جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فوج اور اس کی قیادت کو نشانہ نہ بنانے کی یقین دہانی، عمران کی 2 بہنیں رہا، بانی کا لہجہ نرم

پاکستان
فوج اور اس کی قیادت کو نشانہ نہ بنانے کی یقین دہانی، عمران کی 2 بہنیں رہا، بانی کا لہجہ نرم

فائل فوٹو۔۔

عمران خان کے 2 بہنوں کی رہائی پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان حال ہی میں شروع ہونے والے پسِ پردہ رابطوں کا پہلا ٹھوس نتیجہ ہے۔

جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے 2 بہنوں کی رہائی پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان حال ہی میں شروع ہونے والے پسِ پردہ رابطوں کا پہلا ٹھوس نتیجہ ہے، فوج اور اس کی قیادت کو نشانہ نہ بنانے کی یقین دہانی، عمران کی 2 بہنوں کو رہا کر دیا گیا، بانی کا لہجہ نرم ہوگیا۔

باخبر ذرائع کےمطابق بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے غیر متنازع رہنے اور عوامی بیانات یا سیاسی مداخلت کے ذریعے پہلے سے جاری محاذ آرائی کو ہوا نہ دینے کا وعدہ کیا، عمران کا حالیہ ملاقات میں سخت لب و لہجے سے گریز، وہ آگے بڑھنے کا کوئی راستہ تلاش کرنے کیلئے زیادہ آمادہ دکھائی دیئے۔

پسِ پردہ رابطوں میں کامیابی کیلئے محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر کا کلیدی کردار، اہلِ خانہ کی شمولیت، بہنوں کی یقین دہانیاں اور عمران خان کا نسبتاً نرم رویہ، ان تمام عوامل نے مزید پیشرفت کی توقعات پیدا کر دی ہیں۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت ایک ایسی مفاہمت کے تحت عمل میں آئی جس کے مطابق عمران خان کی بہنیں ایسے بیانات دینے سے گریز کریں گی جو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہوں۔

بات چیت سے واقف ذرائع کے مطابق، عمران خان کی بہنوں نے غیر متنازع رہنے اور عوامی بیانات یا سیاسی مداخلت کے ذریعے پہلے سے جاری محاذ آرائی کو ہوا نہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔

ذرائع نے وضاحت کی کہ یہ مفاہمت بالخصوص اسٹیبلشمنٹ پر تنقید سے گریز کرنے سے متعلق ہے۔ اطلاعات کے مطابق، بہنوں نے متعلقہ رابطہ کاروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ فوج کی اعلیٰ کمان پر تنقید نہیں کریں گی اور اسٹیبلشمنٹ کیخلاف بیانات بھی نہیں دیں گی۔

جب ایک ذریعے سے پوچھا گیا کہ آیا بہنیں غیر سیاسی رہنے اور مزید مسائل پیدا کرنے سے گریز کرنے کے اپنے وعدے کی پابندی کریں گی تو ذریعے نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی ایسی یقین دہانی کرا چکی ہیں۔ ایک دوسرے ذریعے نے بھی تصدیق کی کہ مفاہمت یہی تھی کہ بہنیں جلتی پر تیل ڈالنے سے گریز کریں گی۔

اطلاعات کے مطابق، اس مفاہمت کو وسیع تر پسِ پردہ رابطوں کے عمل کا ایک اہم جزو قرار دیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں پہلی مرتبہ عمران خان کے اہلِ خانہ براہِ راست ایسے رابطوں میں شامل ہوئے ہیں جن کا مقصد جاری سیاسی محاذ آرائی میں کمی لانا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور لاہور میں مقیم بعض سرکاری رابطہ کار بھی عمران خان کی بہنوں سے متعلق اس عمل کو آگے بڑھانے میں شامل تھے۔ اطلاعات یہی ہیں کہ انہی یقین دہانیوں کے نتیجے میں جمعرات کو ڈاکٹر عظمٰی خان اور نورین نیازی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا تاہم، پی ٹی آئی کے بانی کی ایک اور بہن علیمہ خان بدستور زیرِ حراست ہیں۔

یہ پیش رفت عمران خان کی جانب سے ایک روز قبل جیل میں اپنی تازہ ملاقات کے دوران نسبتاً زیادہ مفاہمت آمیز لہجہ اختیار کیے جانے کی اطلاعات کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اپنے سابقہ رویے کے برعکس پی ٹی آئی کے بانی نے سخت لب و لہجے سے گریز کیا اور وہ آگے بڑھنے کا کوئی راستہ تلاش کرنے کیلئے زیادہ آمادہ دکھائی دیے، انہیں اپنی ذات کے بارے میں تشویش نہیں تھی بلکہ وہ بشریٰ بی بی اور اپنی بہنوں کے حوالے سے فکرمند تھے۔

تازہ پیشرفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ پسِ پردہ رابطوں کا یہ اقدام سابقہ رویے سے ہٹ کر کشیدگی کم کرنے کے عملی اقدامات کی جانب پیشرفت نظر آ رہا ہے۔ اہلِ خانہ کی شمولیت، بہنوں کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانیاں اور عمران خان کا نسبتاً نرم رویہ، ان تمام عوامل نے مل کر مزید پیشرفت کی توقعات پیدا کر دی ہیں۔

ذرائع کا خیال ہے کہ اس مفاہمت کو برقرار رکھنا پیشرفت کو آگے بڑھانے کیلئے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ فوری چیلنج یہ ہوگا کہ یقین دہانیوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور سیاسی بیانات یا محاذ آرائی پر مبنی بات چیت نہ کی جائے کہ جس سے موجودہ پیشرفت متاثر ہو۔

اگرچہ پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان کسی معاہدے کا باضابطہ اعلان عوامی سطح پر نہیں کیا گیا، تاہم جمعرات کے روز ہونے والی رہائی نے اس بات کا پہلا واضح اشارہ دیا ہے کہ پسِ پردہ رابطوں کے نتیجہ خیز ہونے کے آثار سامنے آ رہے ہیں۔

بشکریہ جیو نیوز