منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سسٹم تباہ نہیں ہوا اسے تباہ کرایا گیا، ہمیں غیر سیاسی نہیں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے: بلاول بھٹو

پاکستان
سسٹم تباہ نہیں ہوا اسے تباہ کرایا گیا، ہمیں غیر سیاسی نہیں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے: بلاول بھٹو

فوٹو: اسکرین گریب

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سسٹم تباہ نہیں ہوا، سسٹم کو تباہ کرایا گیا ہے، سسٹم اگر تباہ ہوا ہے تو اس کا علاج ری سیٹ میں ہے، یہ سیاسی ری سیٹ ہوگا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ سسٹم بالکل تباہ ہوچکا ہے لیکن کیوں ہوا ہے اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہوگا تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے، میں بھی سسٹم کولیپس ہونے میں ذمہ دار ہوں۔

انہوں نے کہا ہمیں ایک غیر سیاسی نہیں سیاس ری سیٹ کی ضرورت ہے، اگر سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کرنا ہے تو آغاز پارلیمان سے کیا جائے، اپوزیشن کو پارلیمان پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے، اپوزیشن کا اعتماد پارلیمان میں بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا: بلاول بھٹو

چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے، آپ پی ٹی آئی کے پاس جائیں بات کریں، اگر وہ دہشتگردی کے خلاف لڑائی کیلئے تیار ہیں تو گورنر راج ختم ہوسکتا ہے۔

فضل الرحمان نے جو کردارپی ڈی ایم میں ادا کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہ ہوتے: بلاول

بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ذمہ داری ہے کہ ہم پر تنقید کریں ، حکومت کو مولانا فضل الرحمان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، مولانا فضل الرحمان نے جو کردارپی ڈی ایم میں ادا کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہ ہوتے، حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے، انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔

27 ویں ترمیم جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی: بلاول بھٹو

چیئر مین پی پی نے کہا کہ اپوزیشن سے مخصوص نستیں چھین کر دو ترامیم کرالیں، اب تیسری بھی کرانے جارہے ہیں، مکمل اتفاق رائے نہیں تو باہمی رضامندی سے ہم نے 26 ویں ترمیم کرائی، 27 ویں ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی سے نہیں بلکہ جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، 27 ویں ترمیم کے بعد سینئر ججز نے استعفے دیے، ججوں کے استعفوں سے واضح ہوگیا کہ ان کا اب اعتماد نہیں رہا۔

ان کاکہنا تھا ہمیں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہر ادارے نے جو اعتماد کھویا ہے اسے بحال کیا جانا چاہیے۔

چیئرمین پی پی نے کہا میڈیا کے ساتھ پارلیمان سب سے اہم ادارہ ہے، پارلیمان پاکستان کا طاقت ور ادارہ ہے وہاں اختلاف رائے ہونا چاہیے، ہم پارلیمان میں کسی بھی مسئلے پر اختلاف رائے کرسکتے ہیں، پارلیمان کا مسئلہ یہ ہےکہ اپوزیشن کو ہماری پارلیمان پر اعتماد ہی نہیں، پارلیمان کا اعتماد بحال کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت کی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شاید تاریخ میں ہمارا میڈیا اتنا کمزور نہیں ہوا جتنا آج ہے، آپ ڈرتے ہو کہ اگر سچ بولوں گا تو کارروائی ہوگی تو کیسے کام کرسکیں گے، صحافیوں کے پاس وہ طاقت ہونی چاہیے جو اس کا حق ہے۔

انہوں نے کہا میں نے اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے، جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ،گزارہ کیسے ہوگا، فکرمند ہوں غریب اور پسماندہ طبقے کا ان حالات میں کیا ہو گا، پاکستان کے سیاستدان عوام کے مسائل کو بھول چکے ہیں، وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کی بات کررہے ہیں لیکن عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہے، پاکستان میں کرپشن بنیادی ایشو ہے،کرپشن ختم کرنے میں کسی کی کوئی دلچسپی نہیں۔

بشکریہ جیو نیوز