ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

راولپنڈی: آئل فیلڈکی زیر زمین سپلائی لائن سےکروڑوں روپےکاکروڈ آئل چوری کرنیوالے ملزمان پکڑےگئے

پاکستان
راولپنڈی: آئل فیلڈکی زیر زمین سپلائی لائن سےکروڑوں روپےکاکروڈ آئل چوری کرنیوالے ملزمان پکڑےگئے

فوٹو: اسکرین شاٹ

راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے رنیال میں آئل فیلڈ کی زیرزمین سپلائی لائن سے کروڑوں روپے مالیت کے کروڈ آئل کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔

واردات کے لیے مین لائن کے قریب ایک مکان کرائے پر حاصل کیا گیا تھا، جہاں زیر زمین سرنگ کے ذریعے 181 فٹ طویل پائپ بچھائی گئی تھی۔ملزمان ہائی پریشر مین سپلائی لائن سے کلیمپ کے ذریعے پائپ جوڑ کر کروڈ آئل چوری کرتے تھے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محمد ممتاز، شوکت اور محمد اکرام کو گرفتار کرلیا، جب کہ مکان میں موجود زیر زمین ٹینک سے 1431 لیٹر کروڈ آئل برآمد ہوا۔

آئل فیلڈ کے سینئر ایگزیکٹو ایڈمن شاہد احمدکی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق مین سپلائی لائن سے مجموعی طور پر 1100 بیرل کروڈ آئل چوری کیا گیا، جس کی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

مقدمے میں مکان کے نگران شاہ محمد سمیت ساجد، اختر، حفظ الرحمان اور زاہدکو بھی آئل چوری میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

بشکریہ جیو نیوز