جمعرات، 12 نومبر، 2026 · 3 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی کی گئی اور نہ کی جانی چاہیے، رانا ثنااللہ

پاکستان
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی کی گئی اور نہ کی جانی چاہیے، رانا ثنااللہ

فوٹو: فائل

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی کی گئی اور نہ کی جانی چاہیے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات بانی پی ٹی آئی کو اسپتال لایا گیا، ڈاکٹروں نے چیک اپ کیا۔ ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں رکھنےکی ہدایت کرتے تو اسپتال میں داخل کرلیا جاتا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں کی گئی اور نہ کی جانی چاہیے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس معاملےکو حکومت کی طرف سے اگرکوئی براست ڈیل کر رہا ہے تو ان کا نام محسن نقوی ہے، محسن نقوی نے ایک ایک معاملے پرکہا کہ فلاں وقت آپ نے یہ کہا تو کیا ہوا نہیں؟ علاج سے متعلق بات کی تو کیا اس پر عمل نہیں ہوا؟ ہمارے سامنے محسن نقوی کی کسی بات پر گوہر خان اورکسی اور نے تردید نہیں کی۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مولانا کو ساتھ ہونا چاہیے، رانا ثنااللہ

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان 1958 سے اب تک کے تمام غیر آئینی اقدامات کا ذمہ دار موجودہ قیادت کو ٹھہراتے ہیں، تمام چیزوں کو ایک طرف رکھ کر دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کا ساتھ دینا ہوگا، پہلے وزیراعظم سے بات کریں گے اس کے بعد مولانا فضل الرحمان سے بھی بات کریں گے، سیز فائر ہونا چاہیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مولانا کو ساتھ ہونا چاہیے۔

چوہدری سالک حسین جینٹل مین اور شریف آدمی ہیں، رانا ثنااللہ

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے بیان پر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک حسین جینٹل مین اور شریف آدمی ہیں، چوہدری سالک جس ماحول میں اٹھتے بیٹھتے ہیں وہاں شاید یہ تھیوری ڈسکس ہوتی ہےکہ یہ اور وہ ہورہا ہے، میرا خیال کہ شاید چوہدری سالک حسین ایسی جگہ دو چار دس دفعہ بیٹھے ہوں گے، میں جانتا ہوں ان لوگوں کو جن میں ان کا اٹھنا بیٹھنا ہے، اس لیے ان سے یہ بات ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک وفاقی وزیر جس کا بھائی صوبے میں وزیر ہو اس طرح بات کرناکہ فائلیں بن رہی ہیں! یہ باتیں ہر دور میں ہم سنتے رہےکہ فائلیں بن رہی ہیں ہر چیز نوٹ ہورہی ہے، لیکن بعد میں کوئی ثبوت نہیں آیا، میرا خیال ہے کہ ان باتوں سے متاثر ہوکر چوہدری سالک نے یہ بات کردی ہے۔

چوہدری سالک کی بات کا جواب دینا وزیراعلیٰ پنجاب پر واجب تھا، رانا ثنااللہ

انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک کی بات کا جواب دینا وزیراعلیٰ پنجاب پر واجب تھا، وزیراعلیٰ نے جس جرات کے ساتھ جواب دیا دل گواہی دیتا ہےکہ بندہ سچا ہو تو ایسا جواب دے سکتا ہے، یہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ کسی صوبے میں تھانیدار، پٹواری یا کلرک پیسے نہیں لے رہا، چوہدری سالک حسین اب بات اس پیرائے میں لےکر آرہے ہیں، وزیراعلیٰ نے بھی تو یہ نہیں کہا کہ نچلی سطح پر بھی کرپشن ختم ہوگئی ہے، انٹرویو میں چوہدری سالک حسین نے جو بات کی، اشارہ حکومت اور وزیراعلیٰ کی طرف تھا۔

محمود قادرلغاری کی کہانی اپنی اہمیت بنانےکے لیے ہے، رانا ثنا اللہ

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ محمود قادرلغاری کی بات کو لے لیں، اس طرح کی کہانی اپنی اہمیت بنانے کے لیے ہے، یہ اویس لغاری کے قریبی عزیز ہیں، ضمنی انتخاب میں آئے ہیں، ٹکٹ کے لیے دو تین بار تو میری طرف بھی آئے ہیں، محمود قادر لغاری نے اس طرح سے بات کرکے اور ویڈیو بنا کر ذیادتی کی، کیا انھوں نے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ ، اویس لغاری یا مجھ سے یہ بات کی؟ اب انھوں نے وثیقہ نویس اور ڈی پی او کے خلاف یہ بات کی ہے تو اب ثابت کریں، اگر محمود قادر لغاری ثبوت لے آئیں تو بالکل وثیقہ نویس اور ڈی پی او کے خلاف کارروائی ہوگی، اس طرح کی باتوں سے پھر چوہدری سالک جیسے لوگ متاثر ہوکر وہ بھی یہ بات کرتے ہیں، لوگ ہمارے ساتھ ہی بیٹھے ہوتے ہیں ان کی خواہشات ہوتی ہیں اس کے لیے وہ کہانیاں گھڑتے رہتے ہیں، ضروری نہیں کہ ان کہانیوں اور باتوں میں کوئی صداقت بھی ہو۔

کرپشن سے متعلق میرے بیان کے بعدکرپشن ختم نہیں ہوئی، اپنا بیان کبھی واپس نہیں لوں گا: چوہدری سالک

ڈی جی خان میں سب اچھا نہیں، خوشامدی تعریفیں کرتے ہیں لیکن زمینی حقائق مختلف ہیں: ن لیگی ایم این اے

بشکریہ جیو نیوز