اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں ہوگا

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوں گے، افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ فوٹو فائل
اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج سے اسلام آباد میں ہوگا۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہوں گے، افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی، اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے انعقاد کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، ای سی او اجلاس میں شرکت کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان بھی پاکستان میں موجود ہیں، ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی آج اسلام آباد پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق وسطی ایشیائی ممالک کے متعدد وزرائے خارجہ اور وفود بھی ای سی او اجلاس کے لیے پاکستان پہنچیں گے، ایران، تاجکستان اور جمہوریہ شمالی قبرص کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
جمہوریہ کرغز اور قازقستان کے نائب وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے، ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان کی نمائندگی ترکیے کے نائب وزیر خارجہ کریں گے، اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصر ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے، ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان بھی تقریب میں خیالات کا اظہار کریں گے، رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرا خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا، ایجنڈے میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، علاقائی روابط بڑھانے سمیت اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔
بشکریہ جیو نیوز