ہری پور کو خیبر پختونخوا سے الگ کرکے اسلام آباد میں شامل کرنے کی اطلاعات ہیں: ایمل ولی

خیبر پختونخوا کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں ہے: مرکزی صدر اے این پی۔ فوٹو فائل
پشاور: مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ایمل ولی خان کا کہنا ہے مجوزہ طور پر ہری پور کو خیبرپختونخوا سے الگ کرکے اسلام آباد میں شامل کرنے کی اطلاعات ہیں۔
اپنے بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ ہری پور کو الگ کرنا محض انتظامی تبدیلی نہیں، صوبے کے آئینی حقوق کا سنجیدہ سوال ہے، کیونکہ ہری پور اور صوابی دونوں تربیلا ڈیم سے جغرافیائی طور پر منسلک ہیں، اور تربیلا کی بجلی پیدا کرنے والی تنصیبات دریائے سندھ کے دونوں کناروں پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہری پور کو الگ کرنے کے اثرات پہلے واضح کرنا ضروری ہیں، اس اقدام سے آئین کے آرٹیکل 161(2) کے تحت خیبر پختونخوا کے خالص پن بجلی منافع کے حق پر اثر پڑے گا، واضح کیا جائے کہ اس تبدیلی سے صوبے کے این ایف سی میں حصے پر کیا اثرات ہوں گے۔
صدر اے این پی نے مزید کہا کہ تبدیلی سے صوبے کے وسائل، آبادی، اراضی اور ترقیاتی حقوق متاثر ہوں گے، خیبر پختونخوا کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 239(4) اس حوالے سے واضح ہے، انتظامی اصلاحات عوام کی سہولت اور بہتر حکمرانی کے لیے ہونی چاہئیں، اصلاحات وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے ہوں، صوبوں کے حقوق غیریقینی بنانے کے لیے نہیں۔
ایمل ولی خان نے مشورہ دیا کہ وفاقی حکومت ایسی کسی بھی تجویز کی تفصیلات پارلیمان کے سامنے رکھے، تجویز کی قانونی بنیاد اور مکمل مالی و آئینی اثرات عوام کے سامنے رکھے جائیں، خیبرپختونخوا کی سرزمین، وسائل اور آئینی حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے، حقوق سے متعلق کوئی فیصلہ صوبے کے عوام اور آئینی نمائندوں کو نظرانداز کرکے نہیں کیا جا سکتا۔
بشکریہ جیو نیوز