اتوار، 15 نومبر، 2026 · 6 جمادی الثانی، 1448 ہجری

شمالی وزیرستان: فورسز کی کارروائیوں میں 16 خوارج ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

پاکستان
شمالی وزیرستان: فورسز کی کارروائیوں میں 16 خوارج ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

فوٹو آئی ایس پی آر

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 16 خوارج ہلاک اور پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں خوارج کے ٹھکانوں پر کارروائیاں کی، اس دوران گزشتہ 12 گھنٹوں میں 16 خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علی خیل میں کارروائی کے دوران 12، میرعلی میں 2 اور دتہ خیل میں بھی 2 خوارج مارے گئے، ہلاک خوارج میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے بھی 2 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن میں 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور 32 سالہ نائیک آفتاب علی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید حوالدار عصمت علی کا تعلق ضلع صوابی اور شہید نائیک آفتاب علی کا تعلق ضلع مردان سے تھا، شہید جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ کارروائیوں کے دوران خوارج کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا، ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمدکیا گیا ہے جب کہ ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہےکہ عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

پشاور: فتنہ الخوارج کا بنوں میں کنگرپل چوکی پر حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز کی کے پی اور بلوچستان میں کارروائیاں، 74 دہشتگرد ہلاک

بشکریہ جیو نیوز