سکیورٹی فورسز کی بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں کارروائی، 4 خوارج ہلاک

فورسز نے کارروائی کے دوران 2 ایل ایم جیز، 7 ایس ایم جیز، 8 دستی بم اور گولہ بارود برآمد کرلیا: ذرائع
سکیورٹی فورسز کی عزمِ استحکام وژن کے تحت خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں کی جانے والی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گیدڑ کیمپ میں خوارج کی موجودگی کی تصدیق کے بعد سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا، سرچ آپریشن کے دوران چھپے ہوئے 2 زخمی خوارج کی فائرنگ کا سکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دیتے ہوئے دونوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے کارروائی کے دوران 2 ایل ایم جیز، 7 ایس ایم جیز، 8 دستی بم اور گولہ بارود برآمد کرلیا، کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی کا پرچم، 6 موبائل فون، بندوقوں کی بیلٹس اور دیگر سازوسامان بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
بشکریہ جیو نیوز