بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی: پورٹ قاسم پر بھارتی عملے کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں بے نقاب

پاکستان
کراچی: پورٹ قاسم پر بھارتی عملے کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں بے نقاب

فوٹو جیونیوز

کراچی: پورٹ قاسم پر بھارتی عملے کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں بے نقاب ہوگئیں۔

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے پورٹ قاسم پر لنگر انداز کنٹینر شپ AGAMEMNON 8 پر تعینات 2 بھارتی شہریوں کے سی مین دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران اہم بے ضابطگیوں کا سراغ لگا لیا۔

دونوں بھارتی عملے کے ارکان کے پاس لازمی سمندری دستاویزات کی عدم موجودگی اور غیر معیاری سی ڈی سی(CDC) دستاویزات کی نشاندہی کی گئی۔

جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ دونوں بھارتی عملے کے ارکان کے پاس نیشنل سی مین بک یا متعلقہ فلیگ اسٹیٹ کی درست سی مین بک موجود نہیں تھی جب کہ ان کے پیش کردہ سی ڈی سی(CDC) دستاویزات بھی مقررہ تقاضوں پر پورا نہیں اترتے تھے۔

دستاویزات میں بے ضابطگیوں کے حامل بھارتی شہریوں کی شناخت آتھلنگم کارتھیکیان اور ولیکّیٹل بابو سِزلے کے نام سے ہوئی، ان کے پاس بالترتیب بیلیز اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے جاری کردہ سی ڈی سی(CDC) دستاویزات موجود تھے جنہیں امیگریشن حکام نے قواعد کے مطابق نہ ہونے کی بنیاد پر غیر تسلی بخش قرار دیا۔

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ شپنگ کمپنی ایم ایس سی پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور وضاحت طلب کی۔

کمپنی کا جواب غیر تسلی بخش قرار پانے پر دونوں بھارتی عملے کے ارکان کے حوالے سے فی کس 5 لاکھ روپے اور مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

بشکریہ جیو نیوز