190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف 18 نومبر کو اپیلوں پر سماعت کریں گے/ فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں مقرر کردیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف 18 نومبر کو اپیلوں پر سماعت کریں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا کے خلاف اپیلوں پر وکلا سے دلائل طلب کررکھے ہیں۔
گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری
عدالت کا لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کا حکم
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر گزشتہ سماعت کا 2 صفحات کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اپیلوں کی پیپر بکس 7 روز میں تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ توقع کرتے ہیں سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ ملاقات کے بعد سیاسی معاملات پربات نہیں کریں گے، دونوں وکلا خود کو صرف قانونی معاملات تک ہی محدود رکھیں گے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ ایڈووکیٹ جنرل ملاقات کرائیں گے جس کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہوگا، لطیف کھوسہ نے کہا ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے دلائل نہیں دے سکتے۔
سلمان صفدر نے کہا مجھے اپیل پر دلائل کے لیے ہدایات مل چکیں لیکن ملاقات کا دورانیہ کم تھا، وکلا کی استدعا پر دلائل تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا جاتا ہے۔
بشکریہ جیو نیوز