شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسزکا آپریشن، مساجد میں قائم فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگرد ٹھکانےکلیئر

فوٹو: اسکرین شاٹ
شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی موزک گاؤں میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں مساجد میں قائم فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد ٹھکانے کلیئرکر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی موزک گاؤں میں 8 نومبر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے مساجد میں اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے تھے، جہاں دھماکہ خیز مواد بھی ذخیرہ کیا گیا تھا۔ دہشت گرد ان مقامات سے تشدد کے مراکز بھی چلا رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ عبادت گاہوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات سے بے اعتنائی کا واضح ثبوت ہے، افغان طالبان کی پشت پناہی سے سرگرم ان خارجی دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ان کی جانب سے مذہب کی من پسند تشریح اور غلط استعمال ناقابل قبول ہے، خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام اس طرز عمل کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کاروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئےکہا ہےکہ مساجد میں دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنا اسلام اور مقدس مقامات کی بے حرمتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےکہا کہ فتنۃ الخوارج نے مساجد کو دہشت گردی اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا، مساجد میں ایسی سرگرمیاں انتہائی افسوس ناک ہیں۔
بشکریہ جیو نیوز