بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ملک میں 70 فیصد حکومت پی پی کی ہے اور بلاول ایسا تاثر دے رہےہیں کہ ان کا حکومت سےکوئی لینا دینانہیں: طلال چوہدری

پاکستان
ملک میں 70 فیصد حکومت پی پی کی ہے اور بلاول ایسا تاثر دے رہےہیں کہ ان کا حکومت سےکوئی لینا دینانہیں: طلال چوہدری

فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ بلاول بھٹو زرداری آئین اور جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں لیکن عملی طور پر جمہوریت اور آئین کے لیے ان کی گورننس اور پرفارمنس زیرو ہے، ملک میں 70 فیصد حکومت پیپلز پارٹی کی ہے اور اب بلاول ایسا تاثر دے رہے ہیں کہ ان کا حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول کہتے ہیں انتظامی یونٹ بننے چاہئیں لیکن جہاں کرپشن اور بیڈگورننس ہے وہ صوبہ تقسیم نہیں کرنا، انتظامی یونٹ کی ضرورت ہی وہاں ہے جہاں بیڈگورننس ہے ، یہ پورے ملک کا ری سیٹ ہے سیاسی خواہشات پر کسی صوبے میں نہ ہو ایسا نہیں ہوسکتا۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک طرف بلاول کہتے ہیں فیصلہ بُلٹ سے نہیں بیلٹ سے ہونا چاہیے تو اب آپ ووٹ سے ڈر کیوں رہے ہیں؟ پاکستان میں سب سے زیادہ حکومت پیپلزپارٹی کی ہے،تین صوبوں کے سربراہ ان کے ہیں،صدر پیپلزپارٹی کے ہیں، چیئرمین سینیٹ ان کے ہیں، کل وہ ایسے ہوگئے جیسے حکومت سے ان کا کوئی تعلق ہی نہیں، پاکستان میں 70 فیصد حکمرانی پیپلزپارٹی کی ہے، گلگت اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ بلاول آئین میں سے اپنی مرضی کی شق موسم کے حساب سے نکالتے ہیں، آپ کو جوپسند ہو وہ آئین بہت اچھا ہے اور دوسرےکو کہہ دیا جائے کہ نہیں جی یہ تو غیرآئینی ہے، جمہوریت صرف تقریر کرنے اور آئین کے آرٹیکلز کی تشریح کرنےکا نام نہیں، جمہوریت میں پرفارمنس اور گورننس بھی ضروری ہے، آئین میں ترامیم وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق کی جاتی ہیں، پاکستان قائم و دائم رہےگا اور حالات کے مطابق آئینی عمل آگے بڑھتا رہےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف پیپلزپارٹی کےگورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کی، لگتا ہےکل بلاول اپنے لوگوں کو شرم دلانا چاہ رہے تھے ۔مولانا فضل الرحمان پر پہلا حملہ گورنر خیبرپختونخوا نے کیا تھا، گورنر خیبرپختونخوا مولانا فضل الرحمان پر ایک بار نہیں روزانہ تنقید کرتے ہیں، پاکستان میں کوئی لیڈر یا حکومت قانون سے بالاتر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے چند سادہ سوالات کیے گئے ہیں، ان کا جواب دینا ہوگا، جن کی داڑھی ہے ان پر ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے، ایک روپیہ یا ایک لقمےکی ناجائز کمائی کا الزام لگے تو جواب دینا ضروری ہے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھیوں اور صاحبزادوں کے اثاثوں پر سوالات اٹھائےگئے ہیں، اگر حضرت عمر فاروقؓ سے سوال ہوسکتا ہے تو مولانا فضل الرحمان سےکیوں نہیں؟مولانا فضل الرحمان پر کوئی حملہ نہیں کیا گیا،آئین اور قانون کے مطابق سوال اٹھائے گئے ہیں۔

بشکریہ جیو نیوز