جماعت اسلامی کا دباؤ نہ ہوتا تو حکومت ریلیف نہ دیتی، احتجاج نہ کرتے تو یہ پیٹرول 500 روپے پر لے جاتے: حافظ نعیم

فوٹو: فیسبک/ جماعت اسلامی
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا دباؤ نہ ہوتا تو حکومت ریلیف نہ دیتی، اگر احتجاج نہ کرتے تو یہ پیٹرول 500 روپے لیٹر کی قیمت پر لے جاتے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتےہوئےحافظ نعیم الرحمان نےکہا کہ آئل ریفائنریز، چینی، گیس، آٹا اور آئی پی پیز مافیاز کا کارٹیل ہے، اس کارٹیل میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی تمیز نہیں، یہ کارٹیل مل کر عوام کا خون نچوڑ رہا ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہو رہا ہے،آئل ریفائنریز کا مارجن کم کرکےقیمتیں مزید کم کی جا سکتی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومتی ادارے اور سیاسی جماعتیں گاڑیوں کا لشکر لےکر نکلتی ہیں، سیاسی جماعتوں میں لوگوں کی عیاشیاں لگی ہوئی ہیں، ان کےپاس بڑی بڑی گاڑیوں کا لشکر ہوتا ہے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکومت سےکہا ہےکہ بڑی گاڑیوں کا امپورٹ ٹیکس بڑھائےاور ان پر لیوی عائد کرے، جو ہاتھی پالتا ہے، وہ اس کا بوجھ بھی اٹھا سکتا ہےجبکہ ٹریکٹرز اور پبلک ٹرانسپورٹ کو ریلیف پیکیج میں لایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ عروج پر ہے، حکومت نے ایل پی جی کی قیمت پہلے 240 روپےاور اب 279 روپےمقرر کی ہے، لیکن حکومتی قیمت پر کہیں بھی ایل پی جی دستیاب نہیں۔
بشکریہ جیو نیوز