منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

’کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا‘: محسن نقوی کی ریفرنڈم کی تجویز پر بلاول کا سخت جواب کیا ظاہر کرتا ہے؟

پاکستان
’کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا‘: محسن نقوی کی ریفرنڈم کی تجویز پر بلاول کا سخت جواب کیا ظاہر کرتا ہے؟

بلاول بھٹو نے اپنے ہاتھ کی انگلیاں جوڑیں اور ان کے سِرے پر ماتھا ٹکاتے ہوئے بولے: ’مجھے نہیں پتا کہ محسن بھائی کرنا کیا چاہ رہے ہیں۔‘

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا اشارہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی جانب تھا۔

انھوں نے سوال کیا: ’اگر واقعی میرے بھائی (یعنی محسن نقوی) نئے صوبے بنانا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے اتنی محنت کر رہے ہیں‘ تو پھر اس معاملے پر پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی قوتوں کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا گیا۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے حال ہی میں نئے صوبے بنانے کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز دی ہے۔

ریفرنڈم عوام سے کسی اہم قومی یا آئینی معاملے پر براہِ راست رائے لینے کا ایک طریقہ ہے۔ اس میں ووٹرز کے سامنے ایک مخصوص سوال رکھا جاتا ہے جس کا جواب عموماً ’ہاں‘ یا ’نہیں‘ کی صورت میں دیا جاتا ہے۔

جمعرات (12 نومبر) کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا تھا کہ مختلف سرویز (رائے عامہ کے جائزوں) سے معلوم ہوا ہے کہ عوام کی اکثریت نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے، ’اس لیے اس معاملے پر ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے۔‘

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر عوام ریفرنڈم میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کریں تو وہ اس فیصلے کو مکمل طور پر قبول کریں گے، تاہم اگر عوام نئے صوبوں کے حق میں رائے دیں تو پھر ان کے قیام کی راہ ہموار ہونی چاہیے۔

ریفرنڈم کے حق میں دلیل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں سے متعلق جاری بحث کا بہترین حل یہی ہے کہ ’فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے۔‘

نئے صوبے بنانے کی اس حالیہ بحث کا آغاز بھی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ہی کیا تھا۔

30 جولائی کو ملک کے انتظامی ڈھانچے پر سوال اٹھاتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ ’جس نظام کے اندر ہم رہ رہے ہیں یہ کولیپس کر چکا ہے (ڈھے چکا ہے)۔‘

ساتھ ہی انھوں نے مسائل کے حل کے لیے پاکستان میں نئے صوبے بنانے کا مشورہ دیا تھا۔

محسن نقوی کی جانب سے ریفرنڈم کی تجویز سامنے آنے کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آج منگل کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس کی کھل کر مخالفت کی۔

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

انھوں نے کہا کہ کئی ماہ سے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث ’زبردستی‘ چھیڑی جا رہی ہے، حالانکہ اس معاملے پر نہ پارلیمان میں کوئی باقاعدہ پیش رفت ہوئی ہے اور نہ ہی وفاقی کابینہ میں اس پر کوئی فیصلہ یا بحث ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا: ’اگر کابینہ نے اس معاملے پر غور ہی نہیں کیا تو پھر یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک وفاقی وزیر مسلسل اسی مؤقف کو آگے بڑھا رہے ہوں۔‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں وزیرِ اعظم شہباز شریف کامیاب ہوں لیکن ان کے پاس ’اتنا اختیار تو ہونا چاہیے کہ اپنے وزیر کو کنٹرول کریں۔‘

ان کے بقول اگر وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ’اپنے ہی وزیر انھیں کمزور کریں گے‘ تو پھر سسٹم کولیپس کرنے کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے خبردار کیا کہ اگر صوبہ سندھ کی تقسیم زبردستی کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

’اگر زبردستی سندھ تقسیم کیا گیا تو کراچی کی سڑکوں پر جو خون بہے گا، اس پر سوال پوچھے جائیں گے۔ زبردستی صوبے تقسیم کیے گئے تو معاشرے میں تقسیم پیدا ہو گی اور یہ تقسیم دشمنی تک جا سکتی ہے۔‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ ممکنہ کشیدگی صرف کراچی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے اثرات سندھ کے دیگر علاقوں تک پھیل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’میں وہ خون خرابہ نہیں دیکھنا چاہتا۔‘

ریفرنڈم سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ اصل بات ’ریفرنڈم کی نہیں بلکہ نیت کی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ آئین میں نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار پہلے سے موجود ہے، اس لیے جب کوئی شخص آئینی راستے کے بجائے ریفرنڈم یا کسی اور طریقے کی بات کرتا ہے تو اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ کسی غیر آئینی راستے کی تلاش میں ہے۔

’اگر آپ غیر آئینی طریقہ تلاش کر رہے ہیں تو اس میں پیپلز پارٹی آپ کا ساتھ نہیں دے سکتی۔‘

تاہم بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ’صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا‘ اور جمہوری و قانونی تقاضا یہی ہے کہ اس موضوع پر ’گفتگو جاری رہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے عوام نئے صوبوں کے حق میں رائے رکھتے ہیں تو ’بنا دیے جائیں۔‘

وزیر اطلاعات نے سندھ کی تقسیم کے نتیجے میں خون خرابے سے متعلق بلاول بھٹو کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر ’خون بہا دینے‘ کی بات ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں کے بارے میں بحث کرتے وقت عوامی رائے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

انھوں نے سوال کیا: ’آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے؟‘

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ عوام کی مرضی کے بر عکس کوئی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا اور ’عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے۔‘

جس روز وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبے بنانے کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز دی تھی، تو اگلے ہی روز سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اس کی حمایت کی تھی اور آئینی عدالت کی رائے لینے کا بھی عندیہ دیا تھا۔

جمعہ (13 نومبر) کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ آئین کے مطابق نئے صوبے بنانے کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی قرارداد درکار ہوتی ہے، تاہم اگر کسی صوبے کے عوام خود ریفرنڈم کے ذریعے (صوبہ مزید تقسیم کرنے یا نہ کرنے پر) اپنی رائے دے دیں تو یہ سوال اٹھے گا کہ کیا ان کے منتخب نمائندے اس فیصلے کے برعکس رائے دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مثال کے طور پر سندھ میں ریفرنڈم کرایا جائے اور عوام کسی مؤقف کے حق میں فیصلہ دے دیں، لیکن بعد میں اسمبلی اس کے خلاف قرارداد منظور کر لے، تو یہ ایک آئینی تنازع بن جائے گا جس پر آئینی عدالت سے رہنمائی لینا پڑ سکتی ہے۔

ملک احمد خان کے بقول آئینی عدالتوں کے قیام کا ایک مقصد ایسے ہی پیچیدہ سوالات کا جواب دینا بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب عوام اپنی رائے دے چکے ہوں تو پھر ’یہ ایک آئینی سوال بن جاتا ہے کہ کیا ان کے نمائندے اس کے خلاف فیصلہ کر سکتے ہیں یا نہیں۔‘

ریفرنڈم، آئینی تشریح اور نئے صوبوں سے متعلق جاری بحث کو وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید آگے بڑھایا، جب انھوں نے نہ صرف آئینی عدالت کے ممکنہ کردار کا حوالہ دیا بلکہ نئے سال تک ایک ’نئے نظام‘ کے سامنے آنے کی پیش گوئی بھی کی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اتوار (15 نومبر) کو جیو نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکتا ہے۔

ریفرنڈم کی آئینی حیثیت اور یہ سوال آئینی عدالت کے سامنے رکھنے جانے سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ وہ اس پر کوئی حتمی رائے نہیں رکھتے، تاہم ان کے مطابق آئینی عدالت کا مینڈیٹ ایسے ہی معاملات کا احاطہ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی آئینی مسئلے پر ابہام پیدا ہو، آئین کی تشریح درکار ہو یا رہنمائی کی ضرورت پیش آئے تو ’آئینی عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس حوالے سے کوئی ٹائم لائن طے کی گئی ہے تو خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ان کی ذاتی رائے میں ’نئے سال کے آغاز تک یہ نیا نظام بھی سامنے آ سکتا ہے۔‘

تاہم نئے صوبوں سے متعلق سیاسی بیانات اور قیاس آرائیوں سے ہٹ کر سوال یہ ہے کہ آئینِ پاکستان اس معاملے میں کیا کہتا ہے اور نئے صوبے بنانے کا قانونی طریقۂ کار کیا ہے؟

پاکستان میں نئے صوبے بنانے کے لیے طریقۂ کار کی رہنمائی آئین پاکستان کی شق نمبر 239 کی ذیلی شق چار سے ملتی ہے۔

اس شق میں دیے گئے طریقۂ کار کے مطابق جس صوبے کو تقسیم کر کے نئے صوبے بنائے جانے ہوں، اگر اس متعلقہ صوبے کی اسمبلی کے اراکین کی کل تعداد کی دو تہائی اکثریت صوبے کی حدود میں رد و بدل کے حق میں ووٹ ڈالے گی، تو ہی پارلیمان آئینی ترمیمی بل منظور کر کے صدرِ مملکت کو پیش کر سکتی ہے۔

آئین کی شق 239 کی ذیلی شق چار میں درج ہے: ’آئین میں ترمیم کرنے والا کوئی ایسا بل، جس کے نتیجے میں کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی واقع ہوتی ہو، صدرِ مملکت کی منظوری کے لیے اُس وقت تک پیش نہیں کیا جائے گا جب تک اسے متعلقہ صوبے کی اسمبلی اپنے کل ارکان کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے منظور نہ کر دے۔‘

چونکہ صوبے کی حدود کے لیے آئینی ترمیم درکار ہوتی ہے اور آئینی ترمیم کے لیے اراکین اسمبلی کی دو تہائی اکثریت کا ہونا ضروری ہے، تو اس کا یہ بھی مطلب ہے کہ صرف صوبائی اسمبلی ہی نہیں، بلکہ قومی اسمبلی اراکین کی بھی دو تہائی اکثریت ووٹ دے تو ہی کسی صوبے کو مزید تقسیم کر کے نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنائے جا سکتے ہیں۔

جب سنہ 2018 میں 25ویں آئینی ترمیم کے ذریعے قبائلی اضلاع کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کیا گیا تھا تو وہ آئین کی اسی شق کے تحت ہوا تھا۔

جبکہ ریفرنڈم کا حوالہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 48 کی ذیلی شق چھ (6) سے ملتا ہے۔

آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے مطابق اگر وزیرِ اعظم کسی معاملے کو قومی اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں اور اس پر ریفرنڈم کرانے کو ضروری قرار دیتے ہیں تو وہ اس معاملے کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں پیش کر سکتے ہیں۔

مشترکہ اجلاس سے منظوری ملنے کی صورت میں وزیرِ اعظم اس معاملے کو ریفرنڈم کے لیے عوام کے سامنے رکھ سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے سوال اس انداز میں مرتب کیا جانا ضروری ہے جس کا جواب صرف ’ہاں‘ یا ’نہیں‘ میں دیا جا سکے۔

لیکن کیا ریفرنڈم کے ذریعے واقعی نئے صوبوں کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے؟ اس سوال پر آئینی ماہرین کی رائے مختلف سیاسی بیانات سے خاصی مختلف نظر آتی ہے۔

سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم آئینی ترمیم یا قانون سازی کا متبادل نہیں ہو سکتا۔ ان کے مطابق ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے ضرور معلوم کی جا سکتی ہے، تاہم آئین میں ترمیم اور نئے صوبوں کے قیام کے لیے وہی طریقہ کار اختیار کرنا ہو گا جو آئین میں درج ہے۔

بی بی سی سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ریفرنڈم محض عوامی رجحان جانچنے یا کسی معاملے پر رائے حاصل کرنے کا ذریعہ ہو سکتا ہے، لیکن آئین میں طے شدہ قانون سازی کے عمل کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ان کے بقول ’ریفرنڈم نہ آئینی طریقہ کار کے متوازی ہے اور نہ ہی اس کا متبادل۔‘

اشتر اوصاف نے سوال اٹھایا کہ اگر نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرایا جائے تو یہ واضح ہونا چاہیے کہ آیا رائے شماری پورے ملک میں ہو گی یا صرف متعلقہ صوبے میں، اور عوام سے پوچھا جانے والا سوال کس نوعیت کا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام جیسے اہم فیصلے سے قبل جامع مطالعہ اور ماہرین کی آرا ضروری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس بحث میں آئینی ماہرین، ماہرینِ معاشیات، سماجیات، جغرافیہ، تعلیم اور صحت کے شعبوں کے ماہرین کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

سابق اٹارنی جنرل کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی صورت میں سینیٹ میں نمائندگی، قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت وسائل کی تقسیم، بین الصوبائی تجارت، معدنی وسائل، پانی کی تقسیم اور زرعی شعبے پر ممکنہ اثرات جیسے سوالات کو بھی مدنظر رکھنا ہو گا۔

ان کے بقول ’یہ وہ بنیادی سوالات ہیں جن کے جواب تلاش کیے بغیر نئے صوبوں کے قیام کے حق یا مخالفت میں رائے قائم کرنا مشکل ہے۔‘

اشتر اوصاف کی طرح انتخابی اور پارلیمانی امور پر نظر رکھنے والے مبصرین بھی یہ سمجھتے ہیں کہ ریفرنڈم آئینی طریقۂ کار کا متبادل نہیں بن سکتا۔

پاکستان میں پارلیمان کی کارکردگی پر نظر رکھنے والی تنظیم پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب کا بھی یہی کہنا ہے کہ ریفرنڈم کے ذریعے براہِ راست کوئی نیا صوبہ نہیں بنایا جا سکتا کیونکہ آئین میں صوبوں کے قیام یا صوبائی حدود میں تبدیلی کے لیے ایک واضح آئینی طریقۂ کار موجود ہے۔

بی بی سی سے گفتگو میں احمد بلال محبوب نے کہا کہ ریفرنڈم عوامی رائے کا اظہار کر سکتا ہے جس کا اثر سیاسی جماعتوں اور قانون سازوں کی سوچ پر پڑ سکتا ہے، لیکن اس کے ذریعے آئینی طریقۂ کار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

اس سوال پر کہ اگر ریفرنڈم میں عوام نئے صوبوں کے حق میں رائے دے دیں تو کیا ارکانِ پارلیمان اس فیصلے پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے، احمد بلال محبوب نے کہا کہ آئین یا قانون میں ایسی کوئی شق موجود نہیں جو منتخب نمائندوں کو ریفرنڈم کے نتیجے کا پابند بناتی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورت میں ارکانِ پارلیمان یا سیاسی جماعتوں پر ’اخلاقی یا سیاسی‘ دباؤ تو بڑھ سکتا ہے، تاہم قانونی اعتبار سے ریفرنڈم کا نتیجہ انھیں کسی مخصوص آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کا پابند نہیں بناتا۔

احمد بلال محبوب کے مطابق نئے صوبوں کے قیام سے متعلق آئینی تقاضے واضح ہیں، اس لیے ریفرنڈم کو زیادہ سے زیادہ عوامی رائے معلوم کرنے یا سیاسی حمایت حاصل کرنے کے ایک ذریعے کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے، نہ کہ ایک ایسے قانونی راستے کے طور پر جو پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کی آئینی منظوری کی ضرورت ختم کر دے۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو