یہ سازشی نظریہ بالکل غلط ہےکہ عمران خان سے ملاقات 28 ویں ترمیم کیلئے کروائی گئی: رانا ثنا

فوٹو: فائل
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ یہ سازشی تھیوری غلط ہے کہ 28 ویں ترمیم کیلئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی گئی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف اپیل کا فیصلہ جس دن آئے گا، اُس دن سازشی نظریات اور ابہام کا خاتمہ ہوجائے گا۔
عمران خان سے لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی ملاقات 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی : جیل ذرائع
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ہم سے اداروں کی دوری نہ ہوئی ہے اور نہ کبھی ہوسکے گی، ہمارے اعتماد کی بنیادی وجہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی شخصیات ہیں۔
یاد رہے کہ 11 نومبر کو لطیف کھوسہ اورسلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات کرائی گئی جو 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ دونوں وکلا نے بانی پی ٹی آئی سے مقدمات اورمتفرق پٹیشنز پر تفصیلی مشاورت کی، ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ وکلا نے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلووں پر بھی عمران خان سے مشاورت کی۔
بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی، دونوں وکلا کی ملاقات اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پرکرائی گئی۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ تین چار گھنٹے ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں ان کی صحت اور مقدمات پر بات ہوئی۔
بشکریہ جیو نیوز