ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بیرونی سرپرستی میں ہونیوالی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کیساتھ جاری رہیں گے، وزیراعظم

پاکستان
بیرونی سرپرستی میں ہونیوالی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کیساتھ جاری رہیں گے، وزیراعظم

فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبےکو خاک میں ملانےکی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، ​بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔

وزیراعظم نے بلوچستان کے علاقوں کولپور،کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این فورٹی پر گشت کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نےکہا​ کہ دشمن معصوم شہریوں اور سکیورٹی اہل کاروں کو نشانہ بنا کر خطےکا امن سبوتاژ کرنےکی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقوں کولپور اور نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرکے سیکیورٹی فورسز نے8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

اس سے قبل خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے شمالی وزیرستان میں 16 خارجی ہلاک کردیے۔ جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دو افغان شہری بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر جوان حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی شہید ہوگئے۔

بشکریہ جیو نیوز