جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اپنی حکومت کی کاکردگی سے مطمئن ہوں، ہم نے سندھ میں بہت کام کیا ہے: بلاول

پاکستان
اپنی حکومت کی کاکردگی سے مطمئن ہوں، ہم نے سندھ میں بہت کام کیا ہے: بلاول

کراچی کا مقابلہ کیسے کسی اور شہر کے ساتھ کیا جا سکتا ہے، کیا پاکستان کا کوئی ایسا شہر ہے جسے ایک ساتھ 4 ادارے چلا رہے ہوں: چیئرمین پیپلز پارٹی۔ فوٹو فائل

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، سمجھتا ہوں کہ ہم نے صوبے میں بہت کام کیا ہے لیکن بہت بہتری کی گنجائش بھی باقی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا میری کارکردگی کو جانچنا عوام کا کام ہے، چیئرمین پی سی بی کا نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ ہم نے سندھ میں بہت کام کیا ہے اور بہت بہتری کی گنجائش موجود ہے، میں اپنی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

انہو ں نے کہا کہ اگر میں نے کوئی بیان دیا ہے تو کیا اس کے جواب میں یہ ردعمل ہونا چاہیے کہ وہ بحث بھی شروع کریں اور ساتھ ساتھ یہ بھی کہیں کہ فیصلہ ہوچکا ہے، اگر فیصلہ ہوچکا ہے تو پھر بحث کس چیز کی، اگر فیصلہ ہو چکا ہے تو پھر میری رائے دینے پر اعتراض کیوں ہو رہا ہے، کیا مجھے اپنی رائے کا اظہار کرنے کی بھی آزادی نہیں ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کچھ سیاستدان سمجھتے ہیں کہ خاموش رہنا بہتر ہے اور کچھ سیاستدانوں کی تاریخ یہ رہی ہے کہ جیل جانے کے بعد اپنے مؤقف میں تبدیلی لاتے ہیں، میں پی ٹی آئی پر تنقید کرتا ہوں لیکن پارلیمنٹ میں پہلے دن سے ان سے کہتا چلا آ رہا ہوں کہ ہمیں اپنے سیاسی مسائل کا حل خود نکالنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا میں نہیں سمجھتا کہ ریفرنڈم کی بات کرنے والے ریفرنڈم کروا بھی سکیں گے، میری دعوت ہے کہ سندھ کی تقسیم کا نعرہ لیکر کراچی سے باہر نکل کر دیکھیں۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کراچی کا مقابلہ کیسے کسی اور شہر کے ساتھ کیا جا سکتا ہے، کیا پاکستان کا کوئی ایسا شہر ہے جسے ایک ساتھ 4 ادارے چلا رہے ہوں، کراچی کو کے ایم سی بھی چلاتا ہے، کے پی ٹی بھی چلاتا ہے، سندھ حکومت بھی چلاتی ہےاور ڈی ایچ اے بھی چلاتا ہے، کراچی کے اپنے مسائل ہیں جو دیگر شہروں کے نہیں ہیں۔

کراچی میں سیف سٹی کیمرے لگانے سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا پہلے جو لوگ تنقید کرتے تھے کہ کراچی میں سیف سٹی کیمرے کیوں نہیں ہیں اب وہی لوگ نتقید کر رہے ہیں کہ کیمرے کیوں لگائے ہیں کیونکہ ان کے جرائم پکڑے جا رہے ہیں۔

بشکریہ جیو نیوز