کراچی: سرکاری آئل لائن سے کروڈ آئل چوری کرنیوالے 5 ملزمان گرفتار

دوران تفتیش گرفتار ڈرائیور نے انکشاف کیا کہ ملزمان پارکو کی آئل لائن میں کلپ لگا کر تیل چوری کرتے تھے: پولیس۔ فوٹو فائل
کراچی: گڈاپ کے علاقے میں سرکاری آئل لائن سے کروڈ آئل چوری کرنے والے 5 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق پیٹرولنگ کے دوران ایک مشکوک ٹرک کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے خفیہ خانے سے کروڈ آئل برآمد ہوا، دوران تفتیش گرفتار ڈرائیور نے انکشاف کیا کہ ملزمان پارکو کی آئل لائن میں کلپ لگا کر تیل چوری کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے آئل لائن تک رسائی کے لیے تقریباً 200 فٹ طویل خفیہ سرنگ بنا رکھی تھی، قریب ہی واقع ایک جھونپڑی میں 8 فٹ گہرا اور 4 فٹ چوڑا گڑھا بھی کھودا گیا تھا، پائپ لائن پر لوہے کا کلپ لگا کر پریشر پائپ اور 2 انچ کا پلاسٹک پائپ جوڑا گیا تھا جس کے ذریعے کروڈ آئل ٹینکروں میں منتقل کیا جاتا تھا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ایک آئل ٹینکر اور ایک ٹرک بھی قبضے میں لے لیا، گرفتار ملزمان کے خلاف پارکو افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ چوری شدہ کروڈ آئل کی سپلائی سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
بشکریہ جیو نیوز