جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

لائیو , سعودی عرب کا دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، عدن میں اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر حملے

پاکستان
لائیو , سعودی عرب کا دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، عدن میں اتحادی افواج کے ٹھکانوں پر حملے

ایران نے دارالحکومت تہران میں خواتین کے لیے ایک نئے عسکری تربیتی مرکز کا افتتاح کیا ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی حکام کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ممکنہ نئے حملوں کے خدشات لاحق ہیں اور سفارتی ثالثی کی کوششیں بھی تعطل کا شکار بتائی جا رہی ہیں۔

منگل کو کھولے گئے اس مرکز میں خواتین رضاکاروں کو مختلف عسکری اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی جا رہی ہے۔

جاری کی گئی ویڈیوز میں درجنوں خواتین رضاکاروں، جنھیں ’جان فدا‘ کہا جاتا ہے، کو دیواروں سے رسیوں کے ذریعے نیچے اترتے اور زِپ لائن کی مشق کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیوز میں بعض خواتین کو اسلحہ اٹھائے تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق ان مراکز میں شہری دفاع، فضائی دفاع اور امدادی و ریسکیو کارروائیوں سے متعلق کورسز بھی کرائے جا رہے ہیں۔

ایران اس سے قبل مردوں اور خواتین دونوں کے لیے ایسے تین تربیتی مراکز قائم کر چکا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کے تحت ایک ملین، یعنی دس لاکھ، رضاکاروں کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان بدھ کو ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور امریکہ کے باہمی تعلقات اور دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان روابط سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق یہ گفتگو مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی۔

وانگ ای، جو چینی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی سیاسی بیورو کے رکن بھی ہیں، نے ستمبر میں چینی صدر شی جن پنگ کے امریکہ کے کامیاب دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین اور امریکہ تعلقات کی نئی سمت کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے واضح تزویراتی رہنمائی فراہم ہوئی۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور امریکہ کے تعلقات میں استحکام کا حالیہ رجحان آسانی سے حاصل نہیں ہوا بلکہ یہ دونوں بڑی طاقتوں کے قومی اور مشترکہ مفادات کے مطابق ایک دانشمندانہ انتخاب ہے۔

انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے بارے میں چین کی پالیسی مستقل اور واضح رہی ہے اور بیجنگ واشنگٹن کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

وانگ ای کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو اختلافات اور حساس معاملات کو مناسب طریقے سے سنبھالنا چاہیے اور 2026 میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پیک) اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس اور جی 20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کے دوران ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تزویراتی استحکام پر مبنی تعمیری چین۔امریکہ تعلقات کے ہدف کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا ہے کہ خطے کے گلیشیئرز پاکستان کے لیے پانی کا اہم ذخیرہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

ماؤنٹین ویمن کلائمیٹ ایوارڈ 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات ایک تلخ حقیقت بن چکے ہیں، جہاں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب انسانی آبادیوں، زرعی زمینوں اور بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نقصان پہنچا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا کے تین بڑے پہاڑی سلسلوں کے سنگم پر واقع گلگت بلتستان تقریباً آٹھ ہزار گلیشیئرز کا مسکن ہے۔ خطے کی متعدد بستیاں ان گلیشیئرز کے نشیبی علاقوں میں واقع ہیں جہاں برفانی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب ہر سال سینکڑوں خاندانوں کو متاثر کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہر سال قریب ایک ہزار گھرانے متاثر ہوتے ہیں، مکانات اور فصلیں تباہ ہو جاتی ہیں جبکہ حکومت کو متاثرہ افراد کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری کے لیے بھاری وسائل درکار ہوتے ہیں۔

امجد حسین کے مطابق موسمیاتی آفات سے سڑکوں، بجلی گھروں، سکولوں اور دیگر بنیادی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور ان کی مرمت و بحالی پر ہر سال اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جس سے خطے کے محدود ترقیاتی وسائل پر مزید دباؤ پڑتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلیشیئرز کے تحفظ اور ان سے وابستہ خطرات کے مطالعے کے لیے پہلے کوئی مخصوص ادارہ موجود نہیں تھا، جس کے پیشِ نظر گلیشیئر پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی گئی۔

انھوں نے کہا کہ مختلف بلندیوں پر واقع گلیشیئرز پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو سائنسی بنیادوں پر سمجھنا اور ان کے مطابق حفاظتی اقدامات کرنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے اتھارٹی کو قومی اور بین الاقوامی تحقیقی اداروں کے ساتھ مؤثر روابط استوار کرنے چاہییں۔

وزیراعلیٰ نے گلیشیئر گرافٹنگ یا مقامی سطح پر گلیشیئرز کی پیوندکاری سے متعلق روایتی علم اور تجربات کو بھی تحقیق اور تحفظ کی کوششوں کا حصہ بنانے پر زور دیا۔

چین نے کہا ہے کہ اس کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت اب تک 150 سے زائد ممالک اور 30 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں، جو دنیا کے تقریباً تین چوتھائی ممالک اور کئی بڑے عالمی اداروں کا احاطہ کرتے ہیں۔

چین کے ’ڈیپارٹمنٹ آف ریجنل اوپننگ اَپ، نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن‘ کے سربراہ لیانگ لن چونگ نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں اس پیش رفت کا اعلان کیا۔

چین نے 2013 میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ متعارف کروایا تھا، جسے بیجنگ عالمی اقتصادی تعاون اور ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتا ہے۔

منگل کو ایک چینی تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کی گئی ’بلڈنگ این اوپن ورلڈ اکانومی تھرو بیلٹ اینڈ روڈ کوآپریشن یعنی بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے ذریعے ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت ہونے والا تعاون چین کی کھلے پن کی پالیسی اور باہمی فائدے پر مبنی ترقیاتی حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کے ممالک پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ باہم منسلک ہو چکے ہیں، جس سے عالمی مسائل کے حل کے لیے تعاون اور مشترکہ اقدامات کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین داخلی اور عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ معیار کے کھلے پن کو فروغ دینا اور عالمی ترقیاتی شراکت داریوں کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین کا مؤقف ہے کہ بین الاقوامی تعاون اور اقتصادی روابط کے ذریعے موجودہ چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور ایسی عالمی معیشت کی تشکیل ممکن ہے جس سے تمام ممالک کو مشترکہ فائدہ پہنچے۔

یمن کے حوثی گروپ، انصار اللہ، کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ جنوبی یمن کے شہر عدن میں بھی میزائل حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت والے اتحاد نے بُدھ کو اعلان کیا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔

اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق مشترکہ دفاعی نظام نے مملکت کے مغربی علاقے میں دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، جبکہ اس سے قبل ریاض کی جانب داغے گئے تین کروز میزائل بھی ناکام بنا دیے گئے تھے۔

یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب فروری میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد شروع ہونے والی علاقائی جنگ کے دوران حوثی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، تیل کی تنصیبات اور دیگر اہم اہداف کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔

سعودی عرب کا مشرقی صوبہ، جہاں ملک کے بیشتر تیل و گیس ذخائر اور آرامکو کا صدر دفتر واقع ہے، حالیہ ہفتوں میں متعدد حملوں کی زد میں آ چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اکتوبر میں ہونے والے ایک حملے میں آرامکو کے مرکزی دفتر کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

عدن میں دھماکے

دوسری جانب حوثیوں نے بدھ کو جنوبی یمن کے شہر عدن پر بھی میزائل حملے کیے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دو پولیس ذرائع نے بتایا کہ عدن میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ذرائع کے مطابق دو میزائلوں نے شہر کے مغربی حصے میں اتحادی افواج کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا جبکہ تیسرا میزائل شہر کے وسط میں واقع ایک اور فوجی مرکز پر گرا۔

سنہ 2022 کی جنگ بندی کے خاتمے اور جولائی میں دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے بعد سے حوثی کئی مرتبہ عدن کو نشانہ بنا چکے ہیں۔

سوگ کی تقریبات اور بڑھتا انسانی بحران

دارالحکومت صنعا میں گذشتہ ہفتے بڑی تعداد میں لوگ ان افراد کی یاد میں جمع ہوئے جو سعودی فضائی حملوں میں مارے گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق الشریعہ نامی گاؤں میں گھروں پر ہونے والے حملوں میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں تقریباً 20 بچے بھی شامل تھے۔ سوگوار افراد متاثرین کی تصاویر سے مزین تابوت اٹھائے ہوئے تھے۔

اقوام متحدہ کے مطابق جولائی میں لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1600 سے زائد افراد ہلاک جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

خلیجی ممالک کا اجلاس

ادھر بحرین کے دارالحکومت منامہ میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے داخلہ کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔

سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو غیر معمولی سکیورٹی چیلنجز اور تیزی سے بدلتی علاقائی صورت حال کا سامنا ہے، جس کے لیے مشترکہ اور پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور کسی ایک ملک کو لاحق خطرہ پورے خلیجی نظام کے لیے خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔

سعودی وزیر داخلہ نے حوثیوں کی جانب سے شہریوں اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیے جا سکتے کیونکہ ان سے نہ صرف شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ یمن اور پورے خطے کے امن و استحکام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ایران کے پارلیمانی سپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان براہِ راست مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی تھی۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران نے آٹھ ماہ سے جاری تنازع کے خاتمے کے لیے قطر کے ذریعے امریکہ کو سات نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے اور اب تہران امریکی جواب کا منتظر ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر امریکہ طے شدہ نکات کی پابندی کرے اور ایسے مطالبات سے گریز کرے جو بداعتمادی کو بڑھاتے ہیں تو معاہدے تک پہنچنا ممکن ہے، تاہم ایران کو اب بھی واشنگٹن پر اعتماد نہیں۔

ایران کی سات شرائط

باقر قالیباف کے مطابق ایران نے مذاکرات کے لیے جن شرائط کا مطالبہ کیا ہے ان میں امریکی بحری ناکہ بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کا باضابطہ اعلان شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’گیند اب امریکہ کے کورٹ میں ہے۔‘

آبنائے ہرمز پر نیا مؤقف

ایرانی سپیکر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز اب کبھی بھی امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ سے پہلے والی حیثیت اختیار نہیں کرے گی اور ایران و عمان اس اہم آبی گذرگاہ کی نگرانی سے متعلق ایک نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں ’آزاد بین الاقوامی پانی‘ موجود نہیں اور اس کے ضوابط کا تعین ایران اور عمان کے قوانین کے مطابق ہوتا ہے، کیونکہ دونوں ممالک اس آبی راستے کے ساحلی ممالک ہیں۔

نئی جنگ پر انتباہ

باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور جنوری میں ذمہ داریاں سنبھالنے والی نئی کانگریس کی جانب سے سیاسی دباؤ بھی بڑھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران ’نہ جنگ، نہ امن‘ کی کیفیت سے نکلنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے مضبوط عسکری اور دفاعی صلاحیت کو ضروری سمجھتا ہے۔

یمن کے بارے میں مؤقف

یمن میں سعودی حمایت یافتہ حکومتی افواج اور حوثیوں کے درمیان جاری لڑائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ کسی بیرونی فریق کو اس تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت دونوں ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل میں معاونت کے لیے تیار ہو گا۔

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف ایک اور جنگ شروع کی تو مغربی ایشیا سے لے کر یورپ تک اس کارروائی میں شامل تمام فوجی اڈے ایرانی حملوں کے جائز اہداف ہوں گے۔

بدھ کو عرب نشریاتی ادارے المدین کو دیے گئے انٹرویو کے مندرجات منظرِ عام پر آنے کے بعد محسن رضائی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ یا اس کے اتحادیوں کے لیے کوئی مقام محفوظ نہیں ہو گا۔

المدین کے ساتھ گفتگو میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنے یورینیم پروگرام کے حوالے سے ’ایک ذرہ بھی‘ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں اور اگر امریکہ کی جانب سے نئے حملے کیے گئے تو تہران اپنے فوجی ردعمل کا دائرہ مزید وسیع کر سکتا ہے۔

سپین میں 14 برس بعد ہونے والی پہلی ملک گیر عام ہڑتال کے دوران بارسلونا میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جبکہ ملک بھر میں لاکھوں کارکنوں سے وابستہ یونینوں کی اپیل پر ہزاروں افراد نے رہائش کے بڑھتے بحران اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔

دارالحکومت میڈرڈ میں تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار افراد نے مظاہرے میں شرکت کی، جبکہ بارسلونا میں 50 ہزار سے زائد افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ بعد ازاں بارسلونا کے مرکزی علاقوں میں نقاب پوش افراد اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، جس کے دوران کئی مقامات پر کچرے کے ڈبوں کو آگ لگا دی گئی اور بعض دکانوں کے شیشے توڑے گئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق کچھ مظاہرین نے پولیس پر آتش بازی کا سامان بھی پھینکا جبکہ چند دکانوں، جن میں ایک معروف کھلونوں کی دکان بھی شامل ہے، کو نقصان پہنچایا گیا۔ بعض افراد نے ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے سٹور میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔

’شروع میں ماحول پُرامن اور خوشگوار تھا‘

بارسلونا میں احتجاج میں شریک ایک خاتون نے بی بی سی کو بتایا کہ دن کے وقت مظاہرہ زیادہ تر پُرامن اور خوشگوار تھا اور اس میں بڑی تعداد میں بچے اور بزرگ بھی شریک تھے۔

ان کے مطابق شام کے وقت شہر کے مختلف حصوں میں آگ لگی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہر طرف آگ دکھائی دے رہی تھی، صورت حال بہت شدید ہو گئی تھی۔‘

ٹرانسپورٹ متاثر، گرفتاریاں بھی ہوئیں

ہڑتال کے باعث سپین بھر میں ٹرانسپورٹ اور دیگر عوامی خدمات متاثر ہوئیں جبکہ کئی بڑی سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق مختلف واقعات کے سلسلے میں درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بعض جائیداد کے کاروبار سے وابستہ دفاتر پر حملوں کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

میڈرڈ میں مظاہرین میں سے ایک نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’ہم نے شہر کو تقریباً مفلوج کر دیا ہے۔ بارش کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر موجود ہیں۔‘

رہائش کا بحران احتجاج کا بنیادی سبب

37 برس کی ٹیچر اولگا ڈومنگو نے کہا کہ وہ اس لیے احتجاج کر رہی ہیں کیونکہ رہائش کی صورت حال ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے۔ ان کے بقول، ’زندگی گزارنے کے اخراجات اور تنخواہوں میں اتنا فرق ہے کہ موجودہ حالات میں گزارا ممکن نہیں رہا۔‘

یہ ہڑتال سستے گھروں کی قلت اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے بعد سامنے آئی۔ اس تحریک کو اس وقت زیادہ توجہ ملی جب 87 سالہ ماری کارمین اباسکال کو میڈرڈ کے اُس فلیٹ سے بے دخل کر دیا گیا جہاں وہ سات دہائیوں سے رہ رہی تھیں۔ چند ہفتے بعد وہ ہسپتال میں فوت ہو گئیں۔

جائیداد کے شعبے سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق میڈرڈ میں 50 مربع میٹر کے ایک فلیٹ کا اوسط ماہانہ کرایہ تقریباً 1170 یورو تک پہنچ چکا ہے، جبکہ سپین میں اوسط ماہانہ تنخواہ تقریباً 2460 یورو ہے۔

اس طرح ایک عام شہری اپنی آمدنی کا تقریباً نصف حصہ صرف رہائش پر خرچ کرنے پر مجبور ہے، جو ماہرین کے تجویز کردہ قابلِ برداشت تناسب سے کہیں زیادہ ہے۔

انتخابات سے قبل سیاسی کشمکش

سپین میں 29 نومبر کو پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے گزشتہ ماہ قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا جب پارلیمان ان کے مجوزہ رہائشی اصلاحات کے منصوبے کی منظوری نہ دے سکی۔

غیرمعمولی طور پر حکمران سوشلسٹ حکومت نے ہڑتال کی مخالفت کے بجائے اس کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم سانچیز نے کارکنوں کے حقِ ہڑتال کا دفاع کرتے ہوئے اسے مزدوروں کی تاریخی جدوجہد کا تسلسل قرار دیا۔

دوسری جانب حزبِ اختلاف کی قدامت پسند جماعت پیپلز پارٹی نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ انتخابات سے قبل سیاسی فائدے کے لیے ہڑتال کو استعمال کر رہی ہے۔

’گھر خریدنا ناممکن ہو گیا ہے‘

27 سالہ گونزالو الواریز، جو کرایہ داروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم سے وابستہ ہیں، کہتے ہیں کہ ماری کارمین اباسکال کی بے دخلی نے عوامی غصے کو بھڑکا دیا۔

وہ اپنی ساتھی کے ساتھ ایک چھوٹے سے اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں اور دونوں مل کر ماہانہ ایک ہزار یورو کرایہ ادا کرتے ہیں۔

ان کے مطابق: ’خوراک، بجلی، پانی اور گیس کے اخراجات کے بعد گھر خریدنے کے لیے رقم جمع کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔‘

ہڑتال کتنی مؤثر رہی؟

کاروباری حلقوں نے ہڑتال کو سیاسی قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے، تاہم بجلی کے استعمال کے ابتدائی اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ صنعتی سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی۔

سپین کے قومی گرڈ آپریٹر کے مطابق بدھ کی صبح ملک میں بجلی کی طلب میں تقریباً 7.5 فیصد کمی دیکھی گئی، جو ہڑتال میں شرکت کے ایک اہم اشاریے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس ہڑتال کی عوامی حمایت اور احتجاجی سرگرمیوں کی شدت 29 نومبر کے انتخابات سے قبل حکمرانوں اور اپوزیشن، دونوں کے لیے ایک اہم سیاسی اشارہ تصور کی جائے گی۔

یمن کے حوثی جنگجوؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع سعودی شہر ینبع میں تیل کی پمپنگ تنصیب کو ڈرون سے نشانہ بنایا ہے۔

حوثی جنگجوؤں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تین کروز میزائلوں سے حملے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے اس دعوے کی بھی تردید کی کہ مکہ شہر کے اوپر ایک ڈرون کو روک کر تباہ کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ حوثی جنگجوؤں کے حملوں کا ہدف سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات اور فوجی اڈے ہیں۔

ایرانی پارلیمان کے سپیکر باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ ’آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی صورتِ حال میں واپس نہیں آئے گی اور یہ ایران کی سات نکاتی شرائط کا حصہ ہے۔‘

بی بی سی فارسی کے مطابق الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے راستے اور ان کی نقل و حرکت کو الگ رکھنے کے نظام سے متعلق عمان کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔‘

قالیباف نے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’ایران کی ترجیح امن ہے، بشرطیکہ اس کی شرائط تسلیم کی جائیں۔‘

ایرانی وزارتِ دفاع کے ترجمان رضا طلائینیک کا کہنا ہے کہ ’ایران کی دفاعی صلاحیت پہلے کے مقابلے میں اب مزید مضبوط ہوئی ہے اور جنگ کا نتیجہ واضح ہے۔‘

امریکی صدر اور وزیرِ دفاع کے نام ایکس پر ایک پیغام میں انھوں نے لکھا کہ ’ایران کو ہتھیاروں کی فراہمی، اس کی سٹریٹجک پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرتی ہے اور یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پیٹ کے ’گمراہ کن اعداد و شمار‘ سے کہیں آگے ہے۔‘

رضا طلائینیک نے مزید کہا کہ امریکہ کو ایران کے جائز مطالبات تسلیم کرنے‘ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کی فوجی صورتِ حال ’تقریباً تباہ‘ ہو چکی ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ میزائل اور ڈرون بنانے کی ایران کی صلاحیت میں 85 فیصد کمی آئی ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران سے منسلک مبینہ دھمکیوں کے بعد امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ کو واشنگٹن ڈی سی میں واقع ان کے گھر سے ایک فوجی اڈے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

بی بی سی کے امریکی شراکت دار ادارے سی بی ایس کے مطابق یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب اخبار وال سٹریٹ جرنل نے سکاٹ بیسنٹ کے گھر کی ایک تصویر شائع کی۔

سکاٹ بیسنٹ ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے اور اس کی معیشت کو دباؤ میں لانے کے لیے وسیع تر اقدامات میں پیش پیش رہے ہیں۔

بیسنٹ کو ملنے والی دھمکیوں کی نوعیت واضح نہیں ہے، تاہم امریکی انٹیلیجنس حکام خبردار کر چکے ہیں کہ ایران نے امریکی شہریوں، بشمول سرکاری عہدیداروں، کو نشانہ بنانے کی کوششیں ’نمایاں طور پر بڑھا دی ہیں‘۔

سی بی ایس کو ایک ذریعے نے بتایا کہ وال سٹریٹ جرنل میں ایک مضمون شائع ہونے کے بعد سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا۔ اس مضمون میں آن لائن دستیاب ایسی تصویر شامل تھی جس کی مدد سے وزیرِ خزانہ کے جارج ٹاؤن میں واقع گھر کا مقام معلوم کیا جا سکتا تھا۔

جارج ٹاؤن واشنگٹن کا ایک خوشحال علاقہ ہے جہاں کئی سرکاری عہدیدار اور معروف شخصیات رہائش پذیر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث حکام نے بیسنٹ کو علاقے میں واقع ایک فوجی اڈے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔

امریکی محکمۂ خزانہ کے ترجمان نے ایک بیان میں صرف اتنا کہا کہ ’بیسنٹ دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور ایران کی معیشت پر دباؤ ڈالنے کی امریکی کوششوں کے لیے پُرعزم رہیں گے۔‘

بی بی سی نے اس معاملے پر وائٹ ہاؤس سے بھی تبصرے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

گذشتہ سال ستمبر میں امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس جے کلیٹن نے خبردار کیا تھا کہ ایران نے امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں ’نمایاں طور پر بڑھا دی ہیں‘۔

رپورٹس کے مطابق ایران کے ممکنہ اہداف کی فہرست میں سابق امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو، سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن اور سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف مارک ملی بھی شامل ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گذشتہ سال اقتدار میں واپسی کے کچھ ہی عرصے بعد مارک ملی اور جان بولٹن کی سکیورٹی ٹیمیں واپس لے لی گئی تھیں۔

سکاٹ بیسنٹ امریکی حکومت کے ان کئی عہدیداروں میں شامل ہیں جو فوجی اڈوں پر رہائش پذیر ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے نئے چیف آف سٹاف سٹیفن ملر کو بھی سنہ 2025 کے اواخر میں ایک فوجی اڈے پر منتقل کیا گیا تھا، اس وقت ایران کے ساتھ تنازع شروع نہیں ہوا تھا۔

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی فوجی اڈوں پر رہتے ہیں۔ ان سے پہلے سابق اٹارنی جنرل پام بونڈی اور سابق انٹیلیجنس سربراہ تلسی گیبارڈ بھی وہاں مقیم رہ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے فروری میں ایران کے خلاف فضائی حملے شروع کیے تھے، جن میں ایران کے رہنما ہلاک ہوئے۔ اس کے جواب میں تہران نے خطے میں امریکی اتحادیوں کو نشانہ بنایا اور آبنائے ہرمز کو عملاً بند کر دیا، جہاں سے عام حالات میں دنیا کی تقریباً پانچواں حصہ تیل اور گیس گزرتی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ان کی عمران خان سے تین سے چار گھنٹے تک ملاقات ہوئی، جس میں ان کی صحت اور مقدمات سمیت مختلف معاملات پر بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اپنے موکلوں سے ملنے کی اجازت دے دی ہے۔

لطیف کھوسہ کے مطابق عمران خان کا بلڈ پریشر ’خوف ناک حد تک فلکچوئیٹ کرتا‘ ہے، جبکہ ان کی آنکھ کا مسئلہ بھی زیرِ گفتگو آیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کا ارادہ مضبوط تھا اور وہ مستعد دکھائی دے رہے تھے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی اور ملاقات میں بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔

ایک صحافی کے 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں لطیف کھوسہ نے کہا کہ ’ملاقات میں 28ویں آئینی ترمیم پر بھی گفتگو ہوئی، تاہم وہ اس بارے میں مزید بات نہیں کرنا چاہتے۔‘

انھوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران تمام معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور وہ اس کی تفصیلات تحریری طور پر سامنے لائیں گے۔ ان کے بقول ’کل ہم ملاقات کی تفصیل لکھیں گے اور یہ سب آپ کے سامنے آشکار ہو جائے گا۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اپنے موکلوں سے ملنے کی اجازت دی تھی۔

عدالت نے جیل کے حکام کو ہدایت کی تھی کہ بدھ کے روز ان وکلا کی سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سے ایک گھنٹے تک ملاقات کروائی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے منگل کے روز یہ حکم مجرمان کی طرف سے ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے (القادر ٹرسٹ کیس) میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران دی۔

خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں پولیس پارٹی پر حملے کے بعد ہنگامی امداد کے ادارے ریسکیو 1122 نے واقعے میں 12 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ادارے کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی نے بتایا کہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد اب تک تقریباً 12 پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں نے انھیں بتایا ہے کہ جائے وقوعہ پر کچھ اہلکاروں کی لاشیں پڑی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے وہاں تک پہنچنے میں وقت لگ رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب انھیں ہلاکتوں کی تصدیق ہو جائے گی تو وہ تفصیلات جاری کر دیں گے۔

حکام کی جانب سے تاحال سرکاری سطح پر ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے جاری بیان میں حکام نے چند ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا جبکہ گورنر ہاؤس سے جاری بیان میں بھی پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا تذکرہ ہے۔

پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے حکام کا دعویٰ ہے کہ کوہاٹ شہر میں دربوکچ کے علاقے میں شدت پسندوں کی جانب سے پولیس پر کیے گئے ایک حملے میں کم از کم آٹھ اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے چند ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے۔

یہ واقعہ کوہاٹ شہر سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدود میں دربو کچ کے نزدیک پیش آیا ہے۔

یہ علاقہ کوہاٹ اور راولپنڈی کو ملانے والی شاہراہ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے جغرافیائی اور تجارتی لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے۔

گمبٹ کے گردونواح میں متعدد دیہات اور آبادیاں موجود ہیں، جبکہ یہاں مقامی سطح پر بازار، تعلیمی ادارے اور دیگر بنیادی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔

دربو کچ بھی ان میں سے ایک دور افتادہ گاؤں ہے جو گمبٹ تحصیل سے کوئی چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ پہاڑی علاقہ ہے اور وہاں جانے کے لیے سڑک بھی مناسب نہیں ہے جس وجہ سے کوہاٹ سے سے گاؤں تک جانے میں دو سے ڈھائی گھنٹے لگ جاتے ہیں۔

مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ دربو کچ بنیادی طور پر خوشحال گڑھ اور شکردرہ کے درمیان واقع ہے یہ ایک لمبی پٹی ہے جو دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ چلتی ہے۔

اس علاقے میں دریا کے کنارے سونے کی تلاش کا کام کیا جاتا ہے اور علاقے میں ہمیشہ سے شورش زدہ رہا ہے۔ اس علاقے میں اس سے پہلے بھی مقامی گروہوں کے درمیان لڑائیاں اور پولیس کے چھاپے پڑ چکے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا گورنر فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

گورنر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ میں جرائم پیشہ عناصر اور شدت پسندوں کے غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں کچھ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا حوالہ دیا ہے۔

تاہم گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔ اس سے قبل خیبر پختونخوا پولیس نے بھی اپنے بیان کچھ اہلکاروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے حکام کا دعویٰ ہے کہ کوہاٹ شہر میں دربوکچ کے علاقے میں شدت پسندوں کی جانب سے پولیس پر کیے گئے ایک حملے میں کم از کم آٹھ اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے چند ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ اُس وقت ہوا جب پولیس اس علاقے میں شدت پسندوں اور جرائم پیشہ عناصر کے گٹھ جوڑ سے جاری غیرقانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن میں مصروف تھی۔

اعلامیے کے مطابق اس واقعے میں اب تک آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ چند ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی فورسزکے تازہ دم دستے جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں جبکہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدود میں پیش آیا ہے جو جو کوہاٹ شہر سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

یہ علاقہ کوہاٹ اور راولپنڈی کو ملانے والی شاہراہ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے جغرافیائی اور تجارتی لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے۔

گمبٹ کے گردونواح میں متعدد دیہات اور آبادیاں موجود ہیں، جبکہ یہاں مقامی سطح پر بازار، تعلیمی ادارے اور دیگر بنیادی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔

گمبٹ کی آبادی کا بڑا حصہ زراعت، مقامی کاروبار اور دیگر ذرائع معاش سے وابستہ ہے۔ یہ علاقہ جنوبی خیبر پختونخوا اور ضلع کوہاٹ کے دیہی علاقوں کے درمیان رابطے کے حوالے سے بھی اہمیت رکھتا ہے۔

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران اپنی افزودہ یورینیم کا ایک بھی ذرہ بیرونِ ملک منتقل نہیں کرے گا اور خود اسے استعمال کرے گا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق المدین ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محسن رضائی کا کہنا تھا کہ ’افزودہ جوہری مواد کی معمولی ترین مقدار بھی ایران سے باہر نہیں لے جائی جائے گی۔‘

محسن رضائی نے کہا کہ تہران نے اپنے روسی دوستوں کو بھی آگاہ کر دیا ہے کہ افزودہ مواد ایران ہی میں رہے گا اور ایران خود اسے استعمال کرے گا۔

انھوں نے وضاحت کی کہ ایران کو جوہری توانائی سے چلنے والے جہازوں اور آبدوزوں کے لیے افزودہ جوہری مواد کی ضرورت ہے۔

رضائی نے جنگ کے خاتمے اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ایران کے مؤقف کا بھی خاکہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جنگ بندی کا اطلاق مغربی ایشیا کے تمام محاذوں پر ہونا چاہیے، خاص طور پر لبنان میں۔

انھوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے دوبارہ فوجی حملہ کیا تو اس کے جواب میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا، جن میں ایران سے دور واقع اڈے بھی شامل ہوں گے۔

سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران جنگ کے خاتمے کے لیے کئی شرائط پیش کر چکا ہے، جن میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر لڑائی کا خاتمہ، بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں بحال کرنے اور مستقبل میں دوبارہ فوجی جارحیت نہ کرنے کی ضمانتیں شامل ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں تبلیغی جماعت کے افراد کو لے جانے والی کوچ اور موٹر سائیکل کے درمیان حادثے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ متاثرہ افراد میں دو خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام زخمیوں کو مفتی محمود ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی میتیں بھی ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے خدشات کو جواز بنا کر ایران کے خلاف جنگ چھیڑی، اور پھر پہلی بار مرتبہ لامرد میں جدید پی آر ایس ایم (پریسیشن سٹرائیک) میزائل استعمال کیا۔

ہزشکیان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ واشنگٹن اب دھمکیوں کے ذریعے سفارت کاری کو آگے بڑھانے کے لیے ’مدر آف آل بمبز‘ کا حوالہ دے رہا ہے۔

ایرانی صدر نے امریکہ کے اس طرزِ عمل کو ’تضاد نہیں بلکہ شرمناک‘ قرار دیا۔

پزشکیان نے سوال کیا، ’عالمی امن اور سلامتی کو خطرے میں کون ڈال رہا ہے؟‘

بشکریہ بی بی سی اردو