پنجاب حکومت نے میری سکیورٹی واپس لے لی ہے: چوہدری سالک حسین

فوٹو: فائل
پنجاب حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی سکیورٹی واپس لے لی گئی۔
چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے میری سکیورٹی واپس لے لی ہے، ایلیٹ فورس کی سکیورٹی ڈیڑھ سال سے میرے ساتھ تھی۔
چوہدری سالک حسین سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے پنجاب میں کرپشن کا الزام لگایا، کیا ان کا اشارہ مریم نواز کی طرف تھا؟ جس پر چوہدری سالک حسین نے جواب دیا کہ میں نے مریم نواز کا نام نہیں لیا تھا۔
چوہدری سالک حسین سے سوال کیا گیا کہ آپ کے بھائی شافع حسین پنجاب میں وزیر ہیں، کیا وہ استعفی دے رہے ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ شافع حسین کو میرے بیان دینے کا علم نہیں تھا اور استعفے کا جواب بھی وہی دے سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وفاقی وزیر سالک چوہدری کو لیگل نوٹس بھجوادیا
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ انہوں نے نوٹس کا جواب تیار کرلیا ہے جو چند دن میں سامنے آجائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو الزامات لگانے پر ہرجانےکا نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک کے پاس ثبوت ہے تو سامنےلائیں ورنہ عدالت میں گھسیٹوں گی، آپ وفاقی وزیر ہیں، الزام نہ لگائیں، ثبوت پیش کریں، چوہدری سالک کو ہرجانےکا نوٹس بھجواؤں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا تھا کہ وہ پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ غرور اور تکبر سے بچائے، بیان پرقائم ہوں، پنجاب میں کرپشن ہورہی ہے، ڈی سی لگوانے کی کوئی بات نہیں، ڈی سی پہلے ہی لگا ہوا تھا۔
چوہدری سالک نے کہا کہ انسان کے پاس اختیار آتا ہے تو اسے عاجز رہنا چاہیے، میں نے سچائی سے جواب دیا، پنجاب میں بالکل کرپشن ہورہی ہے، ان معاملات کا تعلق صوبوں کے حوالے سے نہیں۔
بشکریہ جیو نیوز