ہفتہ، 14 نومبر، 2026 · 5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نئے صوبے بنانا غیر آئینی غیر قانونی بات نہیں، کراچی کو جب اختیارات ملیں گے یہ شہر ملک کی ترقی کرائےگا: مصطفیٰ کمال

پاکستان
نئے صوبے بنانا غیر آئینی غیر قانونی بات نہیں، کراچی کو جب اختیارات ملیں گے یہ شہر ملک کی ترقی کرائےگا: مصطفیٰ کمال

فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبے بنانا غیر آئینی غیر قانونی بات نہیں، کراچی کو جب اختیارات ملیں گے یہ شہر ملک کی ترقی کرائے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کراچی میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کے ریجنل آفس سندھ کا افتتاح کردیا۔

انہوں نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں نے 17 سال میں فنڈز نیچے نہیں دیے، نئے چھوٹے صوبے بننا ناگزیر ہے، پورا پاکستان اس سے ترقی کرے گا، کراچی کو جب اختیارات ملیں گے یہ شہر ملک کی ترقی کرائے گا، یہ شہر پاکستان کو معاشی بحران کے دلدل سے نکال سکتا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے آبادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ 2030 میں ہم دنیا کا چوتھا بڑا ملک بن جائیں گے، اتنی بڑی آبادی کو حکومت ملازمتیں فراہم نہیں کرسکتی، دنیا بھر میں حکومتیں لوگوں کو ہنر مند بناتی ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ 32 ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھیجتے ہیں، اگر یہ رقم آنا بند ہوجائے تو ملک کی معیشت تباہ ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے دور میں جتنا کام کیا ہے وہ گزشتہ 50 سال کے کاموں سے زیادہ ہے تاہم ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا پاکستان میں 9 لاکھ نرسز کی کمی ہے جبکہ بیرون ملک ہنر مند نرسز کو انتہائی اچھی تنخواہیں ملتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں نے نرسنگ کالجز کو کاروبار بنا رکھا تھا، ہم نے اس دھندے کو روکا اور متعلقہ قانون میں تبدیلی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا الائیڈ ہیلتھ سروسز سے وابستہ لاکھوں افراد کو اسلام آباد جانا پڑتا تھا تاہم اب سندھ میں قائم ہونے والا یہ دفتر صوبے کا مرکزی دفتر ہوگا جہاں تمام متعلقہ اداروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔

بشکریہ جیو نیوز