میرے وزیراعلیٰ پنجاب بننےکی خبر میں کوئی حقیقت نہیں، ملک محمد احمد خان

فوٹو: فائل
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا ہےکہ ان کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی خبر کو افواہ سمجھا جائے، وزیراعلیٰ بننےکی خبر میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔
کمالیہ میں میڈیا سےگفتگو میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ ان افواہوں کو اہمیت نہ دی جائے، سیاسی جنگ آپس میں چلتی رہتی ہے، سیاست میں یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے، سیاسی کشمکش نہ ہو تو سیاست میں مزہ نہیں آتا۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ وہ سرکاری افسران کے بے جا اختیارات کے خلاف ہیں، سرکاری اختیارات عوامی نمائندوں کے پاس ہونے چاہئیں۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت بہت بڑی مشکل سے گزر رہا ہے، افغانستان کی سرزمین پر بیٹھے کچھ عناصر پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری انٹیلیجنس ایجنسیاں، پولیس اور سکیورٹی فورسز شرپسند عناصر کا مقابلہ کر رہی ہیں، شہری بھی ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
بشکریہ جیو نیوز