بیوی کے بجائے شوہر کی نس بندی: سندھ میں خاندانی منصوبہ بندی کا بدلتا رجحان

کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے گائنی وارڈ کے باہر انتظار گاہ میں بیٹھے مرد اپنی بیویوں یا خواتین رشتہ داروں کا انتظار کر رہے ہیں۔
یہاں کوئی زچگی کے لیے آیا ہے تو کوئی طبی معائنے کے لیے۔
اسی انتظار گاہ میں خاندانی منصوبہ بندی کے سماجی کارکن راحیل احمد چند مردوں سے گفتگو شروع کرتے ہیں کہ ان کے کتنے بچے ہیں؟ آمدنی کتنی ہے؟ اور کیا وہ مزید بچوں کی کفالت کر سکتے ہیں؟
اس گفتگو میں وہ ایک ایسے طریقے کا ذکر بھی کرتے ہیں جس کے بارے میں بہت سے مرد پہلی بار سنتے ہیں: ’مردوں کی نس بندی‘، جسے وسیکٹمی کہا جاتا ہے۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، 'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
راحیل احمد کو شعبۂ صحت عامہ میں 12 سال کا تجربہ ہے۔
ان کے مطابق خاندانی منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے سب سے بڑی رکاوٹ مذہبی غلط فہمیاں اور سماجی رویے ہیں۔
بعض افراد اسے ’مغربی سازش‘ قرار دیتے ہیں، جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ جب ان کے بزرگوں نے خاندانی منصوبہ بندی نہیں کی تو انھیں بھی اس کی ضرورت نہیں۔
راحیل احمد کہتے ہیں کہ مردوں کو یہ سمجھانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ اگر ان کے پہلے ہی کئی بچے ہیں تو کیا وہ اپنی آمدنی میں سب کو مناسب خوراک، تعلیم، لباس اور علاج فراہم کر سکتے ہیں؟
اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق 2025 میں پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ 52 لاکھ تھی۔
ورلڈ فرٹیلیٹی رپورٹ 2024 کے مطابق ملک میں شرحِ افزائشِ نسل تقریباً 3.55 بچے فی خاتون تھی۔ عالمی بینک کے دستیاب اعداد کے مطابق 2019 میں 15 سے 49 سال کی شادی شدہ خواتین میں مانع حمل طریقوں کے استعمال کی شرح 34 فیصد تھی۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پاکستان میں 2023 کے دوران حمل اور زچگی سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث 11 ہزار سے زائد خواتین کی اموات ہوئیں، یعنی روزانہ تقریباً 27 اموات۔ ماہرین کے مطابق آبادی میں اضافے میں روک تھام ابھی تک کسی بیانیے کی شکل اختیار نہیں کر سکی ہے۔
پاکستان میں مردوں کی نس بندی اب بھی خاندانی منصوبہ بندی کا نسبتاً کم زیرِ بحث آنے والا طریقہ ہے تاہم سندھ میں اس حوالے سے رجحان بڑھ رہا ہے۔
محکمہ بہبودِ آبادی سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں مردوں کی نس بندی کے صرف 24 کیسز ہوئے تھے جبکہ 2025 میں یہ تعداد چار ہزار سے تجاوز کر گئی۔
ستمبر 2026 تک 3,909 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے مقابلے میں اسی عرصے کے دوران پنجاب میں 11 اور خیبر پختونخوا میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا۔
راحیل احمد کے ذاتی مشاہدے کے مطابق ان سے رابطہ کرنے والے تقریباً 90 فیصد مرد شہری علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ 10 فیصد دیہی علاقوں سے آتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی، بچوں کی تعلیم، خوراک اور علاج کے اخراجات مردوں کو یہ فیصلہ کرنے پر آمادہ کر رہے ہیں کہ وہ مزید بچوں کی ذمہ داری اٹھا سکتے ہیں یا نہیں۔
کراچی کے علاقے صدر کے رہائشی عمران سرکاری ملازم ہیں، ان کی شادی کو 18سال ہو چکے ہیں اور ان کے چار بچے ہیں۔
وہ مزید اولاد نہیں چاہتے کیونکہ ان کے بقول وہ موجودہ بچوں کو بہتر تعلیم اور زندگی کی سہولتیں دینا چاہتے ہیں۔
عمران جناح ہسپتال میں نس بندی کرانے آئے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ خاندانی منصوبہ بندی پر گھر میں کئی دن سے مشاورت جاری تھی۔ ابتدا میں وہ اپنی اہلیہ کی نس بندی کرانے کے لیے سول ہسپتال گئے لیکن وہاں ایک جاننے والے کے ذریعے انھیں معلوم ہوا کہ مرد بھی یہ عمل کرا سکتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میں نے اپنی بیوی سے مشورہ کیا تو وہ بھی خوش ہوئیں اور رضامند ہو گئیں کہ میں اپنی نس بندی کرا لوں۔‘
عمران کے مطابق ان کی اہلیہ اکثر بیمار رہتی ہیں، انھیں کمزوری، خون بہنے اور ڈپریشن کی شکایت بھی رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اہلیہ کی صحت بھی ان کے فیصلے کی ایک اہم وجہ تھی۔
کورنگی کے رہائشی 38 سالہ احمد خان گارمنٹس فیکٹری میں کام کرتے ہیں اور ان کی ماہانہ تنخواہ 42 ہزار روپے ہے۔
ان کے چھ بچے تھے، جن میں سے ایک مر چکا ہے۔ ان کی دو بیویاں ہیں۔
احمد خان کہتے ہیں کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں بچوں کی خوراک، تعلیم، لباس اور علاج کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہا تھا۔
’یہ پانچ بچے میرے لیے بہت ہیں۔ ان کو کھلانا پلانا ہے، پڑھانا ہے اور دوسرے اخراجات بھی پورے کرنے ہیں۔ آج کل مہنگائی میں ہر شخص پریشان ہے۔‘
ان کے مطابق وہ ابتدا میں اپنی دونوں بیویوں کی نس بندی کرانے جناح اسپتال گئے تھے، لیکن وہاں انھیں معلوم ہوا کہ مرد بھی یہ آپریشن کرا سکتے ہیں۔
احمد خان کا کہنا ہے کہ دونوں بیویوں کی نس بندی پر تقریباً ایک لاکھ روپے خرچ آنے کا امکان تھا جو ان کے لیے برداشت کرنا مشکل تھا لہذا معلومات حاصل کرنے کے بعد انھوں نے خود نس بندی کرانے کا فیصلہ کیا۔
انھوں نے بتایا کہ نس بندی کی سرجری کو تقریباً ڈیڑھ سال ہو چکا ہے اور ان کی گھریلو اور عام زندگی میں کوئی فرق نہیں آیا۔ وہ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔
ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
جناح ہسپتال کے ڈاکٹر رحیم بیگ کے مطابق وسیکٹمی ایک مختصر سرجری ہے جو معمولی بے ہوشی میں کی جاتی ہے۔ اس میں ان نالیوں کو بند کیا جاتا ہے جو سپرم کو آگے منتقل کرتی ہیں۔
ان کے مطابق یہ عمل عموماً 10 سے 15 منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔ مریض کو کچھ دیر نگرانی میں رکھنے کے بعد ضروری ہدایات کے ساتھ گھر بھیج دیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر رحیم بیگ کے مطابق وہ ایک سال سے زائد عرصے سے یہ سہولت فراہم کر رہے ہیں اور اب تک 300 سے زیادہ کیسز کر چکے ہیں۔
’اس سرجری کے بعد بھی جسم میں سپرم بنتے رہتے ہیں، تاہم ان کی منتقلی رک جاتی ہے۔ تقریباً تین ماہ تک متبادل مانع حمل طریقہ استعمال کرنا ضروری ہے۔‘
اس وقت سندھ میں کراچی، مورو اور لاڑکانہ میں مردوں کی نس بندی کی سہولت دستیاب ہے۔ محکمہ صحت اسے ضلعی سطح تک پھیلانے کے لیے کیمپ بھی لگا رہا ہے۔
سندھ میں وسیکٹمی کے بڑھتے ہوئے کیسز محض ایک طبی رجحان نہیں بلکہ خاندانی منصوبہ بندی کی ذمہ داری کے حوالے سے بدلتے ہوئے رویوں کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
اب تک مانع حمل طریقوں اور ان کے طبی اثرات کی زیادہ تر ذمہ داری خواتین پر رہی ہے، لیکن یہ مثالیں بتاتی ہیں کہ بعض مرد بھی اس ذمہ داری میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے آگے آ رہے ہیں۔
BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو