قدرتی آفات: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

فائل فوٹو
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی کے مطابق پاکستان میں قدرتی آفات سے سالانہ 2 ارب ڈالر نقصان ہوتا ہے، اس قرض سے پاکستان کی قدرتی آفات سے نمٹنےکی صلاحیت بہترہوگی، قرض قدرتی آفات کےبعد فوری بجٹ معاونت فراہم کرنے کے لیے ہوگا۔
اے ڈی بی کا کہنا ہےکہ پاکستان میں سیلاب، زلزلے اور دیگر آفات سے معاشی نقصانات ہوتے ہیں، 2022 کے سیلاب سے پاکستان کو 14.9 ارب ڈالر براہ راست نقصان ہوا، 2022 کے سیلاب سے 15.2 ارب ڈالر کے معاشی نقصانات ہوئے جب کہ91 لاکھ افراد غربت کا شکار ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں
گلگت بلتستان، پختونخوا اور آزاد کشمیر میں جھیلوں کے پھٹنے کے باعث ممکنہ سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری
سیلاب کے باعث ملتان دباؤ میں ہے، آئندہ 2 دن آسان نہیں ہوں گے: ڈی جی پی ڈی ایم اے
پنجاب اور کے پی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی سے متعلق رپورٹ جاری
اے ڈی بی کے مطابق قدرتی آفات سے غریب اور دیہی آبادی سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے، خواتین اور لڑکیاں قدرتی آفات سےغیر متناسب طور پر متاثر ہوتی ہیں، اس پروگرام سے آفات سے بچاؤ اور خطرات کے انتظام میں بہتری آئےگی، پاکستان کی ترقیاتی منصوبہ بندی میں قدرتی آفات سے تحفظ شامل ہوگا، آفات کے بعد مالی وسائل کی دستیابی بہتر بنائی جائےگی اور پاکستان کا ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ نظام مضبوط بنایا جائےگا۔
اےڈی بی کے مطابق آفات سے پہلے تیاری انسانی جانیں اور معاشی وسائل محفوظ بناسکتی ہے، تیاری سے مستقبل کے معاشی نقصانات کم کیے جاسکتے ہیں، پاکستان میں قدرتی آفات سے متاثرہ کمزور طبقات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، پاکستان کی آفات سے نمٹنےکی استعداد بڑھانے کے لیے معاونت جاری رہےگی۔
بشکریہ جیو نیوز