خیبرپختونخوا میں سونےکی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری معطل کرنےکا فیصلہ کرلیا: فیصل کریم کنڈی

فوٹو: فائل
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ غیر قانونی مائننگ کے خلاف کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ہر ماہ تقریباً 9 کلو گرام سونا نکالا جا رہا تھا جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ غیرقانون کانکنی میں ملوث افراد کےخلاف زیروٹالرینس ہوگی، صوبے میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز منسوخ کیے جا رہے ہیں اور تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے ڈیڈلائن دی کہ سونےکی کان کنی کرنے والے لیز ہولڈر اور ٹھیکیدار ایک ہفتےکے اندر متعلقہ علاقوں سے اپنی بھاری مشینری ہٹالیں، مشینری نہ ہٹائی گئی تو ایک ہفتے بعد کارروائی ہوگی اور مشینری ضبط ہوگی، پہلے مجسٹریٹ مشینری ضبط کرکے 30 ہزار جرمانہ کرتے تھے جبکہ قانون میں جرمانہ 5 لاکھ روپے ہے، اس کی بھی تحقیقات ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی مائننگ میں 8 ہزار 350 ٹریکٹر، ٹریکٹر ٹرالیاں، ایک ہزار 730 ہیوی ڈمپرز اور بڑی تعداد میں مزدور استعمال ہو رہے تھے، کوہاٹ میں معدنیات کے دو بلاکس سی اور ڈی ہیں جبکہ ایک مائننگ بلاک 4 ارب 92 کروڑ روپے کی لیز پر دیا گیا تھا۔
گورنر خیبرپختونخوا نےکہا غیر قانونی کانکنی سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ افغانستان منتقل ہو رہا تھا اور یہ پیسہ دہشتگردی اور پاکستان کے خلاف استعمال کیا جا رہا تھا، غیر قانونی مائننگ کرنے والے عناصر دہشتگردوں کو بھتہ دیتے اور ان سے تحفظ حاصل کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا اور اس دوران پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر قانونی کان کنی کا سلسلہ ختم کیا تاہم آپریشن کے بعد واپس آنے والی پولیس فورس پر فتنہ الخوارج نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک ڈی ایس پی اور 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے، پولیس نے جوابی کارروائی میں 11 خوارج کو ہلاک کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والوں کے ساتھ زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آخر کب تک ہم اپنے جوانوں کی شہادتیں دیتے رہیں گے، اب یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔
گورنر نے مزید کہا کہ گزشتہ 13 برسوں کے دوران خیبرپختونخوا کے وسائل لوٹے گئے تاہم اب صوبے میں جزا و سزا کا نظام نافذ ہوگا۔ حکومت کا مقصد صوبے میں ترقی اور خوشحالی لانا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مائنز اینڈ منرلز کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں دنیا بھر سے وفود نے شرکت کی اور معدنی وسائل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اب بین الاقوامی برادری کو بھی مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں مدعو کیا جا رہا ہے تاکہ صوبے کے قدرتی وسائل کو ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لایا جا سکے۔
بشکریہ جیو نیوز