جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

دانت صاف کرتے ہوئے ٹوتھ برش پیٹ میں کیسے جا پہنچا اور ڈاکٹروں نے اسے بغیر سرجری کیسے نکالا؟

علاقائی
دانت صاف کرتے ہوئے ٹوتھ برش پیٹ میں کیسے جا پہنچا اور ڈاکٹروں نے اسے بغیر سرجری کیسے نکالا؟

یہ سننے میں بہت عجیب لگ سکتا ہے کہ دانت برش کرتے وقت ٹوتھ برش آپ کے ہاتھ سے پھسل کر سیدھا آپ کے پیٹ میں جا پہنچے، لیکن ایسا واقعی ہوا ہے۔

انڈیا کی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع رائے گڑھ کے گاؤں شیراولی کے رہائشی راجیندر مالوسرے کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کے باعث انھیں ہسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا۔

پچاس سالہ راجیندر مالوسرے پیشے کے اعتبار سے رکشہ ڈرائیور ہیں۔

ابتدائی طبی معائنے میں ٹوتھ برش کا سراغ نہیں ملا، تاہم اینڈوسکوپی کے ذریعے معلوم ہوا کہ وہ معدے میں پھنسا ہوا تھا۔ 19 سینٹی میٹر لمبا ٹوتھ برش بغیر کسی سرجری کے اینڈوسکوپی کے ذریعے نکال لیا گیا۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

علاج کے چند گھنٹوں بعد ہی راجیندر کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

اینڈوسکوپی ایک طبی طریقۂ کار ہے، جس میں ایک باریک اور لچکدار نالی، جس کے سرے پر کیمرہ لگا ہوتا ہے، منھ کے ذریعے داخل کر کے غذائی نالی، معدے اور نظامِ ہاضمہ کے اندرونی حصوں کا معائنہ کیا جاتا ہے۔ اس کی مدد سے پھنس جانے والی اشیا کو بغیر سرجری کے نکالا بھی جا سکتا ہے۔

شیراولی کے رہائشی اور جسمانی معذوری کا شکار راجیندر مالوسرے معمول کے مطابق صبح دانت صاف کر رہے تھے، جب اتفاقاً ٹوتھ برش ان کے حلق سے نیچے اتر گیا۔ اس کے بعد وہ فوری طور پر مقامی ڈاکٹر کے پاس گئے۔

ایکس رے میں ٹوتھ برش نظر نہیں آیا، لہٰذا مزید جانچ کے لیے انھیں نوی ممبئی کے ایک ہسپتال بھیجا گیا۔

وہاں کی گئی اینڈوسکوپی سے معلوم ہوا کہ پورا ٹوتھ برش معدے میں پھنسا ہوا تھا۔ میڈیکور ہسپتال میں معدہ و جگر کے امراض اور اینڈوسکوپی کے ماہر ڈاکٹر راؤ صاحب راٹھوڑ کی سربراہی میں ٹیم نے اس مشکل طبی عمل کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا۔

ٹوتھ برش نگلنے کے تقریباً تین سے چار گھنٹے بعد مالوسرے کو پیٹ میں ہلکا سا درد محسوس ہونا شروع ہوا۔ اینڈوسکوپی کے دوران ان کے معدے میں 19 سینٹی میٹر لمبا ٹوتھ برش موجود پایا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق ٹوتھ برش جیسی لمبی اور سخت اشیا کے قدرتی طور پر نظامِ ہاضمہ سے گزر جانے کے امکانات بہت کم ہوتے ہیں۔ ایسی اشیا غذائی نالی یا نظامِ ہاضمہ کے تنگ حصوں میں پھنس سکتی ہیں، جس سے اندرونی زخم، نظامِ ہاضمہ میں رکاوٹ یا سوراخ (پرفوریشن) جیسی سنگین پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

اس مریض پر کی جانے والی اینڈوسکوپی کا عمل تقریباً 30 منٹ تک جاری رہا۔ چونکہ ٹوتھ برش معدے میں افقی حالت میں پھنسا ہوا تھا، اس لیے اسے پکڑنا اور غذائی نالی کے پیچیدہ خموں سے محفوظ طریقے سے باہر نکالنا ایک بڑا چیلنج تھا۔

پروسیجر کے دوران ٹوتھ برش معدے اور غذائی نالی کے سنگم پر پھنس گیا۔ اس کے بعد اسے حلق کے تنگ حصے سے نکالتے وقت خصوصی احتیاط برتنا پڑی۔ متعدد کوششوں کے بعد بالآخر پورا ٹوتھ برش بغیر کسی سرجری کے منھ کے راستے نکال لیا گیا۔

ٹوتھ برش نکالنے کے بعد ایک بار پھر اینڈوسکوپی کی گئی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ غذائی نالی یا نظامِ ہاضمہ کے کسی حصے کو کوئی نقصان تو نہیں پہنچا۔ کچھ وقت تک نگرانی میں رکھنے کے بعد مریض کی حالت مستحکم پائی گئی اور اسے اسی روز گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

ہم عام طور پر مچھلی کے کانٹے نگلنے، چھوٹے بچوں کے مختلف اشیا نگل لینے یا سکے اور بیٹریاں معدے میں پہنچ جانے جیسے واقعات کے بارے میں پڑھتے یا سنتے ہیں۔ تاہم ٹوتھ برش کو براہِ راست نگل لینے کا واقعہ یقیناً ایک نادر مثال ہے۔

بی بی سی نے ڈاکٹر راؤ صاحب راٹھوڑ سے پوچھا کہ مالوسرے کے ابتدائی ایکس رے میں یہ کیوں ظاہر نہیں ہوا کہ انھوں نے ٹوتھ برش نگل لیا تھا؟

انھوں نے جواب دیا ’پلاسٹک سے بنی اشیا عموماً ایکس رے میں واضح طور پر نظر نہیں آتیں۔ ہڈیاں اور دھاتی اشیا عام طور پر ایکس رے میں دکھائی دیتی ہیں، لیکن پلاسٹک جیسی چیزیں اکثر نظر نہیں آتیں۔ اس لیے صرف ایکس رے کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ کوئی شے جسم کے اندر موجود نہیں ہے۔‘

’اگر مریض کو یقین ہو کہ اس نے کوئی چیز نگل لی ہے یا اسے اس کے بعد تکلیف محسوس ہو رہی ہو تو مزید طبی معائنوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس مریض کے معاملے میں اینڈوسکوپی کے بعد معلوم ہوا کہ پورا ٹوتھ برش معدے میں موجود تھا۔ اسی وجہ سے ایسے معاملات میں مریض کی طبی تاریخ اور علامات بھی خاص اہمیت رکھتی ہیں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ اس مریض کے علاج کے لیے اینڈوسکوپی کا فیصلہ کیسے کیا گیا، تو ڈاکٹر راؤ صاحب راٹھوڑ نے کہا: ’مریض کے معائنے کے بعد یہ واضح ہو گیا تھا کہ ٹوتھ برش معدے میں موجود ہے۔ اس کے بعد اسے اینڈوسکوپی کے ذریعے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘

’اینڈوسکوپی میں ایک لچکدار نالی منھ کے راستے جسم کے اندر داخل کی جاتی ہے۔ چونکہ اس کے سرے پر ایک کیمرہ موجود ہوتا ہے، اس لیے نظامِ ہاضمہ کے اندرونی حصوں کا براہِ راست مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا ’اس عمل میں خصوصی آلات کی مدد سے پھنسی ہوئی شے کو پکڑ کر باہر نکالا جا سکتا ہے۔ اس معاملے میں اینڈوسکوپ کے سرے پر ایک خصوصی ہُڈ لگایا گیا اور ٹوتھ برش کے ایک سرے کو پکڑا گیا۔ پھر اسے درست طریقے سے باہر نکالنے کی کوشش کی گئی۔‘

’مریض کی حالت ٹھیک تھی اور علاج اینڈوسکوپی کے ذریعے ممکن تھا، تاہم ایسا فیصلہ کرنے کے لیے شے کی نوعیت، نظامِ ہاضمہ کی حالت اور مریض کی مجموعی جسمانی کیفیت کا تفصیلی جائزہ لینا ضروری ہوتا ہے۔‘

ٹوتھ برش کو منھ کے راستے نکالتے وقت ڈاکٹروں کی ٹیم کو متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اینڈوسکوپ کے سرے پر ایک خصوصی ہُڈ لگایا گیا اور ٹوتھ برش کے ایک سرے کو پکڑ لیا گیا۔ تاہم یہ معدے اور غذائی نالی کے ملاپ والے حصے میں پھنس گیا۔ مریض کی جسمانی پوزیشن تبدیل کرنے اور بار بار کوششوں کے بعد اسے آگے بڑھایا گیا۔

اس کے بعد یہ حلق کے تنگ حصے میں بھی پھنس گیا۔ چونکہ ٹوتھ برش لچکدار نہیں ہوتا اور مڑ نہیں سکتا، اس لیے یہ پورا عمل انتہائی احتیاط اور مہارت کے ساتھ انجام دینا پڑا۔

ڈاکٹر راٹھوڑ کہتے ہیں کہ ’ٹوتھ برش نکالنے کے بعد دوبارہ اینڈوسکوپی کی گئی۔ اس معائنے میں غذائی نالی کے اوپری اور نچلے حصوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ دیکھا گیا کہ ٹوتھ برش نکالتے وقت پیش آنے والی دشواریوں کے باعث اندرونی جھلی کو کوئی زخم تو نہیں آیا، کہیں خون تو نہیں بہا یا کوئی اور چوٹ تو نہیں لگی۔ معائنے میں کسی قسم کی سنگین چوٹ یا نقصان کے آثار نہیں ملے۔‘

’اس کے بعد مریض کو کچھ وقت تک زیرِ نگرانی رکھا گیا۔ جب یہ اطمینان ہو گیا کہ ان کی حالت مستحکم ہے تو انھیں تین سے چار گھنٹے کے اندر گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔‘

بی بی سی مراٹھی نے اس حوالے سے راجیندر مالوسرے سے بھی رابطہ کیا۔ انھوں نے اس دن پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بتائیں۔

انھوں نے کہا ’دانت صاف کرنے کے بعد مجھے برش سے زبان صاف کرنے کی عادت ہے۔ اسی دوران برش پھنس گیا اور اندر چلا گیا۔ اس وقت میرے حلق میں بھی چوٹ لگی تھی، اس لیے مجھے لگا کہ برش گلے میں ہی پھنسا ہوا ہے۔ لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ وہ معدے میں، یعنی پیٹ تک پہنچ چکا ہے۔‘

’میں ابتدا میں میں خوفزدہ ہو گیا تھا کیونکہ مجھے لگا کہ اگر برش اندر پھنس گیا تو سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے، لیکن میں فوراً ڈاکٹر کے پاس چلا گیا۔ چونکہ شیراولی میں علاج ممکن نہیں تھا، اس لیے میں نوی ممبئی کے علاقے کھارگھر گیا۔ مجھے لگا تھا کہ شاید آپریشن کرنا پڑے گا، لیکن اینڈوسکوپی کے ذریعے علاج مکمل ہو گیا اور اسی دن مجھے گھر جانے کی اجازت مل گئی۔‘

اس واقعے کی غیر معمولی نوعیت سے ہٹ کر عام شہریوں کے لیے اس میں کیا سبق ہے؟ ہم نے یہ سوال ڈاکٹر راٹھوڑ سے کیا۔ انھوں نے کہا ’سب سے اہم بات یہ ہے کہ دانت صاف کرتے وقت جلد بازی نہ کی جائے۔ جب برش منھ میں ہو تو بات کرنے، ہنسنے یا کوئی اور کام کرنے سے گریز کریں۔ خاص طور پر برش کو منھ کے اندر بہت گہرائی تک لے جانے سے احتیاط کریں۔ اگر غلطی سے ٹوتھ برش یا کوئی اور بڑی چیز نگل لی جائے تو فوراً ہسپتال سے رجوع کرنا چاہیے۔‘

ڈاکٹر راٹھوڑ نے ایک اور اہم مشورہ بھی دیا: ’ایسی صورتحال میں خود سے قے کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے اور نہ ہی کوئی چیز کھا کر پھنسے ہوئی شے کو نیچے دھکیلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ایسا کرنے سے غذائی نالی کو چوٹ پہنچ سکتی ہے یا وہ شے مزید مضبوطی سے پھنس سکتی ہے۔‘

’اگرچہ ابتدا میں درد معمولی ہو سکتا ہے، لیکن اندرونی چوٹ یا دیگر پیچیدگیوں کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے بروقت تشخیص اور مناسب علاج انتہائی اہم ہیں۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو