پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عاصم منیر اور عمران خان ایک ہی فہرست میں: دنیا کے ’سب سے بااثر مسلمان‘ کون ہیں؟

پاکستان
عاصم منیر اور عمران خان ایک ہی فہرست میں: دنیا کے ’سب سے بااثر مسلمان‘ کون ہیں؟

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دنیا کی 500 با اثر ترین مسلم شخصیات کی تازہ فہرست میں پہلا مقام (نمبر) دیا گیا ہے۔

اس فہرست میں ان کے ساتھ سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان بھی شامل ہیں۔

فہرست میں سابق وزیر اعظم عمران خان بھی شامل ہیں، جبکہ عاصم منیر کے اندرونِ ملک کردار کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کی قید اور سیاسی اختلافِ رائے کے خلاف سخت اقدامات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

یہ فہرست اردن کے دار الحکومت عمان میں قائم ادارہ رائل اسلامک سٹریٹیجک سٹڈیز سینٹر (آر آئی ایس ایس سی) ہر سال ’دی مسلم 500‘ کے نام سے شائع کرتا ہے، جس میں اُن مسلم شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے جنھیں مسلم دنیا میں سب سے زیادہ با اثر سمجھا جاتا ہے۔

ادارے کے مطابق 2027 کی فہرست میں پہلی بار پانچ شخصیات کو مشترکہ طور پر پہلا نمبر دیا گیا ہے۔

’آر آئی ایس ایس سی‘ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی بنیادی وجہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے، جس پر سات اگست 2026 کو دستخط کیے گئے تھے۔

ادارے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ سعودی عرب کے مالی وسائل، ترکی کی ٹیکنالوجی اور صنعتی صلاحیت، اور پاکستان کی فوجی طاقت کو ایک اتحاد کی صورت میں یکجا کرتا ہے۔

اشاعت میں کہا گیا ہے کہ ’ایک سب کے لیے اور سب ایک کے لیے‘ کے اصول پر مبنی اس دفاعی تعاون نے خطے کی سیاست پر نمایاں اثر ڈالا ہے۔

ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

اس فہرست سے منسلک رپورٹ میں پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہ عاصم منیر کے بارے میں الگ الگ جائزے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

شہباز شریف کے بارے میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم ہیں اور مارچ 2024 میں دوسری بار اس عہدے پر فائز ہوئے۔

رپورٹ میں انھیں محنتی اور سخت گیر منتظم قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کی حکومت کے دوران پاکستان نے معاشی بحران اور دیوالیہ ہونے کے خطرات سے نکل کر معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کی۔ رپورٹ کے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری آئی، مہنگائی میں کمی ہوئی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے سعودی عرب اور ترکی کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جسے مسلم دنیا میں دفاعی تعاون کے ایک اہم اقدام کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ رپورٹ میں ان کا کردار مشرقِ وسطیٰ میں ثالثی کی کوششوں، خصوصاً ایران، امریکہ اور اسرائیل سے متعلق بحران میں پاکستان کو ایک غیر جانب دار ثالث کے طور پر پیش کرنے کے تناظر میں بھی بیان کیا گیا ہے۔

تاہم رپورٹ میں یہ بھی ذکر ہے کہ شہباز شریف کو اندرونِ ملک معاشی مشکلات، مہنگائی، قرضوں کے بوجھ، سیاسی کشیدگی اور جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت سے جڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

عاصم منیر کے بارے میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف ہیں اور دنیا کی چھٹی بڑی فوج کی کمان سنبھالے ہوئے ہیں۔

اشاعت کے مطابق مئی 2025 میں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کے بعد ان کا ’سیاسی، عسکری اور آئینی‘ اثر و رسوخ مزید بڑھا۔ رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے آرمی چیف ہیں جو حافظِ قرآن ہیں۔

رپورٹ میں ان کے کیریئر کے اہم پہلوؤں میں ملٹری انٹیلیجنس اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے محکموں کی سربراہی، 2025 کی انڈیا۔پاکستان کشیدگی کے دوران کردار اور سعودی عرب و ترکی کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کو نمایاں کیا گیا ہے۔

اشاعت کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پسِ پردہ سفارت کاری نے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کو ممکن بنایا، جس کے نتیجے میں خطے میں عارضی جنگ بندی ہوئی۔ اس کردار پر انھیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی کھلے الفاظ میں سراہا گیا۔

رپورٹ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اندرونِ ملک کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انھوں نے قومی نظم و ضبط کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے سیاسی اور معاشی معاملات میں استحکام برقرار رکھنے کی کوشش کی۔

’اس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی قید اور سیاسی اختلافِ رائے کو سختی سے دبانا بھی شامل ہے۔‘

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ان اقدامات پر شدید تنقید بھی کی گئی، جس کے باعث پاکستانی عوام کے بڑے حلقے میں ان کی مقبولیت متاثر ہوئی۔ تاہم اشاعت کے مطابق خطے اور عالمی سطح پر ان کے اثر و رسوخ اور جغرافیائی و سیاسی کردار کو غیر معمولی اہمیت حاصل رہی۔

رپورٹ میں پاکستان سے دیگر نمایاں شخصیات کو بھی جگہ دی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان بھی فہرست میں شامل ہیں اور حکمرانوں و سیاست دانوں کے زمرے میں 24 ویں نمبر پر رکھے گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’طویل عرصے سے قید میں ہونے کے باوجود عمران خان کو عوامی سطح پر غیر معمولی مقبولیت حاصل ہے۔ ان کی جماعت نے ادارہ جاتی دباؤ اور کریک ڈاؤن کے باوجود 2024 کے عام انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں۔‘

فہرست میں معروف مذہبی سکالر تقی عثمانی ساتویں، مبلغ مولانا طارق جمیل 32ویں، تبلیغی جماعت سے وابستہ مولانا نذر الرحمٰن 41ویں اور دعوتِ اسلامی کے بانی محمد الیاس عطار قادری 44ویں نمبر پر شامل ہیں۔

میڈیا کے زمرے میں پاکستان کے صحافی حامد میر، اور ٹیلی وژن چینل اے آر وائی کے مالک سلمان اقبال کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔

اسی طرح جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن، ادارہ منہاج القرآن کے بانی طاہر القادری، تعلیم کے لیے کام کرنے والی نوبیل انعام یافتہ کارکن ملالہ یوسفزئی، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹر عمر سیف، ماہرِ طبیعیات پروفیسر عرفان صدیقی سمیت متعدد پاکستانی نام مختلف زمروں میں شامل ہیں۔

عالمی شخصیات میں مشترکہ پہلے نمبر پر سعودی، پاکستانی اور ترک قیادت کے بعد فہرست میں ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، مراکش کے بادشاہ محمد ششم، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق بھی شامل ہیں۔

افغانستان کے طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ اس فہرست میں 19ویں نمبر پر شامل ہیں۔

اسی فہرست میں لندن کے میئر صادق خان، نیو یارک کے میئر ظہران ممدانی اور فلسطینی تنظیم حماس کے رہنما خلیل الحیہ بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں اس فیصلے کی وضاحت کے ساتھ فہرست مرتب کرنے کے طریقۂ کار پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔

رائل اسلامک سٹریٹیجک سٹڈیز سینٹر نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس فہرست میں اُن افراد کو شامل کیا جاتا ہے جنھوں نے مسلم معاشروں پر نمایاں اثر ڈالا ہو یا اُن کے لیے اہم خدمات انجام دی ہوں اور یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ فہرست مرتب کرتے وقت ’اثر و رسوخ‘ سے کیا مراد لی جاتی ہے۔

ادارے کے مطابق اس سے مراد کسی شخص کی وہ صلاحیت ہے جس کے ذریعے وہ ثقافتی، نظریاتی، مالی، سیاسی یا کسی اور سطح پر مسلم دنیا یا مسلمانوں پر نمایاں اثر ڈال سکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اثرات مختلف زاویۂ نظر سے مثبت یا منفی بھی سمجھے جا سکتے ہیں، تاہم فہرست مرتب کرتے وقت اصل معیار کسی شخصیت کا اثر و رسوخ ہے، نہ کہ اس کے بارے میں مثبت یا منفی رائے۔

ساتھ ہی اشاعت میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ فہرست میں کسی شخصیت کی شمولیت کا مطلب اس کے خیالات یا مؤقف کی تائید نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق کسی شخصیت کے اثر و رسوخ کا اندازہ صرف عددی پیمانوں، مثلاً اس کے پیروکاروں (فالوورز) یا کتابوں کی تعداد، یا مقبولیت سے نہیں لگایا جاتا، بلکہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ اس نے وقت کے ساتھ لوگوں اور معاشرے پر کتنا اور کیسا اثر ڈالا ہے۔ اسی لیے وقتی شہرت کے مقابلے میں دیر پا اثرات اور زندگی بھر کی خدمات کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فہرست کی تیاری میں سماجی اشاریوں، عوامی رائے اور ماہرین کی آرا کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ ادارہ ہر سال ایک ماہ تک عوام سے نامزدگیاں بھی طلب کرتا ہے اور موصول ہونے والی تجاویز کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

اشاعت کے مطابق کسی شخصیت کی حالیہ سرگرمیوں کے مقابلے میں زندگی بھر کی خدمات اور اثرات کو زیادہ وزن دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد کو بھی اہمیت دی جاتی ہے جنھوں نے اپنے شعبوں میں نئی راہیں کھولی ہوں یا جو کسی دور دراز علاقے میں نمایاں اثر و رسوخ رکھتے ہوں۔

ادارے نے شخصیات کو 13 شعبوں (زمروں) میں تقسیم کیا ہے جن میں مذہبی علوم، سیاست، مذہبی امور کی انتظامیہ، مبلغین و روحانی رہنما، فلاحی خدمات، سماجی مسائل، کاروبار، سائنس و ٹیکنالوجی، فن و ثقافت، میڈیا، کھیل، اور انتہا پسند گروہ شامل ہیں۔

مگر ہر سال اس فہرست پر تنقید بھی ہوتی رہی ہے اور بعض ناموں کی شمولیت متنازع ہو جاتی ہے۔

مثلاً اخبار گارڈین کی 2009 کی ایک تحریر میں لکھا گیا تھا کہ ’ٹاپ 50 میں شامل بہت سے افراد یا تو سربراہانِ مملکت ہیں، جس کی وجہ سے اثر و رسوخ کے حوالے سے انھیں خودبخود برتری حاصل ہو جاتی ہے، یا پھر وہ ایسے مناصب پر فائز ہیں جو انھیں وراثت میں ملے ہیں۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو