منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید اضافی پانی آج چھوڑے جانےکا امکان، پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع

پاکستان
تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید اضافی پانی آج چھوڑے جانےکا امکان، پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع

فوٹو: اسکرین گریب

تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید اضافی پانی آج رات چھوڑے جانے کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں دریا ئے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

اٹک اور ہری پور اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ اٹک کی دریائے سندھ کے قریب چھچھ گاؤں کے شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تحصیل حضرو کے مختلف علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں، حضرو انتظامیہ کی جانب سے مختلف مساجد میں اعلانات کیے گئے۔

تربیلاڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے پرکنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران ایک حصہ گرگیا

شام میں تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

مشیر آبپاشی کے مطابق دریائے سندھ میں ہنڈکے مقام پرپانی کابہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم کرکے ایک ہزار 490 فٹ تک لائی جا رہی ہے، ڈیم میں پانی کی سطح کم کرنے کا عمل دوپہر 12 بجے تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے پر کنکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا تھا جس کے باعث پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔

ترجمان واپڈا کا کہنا تھا کہ ان ٹیک پٹ سے پانی بھی مکمل طور پر نکال دیا گیا، منصوبے کی مین ٹنل ، زیر تعمیر پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تمام مقامی اور غیر ملکی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ترجمان واپڈا نےتربیلا کی ٹنل نمبر پانچ منہدم ہونےکی اطلاعات غلط قرار دیدیں، ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام روک دیا گیا۔

بشکریہ جیو نیوز