اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کو علاج کیلئے اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنےکی درخواست دائر

فوٹو: فائل
اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190ملین پاؤنڈکیس میں سزا یافتہ بشریٰ بی بی کو علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنےکی درخواست دائرکردی گئی۔
بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ 10 نومبر کی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی خرابی کا بتایا۔ خود بشریٰ بی بی نے بتایا کہ ڈاکٹرکہتے ہیں ان کی آنکھ کی سرجری ہوگی۔ ان کی آنکھ میں موتیا کی تشخیص ہوئی، ان کی 15 نومبر کے آس پاس آنکھ کی سرجری ہونی ہے، جیل میں ان کی ہائیجین کنڈیشن خراب ہے اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، سرجری کے بعد آنکھ میں انفیکشن ہوا تو بینائی بھی جاسکتی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ ان کے سیل سے 7 چھوٹے سانپ بھی نکلے ہیں جنہیں جیل عملے نے مارا۔ سیل میں چوہے،کاکروچ اورکیڑے پھرتے رہتے ہیں، جیل میں صفائی کی ناقص صورتحال آنکھوں کے آپریشن کے بعد انفیکشن کا خطرہ بڑھاسکتی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ بشریٰ بی بی کا مکمل میڈیکل ریکارڈ عدالت میں پیش کرنےکی ہدایات کے ساتھ ضروری نگہداشت و علاج کے لیے انہیں کسی مستند اسپیشلائزڈ اسپتال منتقلی کے احکامات دیے جائیں۔
بشکریہ جیو نیوز