دھمکی نہیں دے رہا خبردار کر رہا ہوں، زبردستی سندھ کو تقسیم کی کوشش سے امن و امان خراب ہوگا: بلاول

نئے صوبوں کی بات کرنے والے وہ لوگ ہیں جو نہ کبھی الیکشن جیتے نہ آگے جیت سکتے ہیں: چیئرمین پیپلز پارٹی۔ فوٹو فائل
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 6 ماہ میں عام انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم نہ کرائیں، انتخابی اصلاحات کرا کے 6 ماہ میں الیکشن کرا دیں، میں دوبارہ جیت کر آکر بتادوں گا کہ سندھ کے عوام نے ووٹ کیوں دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سندھ میں امن و امان کی ضمانت لیں، ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانے کے معاملے پر کوئی باضابطہ بات اب تک نہیں کی گئی، نواب شاہ میں صدر زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات ہو یا لاہور میں صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، ریفرنڈم کا معاملہ زیرغور نہیں تھا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی بات کرنے والے وہ لوگ ہیں جو نہ کبھی الیکشن جیتے نہ آگے جیت سکتے ہیں، پاکستان کے حکمران ملک کے اصل مسائل کے حل کے لیے دلچسپی نہیں دکھا رہے، کیا پاکستان ایسے چلے گا کہ چیئرمین پی سی بی یہ بحث شروع کریں کہ سسٹم کیسے ری سیٹ ہوگا اور نئے صوبے کیسے بنیں گے؟ صوبوں کی تقسیم پر سندھ میں خون بہے گا، زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کریں گے تو امن و امان خراب ہوگا، دھمکی نہیں دے رہا بلکہ خبردار کر رہا ہوں، محسن نقوی صوبوں کی تقسیم پر ریفرنڈم تو چاہتے ہیں مگر وہ نقشے پریہ تک نہیں بتاسکیں گے کہ سندھ کے شہرکہاں واقع ہیں۔
اس سے قبل ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ میں 80 اور 90 کی دہائی میں کیا ہوا؟ اس وقت بھی حالات ایسے بنائے گئے تاکہ سندھ میں تقسیم پیدا ہو، آج بھی یہ خطرہ موجود ہے اس لیے خبردار کر رہا تھا، میں خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا دھمکی نہیں دے رہا تھا، خبردار کر رہا تھا اگر زور زبردستی ایسا کچھ کیا گیا تو نتائج یہ ہوں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ بات صرف میں نہیں کر رہا اس تجویز کا جو بڑا وکیل ہے جس کا کراچی سے تعلق ہے انھوں نے بھی یہی الفاظ استعمال کیے، زبردستی کی گئی تو میرے نہ چاہنےکے باوجود وہ آگ لگےگی جس کو بجھانا مشکل ہوجائےگا، اگر ایسے حالات کیے جائیں گےکہ کراچی پورٹ سے جو سامان نکلتا ہے وہ باہر نہ جاسکے تو کیا معاشی اثر ہوگا؟
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کہےگا کہ سسٹم کولپیس کرےگا تو میرا بھی حق ہےکہ ہم اپنا مؤقف دیں، اگر سسٹم کولیپس ہے توکیوں ہے؟ اگر کوئی کہتا ہےکہ سسٹم ری سیٹ ہونا ہے تو میرا حق ہے کہ اپنا مؤقف دوں، اس ری سیٹ کی کیا شکل ہونی چاہیے؟ کیا غیرسیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے یا سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے؟ اپنی تجاویزسے آگاہ کیا ہے، اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا، اپنی پوزیشن سے پیچھے نہیں ہٹا، معاشی مشکلات کا شاید اشرافیہ کو اندازہ نہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میری حکومت موجود ہے میں اسٹیک ہولڈر ہوں، میں بڑا اسٹیک ہولڈر ہوکر بتا رہا ہوں کہ حالات بہترکرنےکی یہ میری تجاویز ہیں، میں اسٹیک ہولڈر ہوں اس لیے کہہ رہا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، لگ رہا ہےکہ میرے سچ بولنےکے بعد انھوں نے فیصلہ کرلیا ہےکہ مجھ سے بھی لڑیں گے، جو رد عمل آیا ہے ثبوت ہےکہ سیاستدانوں میں سچ سننےکا حوصلہ نہیں، میری بات سننےکا ان میں حوصلہ نہیں تو عوام کا کیا ہوگا جواپنی آواز حکومت تک نہیں پہنچاسکتے، آپ نے بحث شروع کی تو اتنی ہمت کریں کہ یہ بحث اب ہو، خود ہی فیصلہ کیا کہ یہ بحث ٹاؤٹس کے ذریعےکی جائےگی تو یہ ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اتنا کمزور نہیں کہ یکطرفہ بحث ہوگی باقی سب کو ماننا ہوگا یا خاموش رہنا ہوگا، ایسا تو ہونا نہیں چاہیے، جب سے صوبوں کی بحث کا آغاز ہوا نہ کسی وزیر، وزیراعظم یا کسی سیاسی اسٹیک ہولڈر سے بات کی گئی، بحث ہونی چاہیے لیکن بنیادی مسائل پر توجہ نہیں، میں یہ توجہ ان مسائل پر دلانا چاہ رہا ہوں، سسٹم گرچکا ہے تو کیا صرف ان کا حق ہے؟ کیا پی سی بی چیئرمین کو یہ حق ہےکہ وہ کہےکہ سسٹم گرچکا ہے، اگر سسٹم ری سیٹ کرنا ہے تو کیا پی سی بی کو ذمہ داری سونپی گئی ہےکہ فیصلہ کرے، مولانا فضل الرحمان آپ کے پرانے ساتھی رہے ہیں، تنقید کریں تو ردعمل گھرگرانےکا آتا ہے۔
27 ویں ترمیم کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 27 ویں ترمیم میں آئینی عدالت کا بن جانا ایک تاریخی کامیابی ہے، ہم نے27 ویں ترمیم پاس کرلی، میں اس سے پیچھے نہیں ہٹ رہا، میں نہیں کہتا کہ 27 ویں ترمیم ختم کریں یا آئینی عدالتیں ختم کریں، 26 ویں آئینی ترمیم کے لیے مولانا فضل الرحمان کے ذریعے اپوزیشن کا ان پٹ حاصل کیا،27 ویں ترمیم کے لیے اپوزیشن کا ان پٹ نہ لے سکے،27 ویں ترمیم کے بعد جج صاحبان کا رد عمل میرے لیے غیر متوقع تھا، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ سے استعفے نہیں آئے،27 ویں کے بعد استعفے دیےگئے، میں نےکہا عدلیہ اور وکلا کا ان پٹ لیا جائے اس میں کیا ریڈ لائن کراس کی میں نے؟
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی اور جمہوری ری سیٹ ہونا ہے تو اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا ہے، تجویز دے رہا ہوں کہ اپوزینش کو مخصوص نشستیں واپس دی جائیں، یہ تجویز ہے ریڈ لائن نہیں، میں تجویز دے سکتا ہوں حکومت نے نہیں کرنا اور نہیں سننا تو زور زبردستی سے تو کام نہیں کرسکتا، تجویز دی ہےکہ اگر ہمیں شروعات کرنی ہے تو یہاں سے آغاز کیا جاسکتا ہے، جب یہ مخصوص نشستیں حکومت کے پاس نہیں تھیں تب بھی پیپلزپارٹی سپورٹ دیتی تھی، یہ مخصوص نشستیں نہیں ہوں گی تو اب بھی ہم پر کوئی آسمان نہیں گرےگا، اس نظام کا بوجھ اٹھانے میں میرا سیاسی نقصان ہے، میں آج بھی چاہ رہا ہوں کہ شہباز شریف کامیاب ہوں۔
انہوں نےکہا کہ ایران امریکا جنگ کے بعد اس کے نتائج دنیا بھرکی معیشت پرپڑے ہیں، عوام کی ہم سے واحد امید اس وقت معاشی مسائل کا حل ہے، حکومت کوکہنا چاہوں کہ کن فیکون کی طاقت صرف اللہ کے پاس ہےکسی اورکے پاس نہیں ہے، اگر کسی کو کوئی غلط فہمی ہے کہ کہہ دیا تو فیصلہ ہوگیا اوربن گیا تواس کےنتائج ہوں گے، ہمارے معاشرے، وفاق، سیاست اور عوام کی زندگی میں اس کےنتائج ہوں گے۔اگریہ آپ کا حق ہےکہ آپ فیصلہ کریں، آپ کے پاس اتنی طاقت ہےکہ فیصلہ سناتے ہیں اور وہ ہو جاتا ہے تو میری بات پر اتنا زلزلہ اور آفٹرشاکس کیوں؟
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کیا گورنر شپ، چیئرمین سینیٹ کی نشست نہ ہوتی تو پیپلزپارٹی کی سیاست ختم ہوجاتی؟ جو رویہ اتحادیوں کے ساتھ رکھا جا رہا ہے اس کے باوجود حکومت کے ساتھ ہوں، آج بھی چاہتا ہوں کہ وزیراعظم شہبازشریف کامیاب ہوں، عمران خان سیاستدان بھی ہیں اور قیدی بھی ہیں تو کیا وہ سیاسی قیدی نہیں؟ میرے لیے یہ ماننا مشکل ہے کہ ملک کا ہر وزیراعظم چور ہے، وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں کہ کوئی پاکستان کا وزیراعظم بنے اور جیل نہ جائے، میں مخصوص نشستوں پر صرف ایک تجویز دے رہا ہوں یہ کوئی ریڈلائن نہیں
بشکریہ جیو نیوز