنگان، بامیان، تخار، بغلان، ہرات اور سرپل میں واقع ہیں۔

طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ابتدائی چار برسوں میں افغانستان نے ایک ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کا کوئلہ برآمد کیا۔ یہ ملک کے لیے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔

پاکستان، ایران، ترکی، انڈیا اور چین افغانستان کے کوئلے کے بڑے خریدار ہیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو