پیر، 16 نومبر، 2026 · 7 جمادی الثانی، 1448 ہجری

دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں سینیئر صحافی حامد میر بھی شامل

پاکستان
دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں سینیئر صحافی حامد میر بھی شامل

فوٹو: فائل

اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جاری کردہ 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں روزنامہ جنگ اور جیو نیوز سے وابستہ سینیئر صحافی، کالم نگار اور ٹی وی میزبان حامد میر بھی شامل ہیں۔

سال 1987 میں روزنامہ جنگ سے صحافتی کیریئر کا اغاز کرنے والے حامد میر 2002 میں جیونیوز سے منسلک ہوئے، وہ اپنی بے خوف رپورٹنگ، آزادی صحافت اور انسانی حقوق کی وکالت کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔

حامد میر کا شمار ان چند صحافیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 11 ستمبر کے حملوں کے بعد اسامہ بن لادن کا انٹرویو کیا۔

شدید خطرات اور کٹھن چیلنجز کے باوجود حامد میر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر صحافت میں ایک بااثر اور توانا آواز بنے ہوئے ہیں۔

500 بااثر مسلمانوں کی فہرست، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کا پہلا نمبر

ان کی شاندار صحافتی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سول اعزاز 'ہلالِ امتیاز' اور 'سارک لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ' سمیت کئی معتبر اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

ان کے علاوہ دنیا کی بااثر ترین مسلم شخصیات کی فہرست میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر پہلے نمبر پر ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کو بھی بااثر مسلمانوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

اس فہرست میں مفتی تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل ، ڈاکٹر ادیب رضوی ، ملالہ یوسفزئی، عابدہ پروین، عمران خان اور حافظ نعیم الرحمان کا نام بھی شامل ہے۔

بشکریہ جیو نیوز