نئے صوبوں کے بننے یانہ بننے سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے، رانا ثنا اللہ

فوٹو: فائل
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہےکہ نئے صوبوں کے بننے یا نہ بننے سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ' آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ'میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر قانونی سازی ابھی اور عمل اگلے انتخابات کے بعد ہوگا تو کیا یہ قابل عمل بات لگتی ہے؟ پارلیمنٹ وہ فورم ہے جہاں ریفرنڈم ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ ہوگا، پارلیمنٹ وہ فورم ہے جہاں فیصلہ ہونا ہےکہ ریفرنڈم کا سوال کیا ہوگا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ 26 ویں ترمیم پر تو ڈیڑھ ماہ ہم سب مولانا فضل الرحمان کے در پر بیٹھے رہے تھے، تین تین جماعتیں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے بیٹھی ہوئی ہوتی تھیں، 26 ویں آئینی ترمیم کی ایک ایک شق پر مباحثہ ہوا اور پھر اتفاق رائے ہوا،27 ویں ترمیم میں آئینی عدالت بنی تو یہ وہی 26 ویں ترمیم کا نامکمل ایجنڈا تھا، ہم تو نمبر پورے کرنے کے بعد ترمیم پارلیمنٹ میں لانے کے حق میں ہیں، 28 ویں ترمیم سے متعلق ابھی حکومت کی کوئی تیاری نہیں کی کہ کسی سے مشاورت کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم میں اختیارات وفاق سے صوبوں کو گئے، صوبوں نے اختیارات آگے نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے، اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے، یہ مسئلہ صوبوں کے ذریعے، چھوٹے یونٹس یا بلدیاتی نظام سے دور ہوسکتا ہے، این ایف سی کی طرز پر پی ایف سی ہوجائے، پیسہ یوسی کو ملے تو سارے اخیتارات آجائیں گے، آئینی تحفظ نہ ملنے تک بلدیاتی ادارے کیسے مضبوط ہوسکتے ہیں؟
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کا مسئلہ دہشت گردی ہے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر پڑا جنریٹر نہیں، ہمیں پاکستان کو درپیش مسئلے پر توجہ دینی چاہیے اور اس پر کام کرنا چاہیے، مولانا فضل الرحمان کی ہم سے مختلف رائے ہے تو ان سے مکالمہ کیا جاسکتا ہے، اگر لوگوں کو آنے جانے میں مسئلہ ہے تو مولانا فضل الرحمان سے کہا جاسکتا تھا کہ کیبن اور جنریٹر ہٹادیں، ہم کئی بار مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ گئے، وزیراعظم اور محسن نقوی بھی جاتے رہے ہیں، ہمیں تو گھرکے باہر وہاں سکیورٹی کیبن یا جنریٹر رکاوٹ نہیں لگا، اب دوبارہ جاکر دیکھیں گےکہ وہ کیبن اور جنریٹر رکاوٹ ہے یا نہیں۔
انہوں نےکہا کہ کابینہ میٹنگ میں وزیراعظم یا کسی نے بھی مولانا کو دیےگئے نوٹسز پر بات نہیں کی، میں نے یہ بات کی تھی کہ ضروری نہیں کہ ہم مولانا کی رائے سے متفق ہوں اختلاف احترام کے ساتھ کرنا چاہیے، مولانا فضل الرحمان سے بھی گزارش کروں گا کہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو پائیں، مولانا فضل الرحمان جس طرح سے چیلنج کرتے ہیں اور تو تکار سے بات کرتے ہیں وہ بھی مناسب نہیں، ضرورت ہے کہ وزیرعظم کی سطح سے مداخلت ہو ، دونوں طرف احترام رکھا جاتا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ملاقاتوں کا مس یوز روک دیں تو ملاقاتیں شروع ہوجائیں گی،سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد بھی یہ مسئلہ ہوا ہے ان کا حوالہ دے کر کہا گیا بلڈپریشر بڑھ گیا، یہ بات غلط ہے بانی پی ٹی آئی کو بلڈ پریشر بڑھنےکا کوئی مسئلہ نہیں ہے، علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں ڈاکٹرز جو تجویز کریں گے فوری طور پر عمل ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے میں پہلے بھی کوئی کوتاہی نہیں کی گئی۔
بشکریہ جیو نیوز