بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کرپشن سے متعلق میرے بیان کے بعدکرپشن ختم نہیں ہوئی، اپنا بیان کبھی واپس نہیں لوں گا: چوہدری سالک

پاکستان
کرپشن سے متعلق میرے بیان کے بعدکرپشن ختم نہیں ہوئی، اپنا بیان کبھی واپس نہیں لوں گا: چوہدری سالک

فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کا کہنا ہےکہ پنجاب میں کرپشن سے متعلق میرے بیان کے بعد کرپشن ختم نہیں ہوئی، میں اپنا بیان کبھی واپس نہیں لوں گا کیونکہ یہ حقیقت ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ گجرات میں ڈیڑھ سال سے ڈپٹی کمشنر موجود تھیں کوئی مسئلہ نہیں تھا، بہترورکنگ کوآرڈینشن تھی، ڈیڑھ سال پہلے ہماری بات ہوئی تھی ہم نےکہا تھا کہ ایسا ڈی سی لگائیں جن کا اربن ڈیولپمنٹ کا تجربہ ہو، جب ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی ہوگئی تو ہم نےکوئی اعتراض ظاہر نہیں کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے غلط انفارمیشن کی وجہ سے یہ بیان دیا، وزیراعلیٰ نے جو بیان دیا یہ باتیں ایک حکمران کو زیب نہیں دیتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس تو پہلے دن سے ہونا چاہیے، ابھی تو عام انتخابات میں ڈھائی سال پڑے ہیں مجھے نہیں پتا یہ کونسے الیکشن کی بات کر رہے ہیں، میں اپنا بیان کبھی واپس نہیں لوں گا کیونکہ یہ حقیقت ہے، نوٹس کا جواب تیار ہےکل پرسوں تک بھیج دوں گا۔

'اگر آپ سیاست میں ہیں تو پھر عورت کارڈ نہ کھیلا کریں'

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے والد سے پوچھ لیں ان کو زیادہ پتا ہوگا کہ چوہدری شجاعت کس طرح کی شخصیت ہیں، اب میں کچھ کہوں گا تو ان کی نمبر تھری آجاتی ہیں یا غالباً ان کی نمبر ٹو ہیں اور کہتی ہیں کہ شرم آنی چاہیے خواتین سے متعلق بات کرنے پر، اگر آپ سیاست میں ہیں تو پھر عورت کارڈ نہ کھیلا کریں، آپ سیاست میں ہیں اور ایسی گھٹیا بات کریں گے تو جواب بھی ملےگا، چوہدری شجاعت پر آج تک کرپشن کا الزام نہیں، انھوں نے صرف عزت کمائی ہے، ان کو اپنے والد سے پوچھنا چاہیےکہ کوئی اگرکسی چیز کی نشاندہی کرے توکس طرح جواب دینا چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ساری بات اپنے اوپر لے لی، اس کا کیا مطلب ہے؟ وزیراعلیٰ نےکہا کہ کسی بھی پروجیکٹ یا منصوبے میں کرپشن ہوئی تو میں ذمہ دار ہوں، وزیراعلیٰ پنجاب آئے دن کرکیا رہی ہیں کرپشن کے خلاف ہی کریک ڈاؤن کر رہی ہیں نا،کرپشن سے متعلق میرے بیان کے بعد کرپشن ختم نہیں ہوئی، زیادہ کھل کر سامنے آگئی ہے۔

چوہدری سالک نے کہا کہ کبھی انٹرویو دیتے وقت نہیں پوچھا کہ سوالات کیا ہوں گے، اگر مجھ سے پوچھا جاتا کہ کے پی میں بڑی کرپشن ہو رہی ہے تو میں کہتا جی بالکل ہو رہی ہے، ہم اتحادی حکومت میں ہیں جب یہ اتحاد بنا تو طے ہوا کس جماعت کو کونسی وزارت ملےگی، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ اب اتحادیوں کی ضرورت نہیں تو اس کے ساتھ یہ چیز بھی منسلک ہے۔

'وزیراطلاعات پنجاب جس طرح بات کرتی ہیں مناسب نہیں سمجھتا کہ جواب بھی دوں'

ان کا کہنا تھا کہ میرے بیان کے آدھے گھنٹے بعد ہی وزیراطلاعات پنجاب نے جارحانہ پریس کانفرنس کی، ان کی وزیراطلاعات جس طرح مخاطب ہوتی ہیں اور بات کرتی ہیں مناسب نہیں سمجھتا کہ جواب بھی دوں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کی معاملے کو ٹھیک کرنے کی کوشش وزیراطلاعات پنجاب نے خراب کردی، وفاقی وزیراطلاعات سے ملاقات ہوئی تو ساری بات ان کو بتائی، انھوں نےکہا کہ شام کو میں بیان کی وضاحت دے دوں گا، پھر ان کا بیان بھی آیا، بات وہی ختم ہوجاتی لیکن میڈم جب اٹک گئیں نجانے ان کو کس نے کیا بتایا کہ اس طرح کی باتیں کردیں، میڈم کا خود بھی غالباً کل والا بیان تو بہت ہے بیلو دی بیلٹ ہے، مجھ سے وزیراعظم نے اس معاملے پر کوئی رابطہ نہیں کیا۔

'پاکستان کا یہ پہلا واقعہ ہےکہ صوبےکے ایگزیکٹو نےکسی کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا'

چوہدری سالک کے مطابق میں انا یا ذاتی مفاد کے لیے بات نہیں کرتا، عزت نفس کو چھیڑیں گے تو رد عمل ملےگا، نہیں سوچا کہ میرا بھائی بھی پنجاب حکومت میں ہے تو یہ بات نہ کروں محتاط رہوں، جو حقیقت ہے وہ حقیقت ہے، ثبوت ضرور پیش کروں گا ہوسکتا ہےکہ میرے پاس کچھ ایسی چیزیں ہوں جو ابھی سامنے نہیں آئیں، یہ تو عدالت میں پتا چلےگا، عدالت میں تو انھوں نے مجھے لے کر جانا ہے، پاکستان کا یہ پہلا واقعہ ہےکہ صوبےکے ایگزیکٹو نےکسی کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا، میں نے تو پنجاب حکومت کی بات کی انھوں نے اپنے اوپر لے لیا، ایسی چیزوں کی نشاندہی کرنا کسی کی ہتک عزت نہیں ۔

'جو ملک سے باہر بیٹھے ہیں ہمارا ان سے کیا لینا دینا'

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو ملک سے باہر بیٹھے ہیں ہمارا ان سے کیا لینا دینا، ہم نے ان کے خلاف الیکشن لڑا ہے، شاید ہمیں نیچا دکھانےکے لیے یہ ہمیں ان کے ساتھ ملا رہے ہیں، انھوں نے چوہدری شجاعت حسین کو ق لیگ کی صدارت سے بھی ہٹانے کی کوشش کی تھی، ہماری نیت اتحاد کے وقت بھی ٹھیک تھی اب بھی ٹھیک ہے، آگے سے کیا ہوتا ہے یہ ان کا ظرف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2025میں ایلیٹ فورس دی تھی اور اب انھوں نے واپس لے لی، ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو کہا گیا کہ اگر رات 12 تک واپس نہ آئے تو معطل کردیا جائےگا، اگر وہ اگلی ارینجمنٹ کی تفصیل بتا دیتیں تو میرے لیے بھی آسانی ہوجاتی مجھے آئیڈیا نہیں،میں نے جب یہ بیان دیا تو اس کے پیچھے کوئی محرکات نہیں تھے۔

پنجاب حکومت نے میری سکیورٹی واپس لے لی ہے: چوہدری سالک حسین

وزیراعلیٰ پنجاب نے وفاقی وزیر سالک چوہدری کو لیگل نوٹس بھجوادیا

بشکریہ جیو نیوز