منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

24 گھنٹے 24 منٹ میں 23 ہزار 155 کلومیٹر کی نان اسٹاپ پرواز، گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

پاکستان
24 گھنٹے 24 منٹ میں 23 ہزار 155 کلومیٹر کی نان اسٹاپ پرواز، گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

فوٹو: فائل

ائیربس نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ اس کے الٹرا لانگ رینج طیارے اے 350-1000 نے پراجیکٹ سن رائز کے تحت 24 گھنٹے اور 24 منٹ کی نان اسٹاپ پرواز کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔

27 جولائی 2026 کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے فرانس کے شہر ٹولوز تک کی اس پرواز میں طیارے نے 23 ہزار 155 کلومیٹر کا فاصلہ بغیر رکے طے کیا۔ اس دوران طیارے نے بحرالکاہل اور بحرِ اوقیانوس عبور کرتے ہوئے آسٹریلیا، شمالی امریکا اور یورپ کا سفر کیا۔

پرواز کے دوران مسافروں اور عملے نے دو غروبِ آفتاب اور دو طلوعِ آفتاب دیکھے۔ طیارے میں مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے، جن میں ایئربس کے ٹیسٹ پائلٹس اور انجینئرز، دو کنٹاس پائلٹ، ایک ڈیزائن انجینئر اور انٹرنیشنل ایئروناٹیکل فیڈریشن (ایف اے آئی) کا ایک نمائندہ شامل تھا۔

یہ ریکارڈ صرف طویل فاصلے یا پرواز کے دورانیے تک محدود نہیں بلکہ جدید طیاروں کی انجینئرنگ، ایندھن کے انتظام، آپریشنل منصوبہ بندی اور انسانی برداشت کی صلاحیتوں کا بھی مظہر ہے۔

پہلے طیارے کی ڈیلیوری اپریل 2027 میں شیڈول ہے جبکہ اسی سال کے آخر میں کمرشل آپریشنز شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

بشکریہ جیو نیوز