جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

’تین کھرب ڈالر‘ کے معدنی ذخائر: افغانستان کے پہاڑوں میں چھپا خزانہ جو ملک کے معاشی مسائل حل کر سکتا ہے

علاقائی
’تین کھرب ڈالر‘ کے معدنی ذخائر: افغانستان کے پہاڑوں میں چھپا خزانہ جو ملک کے معاشی مسائل حل کر سکتا ہے

افغانستان میں تیل اور گیس سے لے کر دھاتی خام مال اور دیگر معدنیات تک قدرتی وسائل کی مالیت تین کھرب ڈالر سے زیادہ لگائی جاتی ہے۔

افغانستان ایک طویل عرصے سے کمزور معیشت لیکن قدرتی وسائل سے مالا مال ملک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان وسائل کا ایک بڑا حصہ اب بھی زیرِ زمین موجود ہے اور اسے نکالنے کا کام شروع نہیں ہو سکا۔ ان ذخائر کی اصل مقدار اور مالیت کے بارے میں مختلف اندازے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

افغانستان کے معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل کی مالیت کو آسان الفاظ میں یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ اگر اس ملک کے پاس تین کھرب ڈالر کی رقم موجود ہو اور حکومت کا سالانہ معمول کا اور ترقیاتی بجٹ تقریباً 10 ارب ڈالر ہو تو اسے لگ بھگ 300 سال تک کسی بیرونی مالی امداد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس رپورٹ کا مقصد افغانستان کے معدنی ذخائر اور قدرتی وسائل، مختلف صوبوں میں ان کے پھیلاؤ اور ان کی سرکاری طور پر بتائی گئی مالیت کی ایک واضح تصویر پیش کرنا ہے۔

بی بی سی فیکٹ چیک کی تحقیق میں مختلف صوبوں میں موجود معلوم معدنی ذخائر اور کانوں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کس دھات کے ذخائر کہاں واقع ہیں، اس کی موجودہ صورتحال کیا ہے اور دستیاب اندازوں کے مطابق اس کی مالیت کتنی ہے۔

افغانستان کے معدنی ذخائر کے بارے میں پہلی بار بڑے پیمانے پر تحقیق سابق سوویت یونین کے دور میں کی گئی تھی۔ ان تحقیقات میں ملک کے مختلف علاقوں کی ارضیاتی نقشہ سازی، چٹانوں اور زیرِ زمین تہوں کا جائزہ، فضائی سروے اور معدنی ذخائر کی تلاش شامل تھی۔

ان تحقیقی دستاویزات میں سے کچھ افغانستان کی وزارتِ کان کنی کی لائبریری میں محفوظ ہیں، جبکہ کچھ سوویت یونین کے انخلا کے بعد روس منتقل کر دی گئی تھیں۔

اس کے بعد بھی افغانستان کے قدرتی وسائل پر تحقیق کا سلسلہ جاری رہا۔ مثال کے طور پر سنہ 2007 میں ایک سروے کیا گیا، جبکہ سنہ 2011 میں افغانستان کے ارضیاتی سروے اور امریکی ارضیاتی سروے نے بھی مطالعات کیے۔

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

ان تحقیقات کی بنیاد پر افغانستان میں سونے، تانبے، لوہے، ایلومینیم، سیسے، زنک، ٹن، ٹنگسٹن اور پارے کے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں تیل اور گیس کے ذخائر بھی موجود ہیں۔

یہ رپورٹ تیار کرنے کے لیے افغانستان کی وزارتِ کان کنی کے ریکارڈ میں موجود دستاویزات اور معلومات کے علاوہ ارضیات اور معدنی وسائل کے شعبے میں کام کرنے والے مستند اور خصوصی اداروں کی شائع کردہ رپورٹس، سروے اور اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔

جہاں مختلف اداروں کے اعداد و شمار اور اندازوں میں فرق پایا گیا، وہاں ہر اندازے کا ماخذ اور اس کی بنیاد واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے، تاکہ ثابت شدہ ذخائر اور ممکنہ معدنی وسائل کے تخمینوں میں فرق برقرار رہے۔

اس رپورٹ میں افغانستان کے قدرتی وسائل کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:

1. دھاتیں: سونا، تانبا، لوہا، ایلومینیم، زنک، سیسہ اور دیگر۔

2. قیمتی پتھر: لاجورد، زمرد، یاقوت اور دیگر۔

3. نایاب عناصر: لیتھیم، یورینیم اور دیگر۔

4. تیل، گیس اور کوئلہ۔

پہلا حصہ: دھاتی معدنیات

اس حصے میں سونے، لوہے، تانبے، ایلومینیم، سیسے اور زنک سمیت دیگر بنیادی دھاتوں کے ذخائر کا جائزہ لیا گیا ہے، جن کی مجموعی مالیت ایک کھرب ڈالر سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔

افغانستان میں سونے کی زیادہ تر کانیں بدخشان اور تخار کے بعض علاقوں میں واقع ہیں۔ اس کے علاوہ زابل اور غزنی میں بھی خالص سونے کے دو ہزار 700 کلوگرام ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اندازوں کے مطابق افغانستان میں سونے کے مجموعی ذخائر تقریباً 682 ٹن ہیں۔ ملک میں تانبے کی بعض ایسی کانیں بھی موجود ہیں جن میں سونا پایا جاتا ہے۔ سونے کی موجودہ عالمی قیمت کے حساب سے ثابت شدہ ذخائر کی مالیت تقریباً 107 ارب ڈالر بنتی ہے۔

اس وقت افغانستان کے صوبے بدخشان میں سونے کی کان کنی خاص طور پر جاری ہے۔ کچھ عرصہ قبل طالبان حکومت کے وزیر برائے پانی و توانائی محمد یونس اخوندزادہ نے بتایا تھا کہ ان کی حکومت بدخشان سے ہر ماہ کئی ٹن سونا نکال رہی ہے۔

ادھر صوبہ تخار میں واقع چہ آب کی سونے کی کان، جس میں تقریباً 31 ٹن سونے کے ذخائر کا اندازہ لگایا گیا ہے، پانچ سال کے لیے دو کمپنیوں، چائنا افغانستان اور زروار افغانستان، کے حوالے کی گئی ہے۔

اس معاہدے کی مالیت 31 کروڑ ڈالر ہے، جبکہ کان سے حاصل ہونے والی رائلٹی میں وزارتِ کان کنی کا حصہ 56 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

افغانستان کے پاس خطے میں لوہے کے سب سے بڑے ذخائر موجود ہیں، جن کی ممکنہ مقدار کا اندازہ تقریباً تین ارب ٹن ہے۔

تاہم یہ حتمی اعداد و شمار نہیں ہیں اور مزید تحقیقات کے بعد ان میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

اب تک افغانستان کے صوبوں بامیان، پنجشیر، پروان، ہرات، قندھار، بدخشان اور کابل میں لوہے کے ذخائر کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ محققین نے ملک بھر میں لوہے کی 72 کانوں اور معدنی ذخائر کے آثار کا ریکارڈ بھی مرتب کیا ہے۔

ان میں اہم ترین کانیں بامیان میں حاجی گک، پنجشیر میں تال اور نقرہ خانہ، پروان میں جبل السراج، ہرات میں پلنگ سور، قندھار میں حاجی عالم، بدخشان میں سیاجر اور کابل میں پغمان کے مقام پر واقع ہیں۔

گذشتہ چند برسوں کے دوران طالبان حکومت کی وزارتِ کان کنی نے صوبہ ہرات کے علاقے غوریان میں لوہے کے ذخائر کے چار بلاکس کے ٹھیکے دیے ہیں۔ ان ذخائر میں تقریباً ایک ارب 80 کروڑ ٹن لوہے کی موجودگی بتائی گئی ہے۔ ان ٹھیکوں کی مجموعی مالیت ڈھائی ارب ڈالر ہے۔

عالمی منڈی میں لوہے کی فی ٹن قیمت تقریباً 100 ڈالر کو مدِنظر رکھتے ہوئے افغانستان میں لوہے کے ذخائر کی تخمینی مالیت 300 ارب ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔

افغانستان کے پاس خطے میں تانبے کے سب سے بڑے ذخائر موجود ہیں۔ ماضی کے اندازوں کے مطابق ملک میں تانبے کے ذخائر تقریباً تین کروڑ ٹن تھے، تاہم نئی رپورٹس میں یہ مقدار بڑھ کر چھ کروڑ ٹن تک بتائی گئی ہے۔

عالمی منڈی میں تانبے کی فی ٹن قیمت 10 ہزار سے 12 ہزار ڈالر کے درمیان ہے۔ اس حساب سے افغانستان میں تانبے کے ذخائر کی تخمینی مالیت تقریباً 720 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

افغانستان کے صوبوں لوگر، ہرات، زابل، غزنی، سرپل اور بادغیس میں تانبے کے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں سب سے اہم لوگر کے ضلع محمد آغہ میں واقع ’عینک‘ تانبے کی کان ہے۔

’عینک‘ کو افغانستان کی سب سے بڑی تانبے کی کان اور ایشیا کے بڑے تانبے کے ذخائر میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

سنہ 1970 اور سنہ 1980 کی دہائیوں میں کیے گئے جائزوں کے مطابق اس کان میں تانبے کے ذخائر کی مقدار تقریباً 24 کروڑ ٹن لگائی گئی تھی۔ افغانستان کی وزارتِ کان کنی نے بھی بتایا تھا کہ اس کان سے نکالے جا سکنے والے تانبے کے ذخائر ایک کروڑ 15 لاکھ ٹن ہیں، جن کی مالیت تقریباً 50 ارب ڈالر بنتی ہے۔

سنہ 2008 میں اس کان سے تانبے کے حصول کے لیے چینی کمپنی (ایم سی سی) کے ساتھ دو ارب 90 کروڑ ڈالر کا معاہدہ کیا گیا تھا۔

طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد عینک تانبے کی دوسری کان، جس کا رقبہ 245 مربع کلومیٹر ہے، نجی کمپنی (تویر) کو 30 سال کے لیے لیز پر دی گئی۔ کمپنی نے اس منصوبے میں 41 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری اور حکومت کو 12 فیصد رائلٹی ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

افغانستان میں ایلومینیم کے سب سے اہم ذخائر صوبہ زابل میں واقع ہیں۔ ان ذخائر کی ممکنہ مقدار تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ ٹن بتائی جاتی ہے۔

لوہے کے بعد ایلومینیم دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی دھات ہے۔ تعمیرات، نقل و حمل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

عالمی منڈی میں ایلومینیم کی فی ٹن اوسط قیمت تین ہزار سے چار ہزار ڈالر کے درمیان ہے۔ زابل، قندھار اور بغلان میں ایلومینیم کے قابلِ استخراج ذخائر کی مجموعی مالیت 30 ارب ڈالر سے زیادہ لگائی گئی ہے۔

افغانستان میں سیسے، زنک، ٹن، ٹنگسٹن اور پارے کے بھی قابلِ ذکر ذخائر موجود ہیں۔

ملک میں سیسے اور زنک کے سب سے بڑے ذخائر قندھار میں ہیں، جن کی مقدار تقریباً 90 ہزار ٹن بتائی جاتی ہے۔ قندھار میں ٹن اور ٹنگسٹن کے ذخائر بھی پائے جاتے ہیں۔

طالبان حکومت نے بامیان اور غور میں سیسے اور زنک کی کانوں کے ٹھیکے بھی دیے ہیں۔ صوبہ غور میں واقع کان کے معاہدے کی مالیت 50 کروڑ 70 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔

ان معدنی ذخائر کی درست مقدار تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور اس کے لیے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔

افغانستان کے جنوب مغربی علاقوں میں پارے کے ذخائر کا تخمینہ تقریباً 32 ہزار ٹن لگایا گیا ہے۔

افغانستان طویل عرصے سے قیمتی پتھروں، خصوصاً لاجورد، زمرد، یاقوت اور گارنیٹ کے ایک اہم مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے۔

ان قیمتی پتھروں کی اہم کانیں بدخشان، پنجشیر، کنڑ، نورستان اور کابل میں واقع ہیں۔ بدخشان کا لاجورد اور پنجشیر کا زمرد بین الاقوامی سطح پر شہرت رکھتے ہیں۔

اگرچہ افغانستان میں قیمتی پتھروں کے مجموعی ذخائر کی درست مقدار اب تک معلوم نہیں ہو سکی، تاہم عالمی منڈی میں ان پتھروں کی زیادہ قیمت کے باعث ان ذخائر کی مجموعی مالیت اربوں ڈالر تک پہنچتی ہے۔

افغانستان کی وزارتِ کان کنی کے اعلان کے مطابق ملک میں سنگِ مرمر کے ایک ارب 30 کروڑ ٹن ذخائر موجود ہیں۔

چینی ماہرین کے اندازے کے مطابق افغانستان صرف چین کو سنگِ مرمر برآمد کر کے سالانہ 50 کروڑ ڈالر کما سکتا ہے۔

افغانستان میں نایاب اور نایاب زمینی عناصر (ریئر ارتھ میٹلز) کے ذخائر بھی موجود ہیں۔

اندازوں کے مطابق افغانستان میں نایاب معدنیات کے 14 لاکھ ٹن ذخائر ہیں۔ اس کے علاوہ صوبہ ہلمند کے علاقے خانشین میں یورینیم سمیت نایاب معدنیات کے 35 لاکھ ٹن ذخائر بھی موجود ہیں۔

نایاب زمینی عناصر کی اصطلاح 17 کیمیائی عناصر کے لیے استعمال ہوتی ہے، جو جدید ٹیکنالوجی اور صنعت میں بڑے پیمانے پر کام آتے ہیں۔

یہ عناصر سمارٹ فونز، کمپیوٹرز، طبی آلات اور کئی دیگر صنعتی مصنوعات کی تیاری کے لیے ضروری ہیں۔

افغانستان میں لیتھیم، بارائٹ، ایسبیسٹس، سیلیسٹائٹ، مٹی اور پوٹاش کے بھی قابلِ ذکر ذخائر موجود ہیں۔

ان میں لیتھیم کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ بعض اندازوں کے مطابق افغانستان میں اس کے ذخائر کی مالیت ایک کھرب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔

افغانستان کے صوبوں غزنی، فراہ اور دایکندی میں لیتھیم کے ذخائر کی باقاعدہ نشاندہی کی جا چکی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی اس کے آثار موجود ہیں۔

اندازہ ہے کہ افغانستان میں لیتھیم کے ذخائر کی پٹی ہرات سے نورستان تک پھیلی ہوئی ہے اور یہاں کئی دہائیوں تک اس کی کان کنی کی جا سکتی ہے۔ اس کے باعث افغانستان ان ممالک میں شامل ہو سکتا ہے جہاں اس اہم معدنی وسیلے کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔

افغانستان ان معدنیات کے علاوہ ٹالک بھی برآمد کرتا ہے۔

افغانستان میں تیل اور گیس کے بھی قابلِ ذکر ذخائر موجود ہیں۔ اندازوں کے مطابق ملک میں تقریباً ایک ارب 60 کروڑ بیرل تیل اور 500 ارب مکعب میٹر قدرتی گیس کے ذخائر ہیں۔

افغانستان کے اہم ترین تیل اور گیس کے ذخائر آمو دریا اور افغان تاجک طاس میں واقع ہیں، جو صوبہ بلخ، جوزجان، فاریاب، سرپل اور سمنگان کے بعض علاقوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ مغربی اور جنوبی افغانستان میں بھی تیل اور گیس کے دیگر ذخائر موجود ہیں، جن میں ہرات تریپولی طاس، ہلمند طاس اور کٹواز طاس شامل ہیں۔

یہ قدرتی وسائل افغانستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور ملک کے توانائی کے اہم ذرائع میں شمار ہوتے ہیں۔

افغانستان کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان حکومت نے جولائی 1402 ہجری شمسی میں اعلان کیا تھا کہ وہ ملک میں تیل کی یومیہ پیداواری صلاحیت بڑھا کر ایک ہزار 200 ٹن تک لے جانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

یہ مقدار افغانستان کی تیل کی مجموعی ضرورت کا تقریباً 10 فیصد ہے۔ ملک میں تیل کی یومیہ ضرورت 8 ہزار سے 10 ہزار ٹن بتائی جاتی ہے۔

افغانستان کو سالانہ تقریباً 27 لاکھ ٹن تیل کی ضرورت ہوتی ہے، جس کا بڑا حصہ بیرونِ ملک سے درآمد کیا جاتا ہے۔

افغانستان کی وزارتِ کان کنی کی 2019 کی سرکاری رپورٹ میں، جس میں امریکہ اور افغانستان کے مشترکہ جائزے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، بتایا گیا تھا کہ ملک کے تیل کے ذخائر اور کنوؤں میں تقریباً ایک ارب 60 کروڑ بیرل خام تیل، 16 کھرب مکعب فٹ قدرتی گیس اور 50 کروڑ بیرل مائع قدرتی گیس موجود ہے۔

اس حساب سے صرف افغانستان کے خام تیل کی موجودہ قیمت کے مطابق مالیت تقریباً 107 ارب ڈالر بنتی ہے۔

افغانستان میں کوئلے کے ذخائر تقریباً ایک ارب ٹن بتائے جاتے ہیں اور اس کوئلے کا معیار بھی اچھا سمجھا جاتا ہے۔

افغانستان میں کوئلے کے اہم ذخائر کی پٹی بدخشان سے شروع ہو کر تخار، قندوز، بغلان، سمنگان، بلخ، سرپل، بامیان، دایکندی، جوزجان اور بادغیس سے گزرتی ہوئی ہرات تک پھیلی ہوئی ہے۔

اب تک ملک میں کوئلے کی 113 سے زیادہ کانوں اور معدنی ذخائر کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جن میں سے 18 کانوں میں کوئلے کے ذخائر 84 کروڑ 70 لاکھ ٹن سے زیادہ ہیں۔

کوئلہ افغانستان کے اہم معدنی وسائل میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی مشہور کانیں سمنگان، بامیان، تخار، بغلان، ہرات اور سرپل میں واقع ہیں۔

طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پہلے چار برسوں کے دوران افغانستان نے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کا کوئلہ برآمد کیا، جو ملک کی آمدن کا ایک اہم ذریعہ بن گیا ہے۔ پاکستان، ایران، ترکی، انڈیا اور چین اس کوئلے کے بڑے خریدار ہیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو