وفاقی وزیر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد ایس سی او کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کیلئے بھارت پہنچ گیا

اسکرین گریب
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے میں شرکت کے لیے نئی دلی پہنچ گیا۔
ائیرپورٹ پر پاکستانی ناظم الامور نے مصدق ملک کا استقبال کیا، میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ بدلتی عالمی صورتِ حال میں ثقافت اور تہذیبوں پر مکالمہ ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس سی او فورم خطے کے ممالک کو سرحدوں سے بالاتر ہوکر خیالات کے تبادلے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ بھارت، پاکستان، روس، چین اور وسط ایشیائی ممالک کے درمیان تہذیبی مکالمے کی جڑیں صدیوں پرانی ہیں، جن کے شواہد تاریخی آثار میں بھی ملتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد 22 نومبر تک جاری ہرنے والے تہذیبی مکالمے میں مختلف اجلاسوں میں شرکت اور رکن ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرے گا۔
بشکریہ جیو نیوز