جمعہ، 13 نومبر، 2026 · 4 جمادی الثانی، 1448 ہجری

لائیو , حوثیوں کا آرامکو اور سعودی تیل کی پائپ لائن کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، سلامتی کونسل کا یمن پر پابندیوں میں مزید ایک سال کی توسیع کا اعلان

پاکستان
لائیو , حوثیوں کا آرامکو اور سعودی تیل کی پائپ لائن کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، سلامتی کونسل کا یمن پر پابندیوں میں مزید ایک سال کی توسیع کا اعلان

یمن میں حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے اندر تیل کی تنصیبات اور فوجی مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

انصار اللہ گروپ کے فوجی ترجمان، یحییٰ ساری نے جمعرات کے روز جاری بیان میں کہا کہ گروپ کی فورسز نے سعودی ’ایسٹ ویسٹ‘ تیل کی پائپ لائن پر ایک ڈرون کے ذریعے پمپنگ سٹیشن نمبر سات اور بحیرہ احمر میں یانبو میں تیل کی تنصیب کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔

ایک علیحدہ بیان میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایک ڈرون نے ریاض میں آرامکو کی ایک تنصیب کو نشانہ بنایا، یہ دعویٰ کیا کہ حملہ اس کے ہدف کو نشانہ بنا۔

دوسری جانب سعودی زیرقیادت اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ریاض اور مشرقی علاقوں میں دو ڈرونوں کو روکنے اور تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے یمن سے متعلق پابندیوں میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ اجلاس میں سعودی عرب پر حوثی گروپ کے حملوں کی شدید مذمت بھی کی گئی ہے۔

جمعرات کو منظور کی جانے والی اس قرارداد کے تحت، پابندیوں کی زد میں شامل افراد اور اداروں کے اثاثے منجمد کرنے اور سفری پابندیوں کے اقدامات کو 14 نومبر 2027 تک بڑھا دیا گیا ہے۔

سلامتی کونسل نے یمن سے متعلق ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں بھی رواں سال دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔سلامتی کونسل نے حوثیوں پر زور دیا ہے کہ وہ فوری اور غیر مشروط طور پر اپنی فوجی کارروائیاں بند کریں؛ جن میں عام شہریوں، شہری تنصیبات، تجارتی ہوائی اڈوں اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کو نشانہ بنانا شامل ہے۔

اقوام متحدہ میں برطانیہ کی مستقل مندوب، سارہ میکنٹوش نے کہا کہ یہ قرارداد یمن اور خطے میں حوثی حملوں کے خلاف کونسل کے عزم کا مظہر ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے اسلحے کی پابندی مزید مؤثر ہوگی، بالخصوص ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام کیمیکلز اور دیگر اشیاء پر کڑی نظر رکھی جائے گی، جن کی فہرست آنے والے مہینوں میں تیار کی جائے گی۔

بی بی سی عربی کے مطابق بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے؛ تاہم حوثیوں کو باضابطہ طور پر دہشت گرد گروپ کے طور پر نامزد نہیں کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ فجیرہ میں ایک ٹرک کے کئی گاڑیوں کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

وزارت داخلہ کے مطابق ایک ٹرک ڈرائیور اپنے ٹرک پر سے کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس حادثے کی زد میں پانچ ٹرکوں سمیت 23 گاڑیاں آئیں اور یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رات 12 بجے سے قبل ’ٹریفک سست رفتار‘ سے آگے بڑھ رہا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تصادم کے بعد ’ٹرک میں آگ لگ گئی جو کہ دیگر گاڑیوں تک بھی پھیلی، جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔‘

فجیرہ پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت معلوم کرنے کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے کچھ افراد اماراتی شہری ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں انڈین قونصل خانے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں اس کے شہری بھی شامل ہیں اور اس نے ’غمزدہ خاندانوں‘ سے رابطہ کیا ہے اور وہ مقامی حکام کے ساتھ مل کر انھیں مدد فراہم کر رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ قابو سے باہر ہونے والا ٹرک اُلٹنے سے قبل پہلے ایک گاڑی سے ٹکرایا اورپھر ان گاڑیوں سے بھی جو ’ٹریفک کی سست رفتار‘ کے سبب سڑک پر رُکی ہوئی تھیں۔

حادثے کے بعد پولیس، طبی اور شہری دفاع کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، آگ بجھائی، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور سڑک کو محفوظ بنایا۔ اب بھی وہاں ماہرین کی ٹیمیں موجود ہیں۔

پولیس اور وزارت داخلہ دونوں نے ہی ہلاک ہونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔

زخمی ہونے والوں میں سے آدھی تعداد کو طبی مدد دینے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ باقی افراد تاحال زیر علاج ہیں۔

حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں اماراتی، عمانی، انڈین، برازیلین، پاکستانی، اردنی اور مصری شہری شامل ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کہا ہے کہ امریکہ کو ایران کے ساتھ معاہدے کی ضرورت نہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ انھوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ڈیموکریٹ ریاستوں میں ہونے والی ’وسیع پیمانے پر بدعنوانی‘ پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعرات کے روز اپنے سوشل میڈیا نیٹ ورک ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری ایک پیغام میں صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے جے ڈی وینس کو ہدایت کی ہے کہ وہ امریکہ بھر میں ڈیموکریٹک پارٹی کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں ہونے والی ’وسیع پیمانے پر بدعنوانی اور جرائم‘ پر اپنی مکمل توجہ مرکوز کریں۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ مینیسوٹا، کیلیفورنیا اور الینوائے جیسی ناقص انداز میں چلائی جا رہی ہیں اور بدعنوانی کا شکار ہیں۔ ان کے بقول ہر ماہ اربوں ڈالر چرائے جا رہے ہیں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ اگر اس بڑے پیمانے کی مجرمانہ سرگرمی کا خاتمہ کر دیا جائے تو امریکہ کا بجٹ تیزی سے متوازن کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے الزام لگایا کہ ’بدعنوانی ڈیموکریٹک قیادت کے خون میں شامل ہے۔‘

ایران کے متعلق بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ہمیں ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں۔ وہ دن بہت پہلے گزر چکے ہیں۔ ہمارے پاس ان کا پیسہ ہے، سیکڑوں ارب ڈالر، اور ہمارے پاس ان کی آبنائے ہرمز بھی ہے۔‘

بی بی سی اردو کا لائیو کوریج کا سلسلہ جاری ہے تاہم جمعے کے روز خبروں کا سلسلہ آگے بڑھانے سے قبل ایک نظر گزشتہ روز کی اہم خبروں کے نکات پر ڈال لیتے ہیں۔

بی بی سی اردو کے نئے لائیو پیج میں خوش آمدید۔

یہاں آپ کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم خبریں اور تجزیے پیش کیے جاتے ہیں۔ اگر آپ 12 اکتوبر کی خبروں کو پڑھنا چاہیں تو اس لنک پر کلک کریں۔

بشکریہ بی بی سی اردو