منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فیصل آباد میں سیلز گرل پر تشدد کا واقعہ اور مریم نواز کا سخت موقف: ’تھپڑ کے جواب میں تھپڑ‘ زیرِ بحث کیوں؟

پاکستان
فیصل آباد میں سیلز گرل پر تشدد کا واقعہ اور مریم نواز کا سخت موقف: ’تھپڑ کے جواب میں تھپڑ‘ زیرِ بحث کیوں؟

پولیس اہلکار کے ہمراہ ایک شخص کمرے میں داخل ہوتا ہے۔ ان کے ہاتھ پیچھے کی طرف ہتھکڑی سے بندھے ہیں اور ہتھکڑی پولیس اہلکار نے تھام رکھی ہے۔

یہ ویڈیو پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر جاری کی ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کمرے میں ایک خاتون کرسی پر بیٹھی ہیں، انھوں نے ماسک سے چہرہ ڈھانپ رکھا ہے اور قریب ہی خاتون پولیس اہلکار کھڑی ہیں۔

اس شخص کے کمرے میں داخل ہوتے ہی خاتون اپنی نشست سے اٹھتی ہیں اور انھیں تھپڑ مارنا شروع کر دیتی ہیں۔ ایسا کرنے کے ساتھ وہ غصے سے کہتی ہیں ’جرات کیسے ہوئی تھی تمھیں۔‘

ان کے قریب کھڑی خاتون پولیس اہلکار انھیں روکنے کی کوشش کرتی ہیں، جبکہ کیمرے کے پیچھے موجود ایک اور شخص کی بھی آواز آتی ہے، ’بس بس!‘

پیر (نو نومبر) کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اس ویڈیو پر مریم نواز نے لکھا: ’اگر کوئی کسی غریب یا کمزور پر ہاتھ اٹھاتا ہے تو اب جواب کے لیے بھی تیار رہے۔‘

اس واقعے کے پس منظر کی وضاحت کے لیے مریم نواز نے فیصل آباد پولیس کا ایک بیان بھی شیئر کیا۔

فیصل آباد پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو ’دکان کے اندر ایک سیلز گرل پر تشدد کرتے ہوئے دکھایا گیا۔‘

بیان کے مطابق جب اس واقعے کی تحقیقات کی گئی تو معلوم ہوا کہ مذکورہ خاتون ایسی دکان پر کام کرتی ہیں جہاں خواتین کے زیر جامے فروخت کیے جاتے ہیں۔ وہ اس وقت ڈیوٹی پر موجود تھیں جب دکان کے مالک کرایہ وصول کرنے کے لیے آئے۔

فیصل آباد پولیس کے بیان میں درج ہے کہ: ’سیلز گرل نے اسے یہ کہتے ہوئے دکان سے جانے کا کہا کہ یہ خواتین کے زیر جامہ کی دکان ہے اور کرائے کے سلسلے میں کاروباری مالک محمد رمضان سے رابطہ کیا جائے۔‘

الزام کے مطابق دکان مالک ’غصے میں آ گئے اور سیلز گرل پر تشدد کیا۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ کاروباری مالک محمد رمضان یا مذکورہ سیلز گرل کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کی کوئی درخواست موصول ہوئی اور نہ ہی پولیس کی ہیلپ لائن 15 پر کوئی اطلاع دی گئی تھی۔

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مریم نواز نے فیصل آباد پولیس کا جو بیان پوسٹ کیا، اس میں دو تصاویر بھی ہیں جن میں سے ایک میں ملزم کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور دوسری میں وہ سلاخوں کے پیچھے کھڑے ہیں۔

اگر مقدمہ درج کرنے کی کوئی درخواست پولیس کو موصول نہیں ہوئی تھی تو پھر گرفتاری کیسے کی گئی؟ اس کا جواب فیصل آباد پولیس کے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے سوموار (نو نومبر) کو کی گئی ایک پوسٹ سے ملتا ہے۔

اس پوسٹ میں دکان میں پیش آنے والے تشدد کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کی گئی ہے اور ساتھ لکھا ہے کہ سینٹرل پولیس آفیسر کے نوٹس پر پولیس نے خاتون پر تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

فیصل آباد پولیس کی اس پوسٹ کے ساتھ مریم نواز کی تصویر بھی لگائی گئی ہے اور ساتھ انگریزی میں لکھا ہے: ’نیور اگین۔‘ یعنی اس طرح کا واقعہ دوبارہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔

دوسری جانب مریم نواز نے اپنی پوسٹ میں اس واقعے کو کمزور افراد کے تحفظ سے جوڑتے ہوئے مزید تبصرہ بھی کیا۔

ویڈیو کے ساتھ انھوں نے لکھا: ’کوئی بھی شخص، خواہ وہ کتنا ہی امیر، با اثر یا طاقت ور کیوں نہ ہو، اب کسی عام شہری کو دھمکا یا نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

’وزیر اعلیٰ کمزور اور مظلوم کے ساتھ کھڑی ہوں گی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔

’اب امیر کو غریب پر اور طاقت ور کو کمزور پر ظلم کرنے کی کھلی چھوٹ نہیں ملے گی۔ حکومت جواب دے گی!‘

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو اور مریم نواز کے مؤقف پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔

بعض صارفین نے اسے کمزور طبقے کو انصاف دلانے کی ’علامتی کوشش‘ قرار دیا، جبکہ بعض نے سوال اٹھایا کہ آیا کسی ملزم کو پولیس حراست میں مدعی کے سامنے لانا اور اس کی تذلیل کی اجازت دینا قانون کی حکمرانی کے اصولوں سے مطابقت رکھتا ہے یا نہیں۔

اس تناظر میں کئی تبصرہ نگاروں نے اس اقدام کے قانونی اور اخلاقی پہلوؤں پر بحث کی ہے۔

صحافی بلال غوری نے لکھا کہ انھیں مریم نواز کی نیت پر شبہ نہیں، تاہم ان کے بقول طریقۂ کار درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت ایسے واقعات کی روک تھام چاہتی ہے تو اس کے لیے قانون سازی کی جا سکتی ہے اور عدالتوں کو مناسب سزا کا اختیار دیا جا سکتا ہے۔

بلال غوری کے مطابق پولیس حراست میں موجود ملزم کو مدعی کے رحم و کرم پر چھوڑنا قانون کی حکمرانی کے بجائے لاقانونیت کی مثال ہے۔

اسی نوعیت کی رائے بعض دیگر صارفین نے بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انصاف کا نظام موجود ہے تو سزا اور جزا کا فیصلہ عدالتوں کو کرنا چاہیے، نہ کہ افراد کو خود اپنے طور پر بدلہ لینے کی ترغیب دی جائے۔

سوشل میڈیا صارف مصدق جی مغل نے اس واقعے کو ’تھانہ کلچر میں ایک نیا باب‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اگر پولیس سٹیشن یا پولیس کی نگرانی میں ایک فریق کو دوسرے فریق کو تھپڑ مارنے کی اجازت دی جائے تو یہ انصاف نہیں بلکہ لاقانونیت ہے۔

اسی مؤقف کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈاکٹر رابعہ خان نے سوال اٹھایا کہ اگر ریاستی سطح پر ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے تو اس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ماورائے عدالت کارروائیوں کی طرح ماورائے عدالت سزا سے صوبہ پنجاب ’پتھر کے دور‘ میں واپس جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارف شکیل احمد ترابی نے بھی اس معاملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگ خود ہی بدلہ لینے لگیں تو پھر ریاستی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے نظام کی موجودگی کا جواز سوالیہ نشان بن جاتا ہے۔

انھوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ منتخب نمائندوں کو ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کے بجائے قانونی طریقہ کار کو مضبوط بنانا چاہیے۔

دوسری جانب کچھ صارفین نے متاثرہ خاتون کے ردِعمل کو قابلِ فہم قرار دیا۔

سوشل میڈیا صارف اظہر محمود کے مطابق ملزم کو تھپڑ مارنا کوئی باقاعدہ قانونی سزا نہیں بلکہ ایک ’علامتی بے عزتی‘ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس شخص نے ایک کمزور خاتون پر ہاتھ اٹھایا، اس کی عوامی سطح پر تذلیل بھی ضروری تھی تاکہ معاشرے میں ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی ہو۔

ان کے بقول صرف قانونی سزائیں ہی نہیں بلکہ ’بے عزتی کا خوف‘ بھی بعض اوقات جرائم کی روک تھام میں کردار ادا کرتا ہے۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں۔

اس سے پہلے بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جب کسی فرد پر تشدد کیے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہو، بعد میں متاثرہ شخص نے تشدد کرنے والے کو پولیس کی موجودگی میں تھپڑ مارے ہوں اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس عمل کی حمایت کی ہو۔

اس سے پہلے مریم نواز نے 23 اکتوبر کو لاہور کے پیٹرول پمپ پر ملازم پر تشدد کرنے والے شخص کی پولیس کی تحویل میں ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں تشدد کا شکار ملازم ملزم پر تھپڑوں کی بارش کر رہا ہے۔

اس ویڈیو کے ساتھ مریم نواز نے لکھا تھا کہ ’یہ اُن لوگوں کے لیے زور دار طمانچہ ہے جو دولت اور طاقت کے بل پر خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔‘

اس کے بعد لاہور میں ہی ایک اور واقعہ پیش آیا تھا جس میں سکوٹر پر جانے والی ایک لڑکی کو مبینہ طور پر راستہ نہ دینے پر ایک شخص نے سرِ عام تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد منڈی بہاؤالدین میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا: ’میں نے تھانے میں بچی سے کہا کہ ملزم تمہارے سامنے بیٹھا ہے جتنے تھپڑ اس نے تمہارے منھ پر مارے ہیں، اُتنے تھپڑ تم اس کے منھ پر مارو۔‘

اس معاملے پر وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے بھی سوال کیا گیا تھا۔

انھوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ نے ایک ماں اور بہن کے طور پر سوچا ’اور یہ انسانی جذبات ہیں۔ ہیومن ایموشنز (انسانی جذبات) کئی دفعہ انسان کو مجبور کرتے ہیں کہ مظلوم کا ساتھ دیا جائے۔‘

ٹیلی وژن چینل ہم نیوز کے اینکر منصور علی خان کو انٹرویو میں عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا: ’یہ مریم نواز کا اظہار ہمدردی کا ایک طریقہ تھا۔‘

ان سے پوچھا گیا، کیا یہ طریقہ قانونی بھی ہے؟ تو وزیرِ اطلاعات کا جواب تھا: ’اس بحث میں تو میں جا ہی نہیں رہا۔‘

ماضی کے اُن واقعات پر بی بی سی نے قانونی ماہرین اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی رائے لی تھی۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے چیئر پرسن اسد اقبال بٹ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے بیانات کو ’سمجھ سے باہر‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گذشتہ آٹھ مہینے میں سینکڑوں لوگوں کو 'عدالت میں پیش کیے گئے بغیر مارا گیا۔'

خیال رہے حالیہ دنوں میں پولیس کی حراست میں ملزمان کی ہلاکت پر سوال اُٹھائے گئے ہیں۔

بی بی سی نیوز اُردو کے نامہ نگار اسد صہیب سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’کیا اس طریقے سے جرائم ختم ہوں گے؟ نہیں، جرائم تب ہی ختم ہوں گے جب عدالتیں لوگوں کو سزائیں سنائیں گی۔‘

اسد اقبال بٹ نے کہا تھا کہ جرائم اس وقت تک ختم نہیں ہو سکتے جب تک ’پولیسنگ ٹھیک نہیں ہو گی، تفتیشی طریقہ کار ٹھیک نہیں ہو گا۔‘

اسی نوعیت کے تحفظات کا اظہار قانونی ماہر عابد ساقی ایڈووکیٹ نے بھی کیا تھا۔

بی بی سی نیوز اُردو کے نامہ نگار اسد صہیب سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’قانون زیرِ حراست ملزم پر تشدد کی اجازت نہیں دیتا، لہذا وزیرِ اعلیٰ خود ایسے اقدامات پر اُکسا کر قانون کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہیں۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’قانون یہ کہتا ہے کہ زیرِ حراست ملزم پر نہ تو تشدد ہو سکتا ہے اور نہ ہی اسے ہلاک کیا جا سکتا ہے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’قانون یہ کہتا ہے کہ سزا دینے کا اختیار پولیس کے پاس نہیں ہے بلکہ یہ عدالتوں کا کام ہے، یا تو پھر عدالتوں کے اختیارات بھی پولیس کو دے دیے جائیں تو پھر تو اس پر کوئی اعتراض نہیں کرے گا۔

’لیکن اگر آئین میں انصاف کی فراہمی کی ذمے داری عدالتوں کو سونپی گئی ہے تو پھر اُنھیں اپنا کام کرنے دینا چاہیے۔‘

بشکریہ بی بی سی اردو