پاکستانی موبائل ایپس سے ملنے والے ڈیجیٹل قرضوں کی لاگت میں کمی: کیا یہ واقعی کم آمدنی والوں کے لیے ریلیف ہے؟

یہ قرضے بظاہر چھوٹی رقم کے ہوتے ہیں، مگر ان پر لاگو ہونے والی بلند شرح منافع کم آمدنی والے افراد کے لیے اضافی مالی بوجھ بن جاتی ہے۔
اسی پس منظر میں پاکستان میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دیے جانے والے مختصر مدت، کم مالیت اور بغیر ضمانت قرضوں (ڈیجیٹل نینو لونز) پر شرح منافع میں کمی کر دی گئی ہے۔
ایسے قرضے عموماً وہ افراد حاصل کرتے ہیں جنھیں روایتی بینکوں سے قرض نہیں مل پاتا یا جنھیں کسی ہنگامی ضرورت کے لیے فوری رقم درکار ہوتی ہے۔
راولپنڈی میں ایک آٹو پارٹس کی دکان پر ملازم تنویر احمد بھی ایسے ہی صارفین میں شامل ہیں۔ ان کے مطابق انھیں ایک شخص کو رقم بھیجنی تھی، لیکن پانچ ہزار روپے کی کمی تھی۔ چونکہ رقم کی فوری ضرورت تھی، اس لیے انھوں نے ایک ڈیجیٹل قرض ایپ سے پانچ ہزار روپے حاصل کیے اور اپنی ادائیگی مکمل کی۔
تنویر احمد کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ قرض 20 دن بعد واپس کر دیا۔ تاہم اس دوران انھیں تقریباً 500 روپے اضافی بھی ادا کرنے پڑے۔
وہ کہتے ہیں کہ ہنگامی صورتحال میں ڈیجیٹل قرض ایپ نے ان کی ضرورت تو پوری کر دی، لیکن قرض کی واپسی کے وقت اضافی رقم ادا کرنا ان کے لیے ایک اضافی مالی بوجھ ثابت ہوا۔
اسی طرح نبیل منور، جو ایک کالج کے طالب علم ہیں، بتاتے ہیں کہ وہ بعض اوقات مہینے کے آخری دنوں میں جیب خرچ کے لیے دو سے تین ہزار روپے ڈیجیٹل قرض ایپ سے حاصل کرتے ہیں۔ بعد ازاں اگلے مہینے کے آغاز میں وہ یہ رقم واپس کر دیتے ہیں، تاہم انھیں اس کے ساتھ اضافی چارجز بھی ادا کرنا پڑتے ہیں۔
تنویر احمد اور نبیل منور کی طرح پاکستان میں بڑی تعداد میں لوگ ڈیجیٹل ایپس کے ذریعے چھوٹے قرضے حاصل کرتے ہیں۔ ان میں ایسے افراد شامل ہیں جنہیں ہنگامی اخراجات پورے کرنے، روزمرہ ضروریات کے لیے رقم درکار ہوتی ہے یا جو محدود مالی وسائل کے باعث روایتی بینکاری نظام سے قرض حاصل نہیں کر سکتے۔
تاہم ان قرضوں پر نسبتاً بلند شرح منافع اور دیگر چارجز کی وجہ سے قرض لینے والوں کو اصل رقم کے علاوہ اضافی ادائیگی بھی کرنا پڑتی ہے، جس پر صارفین اور ماہرین کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
اب سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ڈیجیٹل نینو قرضوں پر شرح منافع میں کمی کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ایسے قرض لینے والوں پر مالی بوجھ کم کرنا اور ڈیجیٹل قرضوں کے شعبے کو زیادہ شفاف اور صارف دوست بنانا ہے۔
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے موبائل ایپس کے ذریعے فراہم کیے جانے والے ڈیجیٹل نینو قرضوں پر سالانہ شرحِ منافع میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ نئی ہدایات میں نہ صرف قرضوں کی لاگت کم کی گئی ہے بلکہ قرض کی مدت، جرمانوں اور صارفین کے تحفظ سے متعلق نئے ضوابط بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق ڈیجیٹل نینو قرضے عموماً کم مدت اور کم مالیت کے قرض ہوتے ہیں جو فوری مالی ضرورت پوری کرنے کے لیے حاصل کیے جاتے ہیں۔ تاہم ان پر عائد بلند شرحِ منافع کے باعث قرض لینے والوں کو نسبتاً زیادہ ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ صارفین کو ضرورت سے زیادہ قرض لینے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ زیادہ قرض مالی مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔
نئے سرکلر کے تحت موبائل ایپس کے ذریعے دیے جانے والے نینو قرضوں کی سالانہ لاگت کی زیادہ سے زیادہ حد 274 فیصد سے کم کرکے نئے صارفین کے لیے 90 فیصد مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ وہ صارفین جو اپنا پہلا قرض بروقت واپس کر چکے ہوں گے، ان کے لیے یہ حد 70 فیصد ہوگی۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قرض لینے والوں کا تحفظ، شفافیت میں اضافہ اور ذمہ دارانہ قرض فراہمی کو فروغ دینا ہے۔
کمیشن نے سرکلر نمبر 26، 2026 کے ذریعے اپنے سابقہ سرکلر نمبر 12، 2024 میں ترمیم کی ہے۔ نئے قواعد کے مطابق ایک صارف کو زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے تک کا نینو قرض 90 دن تک کی مدت کے لیے دیا جا سکے گا۔
نئے صارفین کے لیے قرض کی یومیہ لاگت قرض کی رقم کا زیادہ سے زیادہ 0.2466 فیصد مقرر ہے، جبکہ بروقت ادائیگی کرنے والے صارفین کے لیے یہ شرح 0.1918 فیصد ہوگی۔
اس حساب سے اگر کوئی صارف 10 ہزار روپے کا قرض حاصل کرتا ہے تو نئے صارف کے لیے اس کی یومیہ لاگت تقریباً 24 روپے 66 پیسے اور موجودہ صارف کے لیے 19 روپے 18 پیسے بنتی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق تمام فیسیں اور دیگر چارجز اسی لاگت میں شامل ہوں گے۔
نئے ضوابط کے تحت اگر کوئی قرض لینے والا مقررہ مدت سے پہلے قرض واپس کر دے تو اس سے صرف انہی دنوں کی لاگت وصول کی جا سکے گی جن کے دوران قرض اس کے استعمال میں رہا۔ اسی طرح قرض کی مدت خودکار طور پر نہیں بڑھائی جا سکے گی بلکہ اس کے لیے صارف کی واضح درخواست اور تمام اخراجات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
ایس ای سی پی نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ قرض کی مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد ابتدائی تین دن تک کسی قسم کا تاخیرانہ جرمانہ وصول نہیں کیا جا سکے گا۔
کمیشن نینو قرض حاصل کرنے والے صارفین کا ایک مرکزی ڈیجیٹل ریکارڈ یا ڈیجیٹل ریپوزٹری قائم کرنے پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس نظام کے ذریعے قرض فراہم کرنے والی کمپنیاں صارف کے موجودہ قرضوں اور ادائیگی کی صورتحال کا جائزہ لے سکیں گی اور مالی مشکلات کے شکار افراد کو مزید قرض دینے کے بارے میں زیادہ محتاط فیصلے کر سکیں گی۔
ایس ای سی پی نے تمام لائسنس یافتہ ڈیجیٹل قرض دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 دن کے اندر اپنی موبائل ایپس، شرائط و ضوابط اور متعلقہ دستاویزات کو نئے قواعد کے مطابق اپ ڈیٹ کریں اور صارفین کو نئی شرحوں سے آگاہ کریں۔ اس کے علاوہ انھیں 30 دن کے اندر کمیشن کو تعمیل کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا۔
اگرچہ ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل نینو قرضوں پر سالانہ شرحِ منافع کی حد میں نمایاں کمی کی ہے، تاہم بعض مالیاتی ماہرین کے مطابق نئی شرح بھی اب تک نسبتاً زیادہ ہے۔
مالیاتی امور کے ماہر راشد مسعود عالم کے مطابق نینو قرضوں پر بلند شرحِ منافع کی بنیادی وجہ ان میں موجود زیادہ خطرہ یا 'ڈیفالٹ رسک' ہے۔
بی بی سی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نینو قرضے عموماً بغیر کسی ضمانت یا گروی کے دیے جاتے ہیں، جس کی وجہ سے قرض فراہم کرنے والے اداروں کو رقم واپس نہ ملنے کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔
'جب قرض دینے والا ادارہ یہ سمجھتا ہے کہ رقم کی واپسی میں خطرہ زیادہ ہے تو وہ اس خطرے کو پورا کرنے کے لیے شرحِ منافع میں ایک اضافی عنصر، یعنی رسک پریمیم، شامل کرتا ہے۔'
ان کے مطابق ایسے قرضے عموماً دکانداروں، مزدوروں، ملازمت پیشہ افراد یا کم آمدنی والے صارفین کی جانب سے حاصل کیے جاتے ہیں جنہیں کسی ہنگامی ضرورت یا وقتی مالی دباؤ کے باعث فوری رقم درکار ہوتی ہے۔
راشد مسعود عالم کا کہنا ہے کہ چونکہ ان قرضوں کے بدلے کوئی سکیورٹی یا قابلِ ضبط اثاثہ موجود نہیں ہوتا، اس لیے ادائیگی نہ ہونے کے امکانات بھی نسبتاً زیادہ ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ قرض کی لاگت روایتی بینک قرضوں کے مقابلے میں زیادہ رکھی جاتی ہے۔
دوسری جانب ایس ای سی پی کا مؤقف ہے کہ نینو قرضوں کے حوالے سے بیان کی جانے والی شرح ماہانہ نہیں بلکہ سالانہ شرحِ منافع ہے اور اس کا تقابل بھی اسی بنیاد پر کیا جانا چاہیے۔ ریگولیٹر کے مطابق قرض کی لاگت مارکیٹ پر مبنی ہے اور سرکلر میں شرحِ منافع کی زیادہ سے زیادہ حد واضح طور پر سالانہ بنیاد پر مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان میں بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں سے قرض حاصل کرنے والے افراد اگر مقررہ مدت میں قرض واپس نہ کریں تو ان کی معلومات کریڈٹ ریکارڈ کا حصہ بن سکتی ہیں۔
اس مقصد کے لیے کریڈٹ انفارمیشن بیورو (سی آئی بی) اور دیگر کریڈٹ رپورٹنگ نظام مالیاتی اداروں سے قرض لینے والوں کے قرضوں اور ادائیگیوں سے متعلق معلومات جمع کرتے ہیں۔ بعد ازاں یہ معلومات ایک مرکزی ڈیٹا بیس میں محفوظ کی جاتی ہیں اور ضرورت پڑنے پر رکن مالیاتی اداروں کو کریڈٹ رپورٹس کی صورت میں فراہم کی جاتی ہیں۔
ان رپورٹس کا مقصد قرض لینے والے کی مالی ساکھ، ادائیگی کی تاریخ اور قرض سے وابستہ خطرات کا اندازہ لگانے میں مالیاتی اداروں کی مدد کرنا ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر کوئی شخص ڈیجیٹل نینو قرض کی ادائیگی نہیں کرتا تو اس کی معلومات بھی متعلقہ کریڈٹ ریکارڈ کا حصہ بن سکتی ہیں، جس سے مستقبل میں قرض یا دیگر مالی سہولیات حاصل کرنے میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
تاہم نینو قرضوں کی مالیت عموماً کم ہونے کے باعث بہت سے صارفین بقایا رقم، جرمانے یا تاخیر کے چارجز ادا کرکے اپنی ادائیگی کی حیثیت بہتر بنا سکتے ہیں۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق جلد از جلد بقایا رقم کی ادائیگی قرض لینے والے کو طویل المدتی کریڈٹ مسائل سے بچانے میں مدد دے سکتی ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو