جمعہ، 20 نومبر، 2026 · 11 جمادی الثانی، 1448 ہجری

لائیو , پینٹاگون: ایران کے خلاف جنگ کی لاگت 48 ارب ڈالر سے زیادہ ہو گئی

پاکستان
لائیو , پینٹاگون: ایران کے خلاف جنگ کی لاگت 48 ارب ڈالر سے زیادہ ہو گئی

سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے کاروباری مرکز میں واقع بلند ترین ٹاور حوثیوں کے حملے سے متاثر ہوا ہے۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق عمارت کی متعدد منزلوں کو نقصان پہنچا ہے، جہاں سعودی نیشنل کیپیٹل فنڈ بھی قائم ہے۔

اس سے چند گھنٹے قبل سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا تھا کہ ریاض میں ہونے والا نقصان ایک میزائل کے ملبے کے گرنے سے ہوا، جبکہ عینی شاہدین نے بھی ٹاور کو پہنچنے والے نقصان کی اطلاع دی تھی۔

دوسری جانب قطر کی وزارتِ خارجہ نے ریاض کے ’شاہ عبداللہ کمرشل زون‘ کو نشانہ بنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔ کویت نے بھی اس حملے کو سعودی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البداوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی اور بین الاقوامی برادری کو حوثیوں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہییں۔

پینٹاگون کے ایک اعلیٰ مالیاتی اہلکار نے کہا ہے کہ فروری کے آخر میں شروع ہونے والے تنازع کے بعد سے ایران کے خلاف امریکی جنگی کارروائیوں پر آنے والی لاگت 48 ارب ڈالر سے بڑھ چکی ہے۔

پینٹاگون میں مالیات کے نائب اہلکار آرتھر ملر نے سینیٹ میں اپنی نامزدگی سے متعلق سماعت کے دوران بتایا کہ اس رقم میں استعمال ہونے والے گولہ بارود کی تبدیلی، فوجی سازوسامان کی مرمت و تبدیلی اور آپریشنل اخراجات شامل ہیں۔

تاہم اس تخمینے میں مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو پہنچنے والے نقصان یا ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں میں تباہ ہونے والے بعض ہتھیاروں کی قیمت شامل نہیں ہے، جس کے باعث مجموعی لاگت اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

جنگی اخراجات سے متعلق یہ اکتوبر کے وسط کے بعد پہلی باضابطہ تازہ کاری ہے۔ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے تخمینوں کا حوالہ دیتے ہوئے سی بی ایس نیوز نے جنگ کی لاگت 47.1 ارب ڈالر بتائی تھی۔

پچھلے امریکی تخمینوں کے مطابق جنگی اخراجات کا سب سے بڑا حصہ، تقریباً 29 ارب ڈالر، استعمال شدہ گولہ بارود کی بھرپائی پر خرچ ہوا۔ اس کے علاوہ تباہ یا ضائع ہونے والے فوجی سازوسامان، جن میں جنگی طیارے اور ڈرون بھی شامل ہیں، کی لاگت تقریباً 6 ارب ڈالر بتائی گئی تھی۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

صدرِ پاکستان کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق ’ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔‘

ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں مزید درج ہے: ’پچھلی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی گئیں۔ تمام معاملات پر مل کر بیٹھیں گے اور مشاورت سے ان کا حل نکالا جائے گا۔‘

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں نئے صوبے بنانے کے لیے ریفرنڈم کی بات کی تھی اور صدرِ پاکستان کے بیٹے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

صدر اور وزیر اعظم کی ملاقات کی جو تصویر جاری کی گئی ہے، اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محسن نقوی بھی وہاں موجود ہیں۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک خصوصی میڈیکل ٹیم نے جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کا طبی معائنہ کیا ہے۔

جیل حکام نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا اور تقریباً ڈھائی گھنٹے جیل میں گزارنے کے بعد واپس روانہ ہوئی۔

حکام کے مطابق اس دوران عمران خان کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور خون کے ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے گئے، جس کے بعد سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ دونوں کو علیحدہ علیحدہ کمروں میں منتقل کر دیا گیا۔

مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ کلاڈ تیار کرنے والی امریکی کمپنی اینتھروپک نے نیویارک کی نیسڈیک سٹاک مارکیٹ میں اپنے حصص کی عوامی فروخت کا آغاز کر دیا ہے، جس کے بعد کمپنی کی مالیت تقریباً 15 کھرب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

اینتھروپک نے سٹاک مارکیٹ میں حصص کی عوامی فروخت شروع ہونے سے قبل ہی ریکارڈ 81 ارب ڈالر جمع کر لیے تھے، جس کے باعث اس کا شمار دنیا کی سب سے قیمتی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں کیا جا رہا ہے۔

یہ پہلی بڑی کمپنی ہے جو مکمل طور پر مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر مرکوز ہے اور جس نے عوامی سطح پر اپنے حصص فروخت کیے ہیں۔

کمپنی کے حصص کی ابتدائی قیمت 83 ڈالر مقرر کی گئی تھی، تاہم سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ حصص کی قیمت تجارت شروع ہونے پر 105 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، جو ابتدائی قیمت سے تقریباً 26 فیصد زیادہ ہے۔

اینتھروپک کی بنیاد 2021 میں اوپن اے آئی کے سابق ملازمین نے رکھی تھی۔

سعودی عرب کے محکمہ سول ڈیفنس نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ایک ٹاور کو انصار اللہ (حوثی) گروپ کے حملے کے نتیجے میں نقصان پہنچا ہے، تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

سرکاری سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ حملے سے عمارت کی کئی منزلوں اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ ادارے کی جانب سے جاری کی گئی تصویر میں بظاہر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کو ٹاور دکھایا گیا، تاہم حملے کا نشانہ بننے والی عمارت کا نام نہیں بتایا گیا۔

دوسری جانب عینی شاہدین نے خبر رساں اداروں روئٹرز اور اے ایف پی کو بتایا کہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ٹاور کے شیشے کے بیرونی حصے اور وہاں مختلف منزلوں پر واقع متعدد دفاتر کو اس حملے میں نقصان پہنچا ہے۔

ایک عینی شاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ نقصان ٹاور کے اطراف موجود عمارتوں تک بھی پھیلا، جن میں رہائشی عمارتیں شامل ہیں، جبکہ متعدد شیشے ٹوٹ گئے۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب جمعرات کی علی الصبح ریاض میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ اس دوران محکمہ سول ڈیفنس نے ممکنہ خطرے سے متعلق انتباہ بھی جاری کیا تھا، تاہم چند منٹ بعد اعلان کیا کہ صورتحال معمول پر آ گئی ہے۔

یمن میں سعودی قیادت میں یمنی حوثیوں کے خلاف لڑنے والے عسکری اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کہتے ہیں کہ اتحادی افواج نے ریاض کی جانب داغے گئے ایک ’میزائل‘ کو تباہ کیا ہے۔ ان کے مطابق میزائل کے ٹکڑے گرنے کے باعث عمارتوں کو نقصان ہوا، جس کا جائزہ متعلقہ ادارے لے رہے ہیں۔

عسکری اتحاد کے ترجمان نے نقصان کی درست جگہ کی نشاندہی نہیں کی، جبکہ حوثیوں نے فوری طور پر اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا موقع ہے کہ ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع کسی نمایاں عمارت کو نقصان پہنچا ہو۔ اس سے قبل آٹھ نومبر کو حوثیوں کے ایک حملے میں ارامکو سے وابستہ ایک عمارت کو نقصان پہنچا تھا۔

پبلک انویسٹمنٹ فنڈ ٹاور 385 میٹر بلند اور 80 منزلوں پر مشتمل ہے۔ یہ ریاض کی بلند ترین عمارت ہے اور کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے، جہاں سعودی سٹاک ایکسچینج سمیت متعدد مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے دفاتر موجود ہیں، جن میں گولڈمین ساکس بھی شامل ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں کام کرنے والے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کا شمار دنیا کے بڑے خودمختار سرمایہ کاری فنڈز میں ہوتا ہے۔ یہ 900 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثوں مالک ہے اور معیشت کو تیل پر انحصار سے دور لے جانے کے سعودی منصوبوں میں کلیدی کردار رکھتا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ستمبر کے آغاز سے جاری حملوں کے باعث ٹاور کے بیشتر ملازمین پہلے ہی گھروں سے کام کر رہے تھے۔

روئٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ٹاور کو حوثیوں کی جانب سے داغے گئے ایک میزائل نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں سات سے آٹھ منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں اور لوگوں کو وہاں سے نکال لیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ پر ایمبولینسیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ وہ ریاض کے کنگ عبد اللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں حوثیوں کی جانب سے ’شہری اور تجارتی مراکز پر دہشتگرد حملوں‘ کی مذمت کرتا ہے۔

جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنی خودمختاری، قومی اثاثوں کے دفاع اور شہریوں اور سرزمین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ’تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حق‘ محفوظ رکھتا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اب سے کچھ دیر قبل سعودی محکمہ سول ڈیفینس نے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ایک ایک ٹاور پر ہونے والے حملے اور اس سے ہونے والے نقصان کی تصدیق کی تھی۔

تاہم اس حملے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

ملک کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ’اپنی سرزمین یا قومی اثاثوں پر حملے برداشت نہیں کرے گا۔‘

قطر کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں سعودی عرب پر ہونے والے ’مسلسل حملوں‘ کی شدید مذمت کی ہے، جن کے نتیجے میں ریاض میں ’کنگ عبداللہ کمرشل زون‘ کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب کویت کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ’مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی‘ ہے۔

خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسم البدوی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کو ’حوثیوں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اور فیصلہ کن مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔‘

بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید۔

یہاں آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم خبریں اور تجزیے پیش کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ گذشتہ کوریج کو دیکھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کیجیے۔

بشکریہ بی بی سی اردو