کراچی ائیرپورٹ کی پارکنگ میں لفٹنگ کے دوران ہائبرڈ کار جل کر خاک

جلنے والی کار ہائبرڈ تھی، لفٹنگ کے وقت اس کی وائرنگ شارٹ ہوگئی اور کار کی حساس بیٹریوں نے آگ پکڑ لی، عینی شاہدین/ فوٹو: اسکرین گریب
کراچی ائیرپورٹ کی پارکنگ میں لفٹنگ کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی ہائبرڈ کار جل کر خاک ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی پارکنگ میں کار میں آگ لگنے کا واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا اور جناح ٹرمینل آنے والے شخص نے مبینہ طور پر کار نوپارکنگ میں پارک کی تھی۔
جناح ٹرمینل پر پارکنگ کا انتظام چلانے والی نجی کمپنی نو پارکنگ پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھا کر بھاری جرمانے وصول کرتی ہے، اس کمپنی کے لفٹر آپریٹر نے جیسے ہی کار کو اٹھایا، کار کے اندر آگ بھڑک اٹھی تاہم اس دوران لفٹر ڈرائیور جلتی کار کو دیگر گاڑیوں سے بچا کر پارکنگ کے سنسان مقام تک پہنچانے میں کامیاب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق جب تک ائیرپورٹس اتھارٹی کے فائر فائٹرز پہنچتے قیمتی کار مکمل طور پر جل چکی تھی۔
عینی شاہدین نے جیو نیوز کو بتایا کہ جلنے والی کار ہائبرڈ تھی، لفٹنگ کے وقت اس کی وائرنگ شارٹ ہوگئی اور کار کی حساس بیٹریوں نے آگ پکڑ لی جبکہ ائیرپورٹ حکام نے بھی تصدیق کی کہ گاڑی کو لفٹنگ کے دوران لگی۔
ائیرپورٹ ذرائع کا بتانا ہے لفٹر آپریٹر غیر تربیت یافتہ ہیں جس کی وجہ سے لفٹنگ کے دوران اکثر گاڑیوں کو نقصان پہنچتا رہتا ہے جبکہ ذرائع نے الزام لگایا کہ بھاری جرمانے کی وصولی کیلئے غیر ضروری طور پر بھی گاڑیوں کو اٹھایا جاتا ہے۔
دوسری جانب اطلاع ہے کہ کار مالک نے نجی کمپنی پر نقصان کا دعویٰ کر دیا ہے۔
جناح ٹرمینل کی پارکنگ میں جہاں بیک وقت سیکڑوں گاڑیاں پارک ہوتی ہیں، نہ تو فائر ہائیڈرینٹ موجود ہیں اور نا ہی آگ پر فوری قابو پانے کا کوئی اور انتظام ہے۔
بشکریہ جیو نیوز