چترال کے جنگلات میں فتنہ الخوارج کی جانب سےکاٹی گئی 14 لاکھ مکعب فٹ لکڑی خراب ہونےکا خدشہ

لکڑی خراب ہونے اور خردبرد کے خدشات کے باعث سرکاری خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے، نیب
ارندو گول چترال کے جنگلات میں فتنہ الخوارج کی جانب سے کاٹی گئی 14 لاکھ مکعب فٹ لکڑی 22 سال گزرنے کے باوجود فروخت نہ ہوسکی، جس سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق چترال ارندو گول جنگلات میں فتنہ الخوارج کی جانب سے غیرقانونی طور پر کاٹی گئی لکڑی 22 سال گزرنے کے باوجود فروخت نہ ہوسکی۔ جس پر نیب نے معاملےکا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری جنگلات خیبر پختونخوا کو خط لکھا ہے۔
نیب کے مطابق ارندو گول فاریسٹ ڈویژن چترال اور اپر کوہستان سمیت مختلف جنگلاتی ڈویژنز میں غیرقانونی کٹائی کی لکڑی ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے پڑی ہے، جس کی فروخت کے لیے متعلقہ افسران نے تاحال کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا۔لکڑی خراب ہونے اور خردبرد کے خدشات کے باعث سرکاری خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
نیب نے صوبائی حکومت کو لکڑی کی جلد فروخت کے لیے پالیسی بنانے، معاملے کو فوری حل کرنے اور اقدامات سے نیب کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ محکمہ جنگلات کے افسران، اہلکاروں اور دیگر کے خلاف انکوائری بھی جاری ہے۔
اس حوالے سے ترجمان محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا لطیف الرحمان نے جیو نیوز سے بات چیت میں کہا کہ ارندو گول کے جنگلات میں غیرقانونی طور پر کاٹی گئی 14 لاکھ مکعب فٹ لکڑی موجود ہے، جس کی مالیت 10 ارب روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ صوبے بھر میں غیرقانونی درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں ارندو جنگلات سے متعلق پالیسی کیس صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا گیا تھا، تاہم کابینہ نے ارندو سے ٹمبر نکالنے کی حتمی منظوری نہیں دی۔
بشکریہ جیو نیوز